Skip to content

   

Masail by topic

Prayer

77 masail · The five prayers, the sunnahs and nawafil, qada, qasr and sajdah sahw.

نماز

Jumuah 1004 September 2026

(۳) سوال:مفتی صاحب مسئلہ یہ معلوم کرنا ہے کہ اگر فجر کی سنتیں چھوٹ جائیں تو کیا قضاء کرنا ضروری ہے؟ جواب سے نواز میں مہربانی ہوگی۔

جواب:قضاوقت کے بعد واجب کی ادائیگی کو کہتے ہیں اس معنی کے اعتبار سے کسی سنت کی قضا نہیں ہے لیکن اگر فجر کی نماز مع سنت کے چھوٹ جائے تو زوال سے پہلے پہلے فرض کے ساتھ سنت کی قضا کرنے کا بھی حکم تبعاً للفرض ہے اور زوال کے بعد کسی اور وقت میں صرف فرض کی قضا ہے مراقی الفلاح میں ہے:

ولم نقض سنۃ الفجر إلا بقوتہا مع الفرض إلی الزوال (حاشیۃ الطحطاوی علی المراقی: 453)

اسی طرح اگر فجر کی صرف سنت رہ گئی تو امام محمدرحمہ اللہ کے قول پرطلوع شمس کے بعد زوال سے پہلے تک اسے پڑھ لینے کو بہتر کہا ہے۔

قال محمد: وتقضی منفردۃ بعد الشمس قبل الزوال فلا قضا لہا قبل الشمس ولا بعد الزوال اتفاقا (حوالہ بالا: 453)

پس امام محمد رحمہ اللہ کے قول کی بنیاد پرطلوع آفتاب کے بعد فجر کی سنت پڑھ لینا جائز ہے۔ اللہ تعالی اعلم

Jumuah 1004 September 2026

(۴) سوال:صرف جمعہ وعیدین یا کبھی کبھی نماز پڑھنے والوں کا قرآن وحدیث کی روشنی میں شرعی حکم کیا ہے؟

جواب:نماز بالکلیہ نہ پڑھنے والوں یا صرف جمعہ وعیدین یا کبھی کبھی پڑھنے والوں کا قرآن وحدیث کی روشنی میں شرعی حکم کیا ہے؟ سعودی عرب کے مشہور عالم دین شیخ محمد بن صالح العثیمین نے اپنی کتاب ﴿حکم تارک الصلاة﴾ میں فقہاء وعلماء کی مختلف آراء تحریر کی ہیں : حضرت امام احمد ابن حنبل فرماتے ہیں کہ ایسا شخص کافر ہے ۔ اس کی سزا یہ ہے کہ اگر توبہ کرکے نماز کی پابندی نہ کرے تو اس کو قتل کردیا جائے۔ حضرت امام مالک اور حضرت امام شافعی کہتے ہیں کہ نماز کو چھوڑنے والا کافر تو نہیں؛ البتہ اس کو قتل کیا جائے گا۔ حضرت امام ابوحنیفہ فرماتے ہیں کہ اس کو قتل نہیں کیا جائے گا؛ البتہ حاکم وقت اس کو جیل میں ڈال دے گا اور وہ جیل ہی میں رہے گا، یہاں تک کہ توبہ کرکے نماز شروع کردے یا پھر وہیں مرجائے۔

حدیث میں ہے: عن عمر رضي اللہ عنہ قال: قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: الصّلاة عَمُودُ الدین (رواہ أبو نعیم في الحلیة)

اس حدیث شریف میں نماز کو دین کا ستون قرار دیا گیا ہے، گویا نماز کو قائم رکھنے والا اپنے دین کو قائم رکھنے والا ہے، اور نماز کو چھوڑدینے والا اپنے دین کو ڈھادینے والا ہے،

اور ایک حدیث شریف میں ہے: من ترک الصلاة لقي اللہ وہو علیہ غضبان (رواہ الطبراني)

یعنی جو شخص نماز چھوڑدے، وہ اللہ تعالیٰ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ اللہ تعالیٰ اس سے سخت ناراض ہوں گے۔ اس طرح کی ایک دو نہیں بے شمار حدیثیں ہیں، جن میں نماز چھوڑنے پر سخت سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں، بلکہ نماز میں سستی کرنے پر بھی طرح طرح کی وعیدیں وارد ہوئی ہیں۔ اور جس چیز پر وعید وارد ہو، یا اللہ تعالیٰ کی ناراضگی ہوتی ہو، وہ گناہ کا کام ہوتا ہے۔

بہرحال پانچ وقت کی فرض نمازیں چھوڑ کر صرف جمعہ یا سال میں صرف عید کی نماز پڑھنا ناانصافی ہے۔ اللہ نے جو روزانہ کی رحمتیں اور نعمتیں مقرر کی ہیں، ان سے بھی خود کو محروم کرنا ہے جو مناسب نہیں۔

Jumuah 9928 August 2026

(۵) سوال:مسئلہ یہ ہے کہ اگر امام صاحب نے آیت سجدہ پڑھی اور امام صاحب کو سجدہ کرنا یاد نہیں رہا تو پیچھے سے کوئی مقتدی سجدہ کرنے کے لیے لقمہ دے سکتا ہے یا نہیں ؟

جواب:آیتِ سجدہ پڑھنے کے باوجود اگر امام سجدہ نہ کرے تو مقتدی بطورِ لقمہ ”اللہ أکبر“ کہہ سکتا ہے۔ فقط واللہ اعلم

Jumuah 9817 July 2026

سوال:مفتی صاحب کیااگر کسی شخص نیکسی امام صاحب کو متعین کیا کہ میں زید کے پیچھے نماز پڑھ رہا ہوں جب نماز سے فارغ ہو ئے تو وہ بکر تھا کیا اس شخص کی اقتدا درست ہوء یانہیں ؟

جواب :مقتدی پر امام کا متعین کرنا لازم نہیں ۔ بل کہ افضل اس کا ترک کردینا ہے۔

اگر امام کے اقتدا کی نیت کی اور یہ اس کو خیال نہیں کہ وہ زید ہے یا عمر و ہے اس کویہ گمان ہے کہ وہ زید ہے اور وہ عمر تھا تو اقتدا صحیح ہوجائے گی۔

اور اگر یہ نیت کی میں زید کی اقتدا کرتا ہوں اور امام عمرو تھا تو جائز نہیں ۔ یعنی اس صورت میں اقتدا درست نہیں کہ امام کو اس کے نام سے معین کیا پھر کوئی غیر نکلا یعنی اقتدا میں امام موجود کی نیت نہ کی بلکہ اقتداء زید کی نیت کی تو اب اگر وہ عمرو ہوگا تو اقتدا درست نہ ہوگی کیونکہ نیت کا اعتبار ہے اور اس نے امام حاضر کے غیر کی اقتدا کی نیت کی اس لئے صحیح نہ ہوئی۔ (فتاوی ہندیہ )

Jumuah 9726 June 2026

سوال:مفتی صاحب مسئلہ یہ معلوم کرنا ہے کہ اگر فجر کی سنتیں چھوٹ جائیں تو کیا قضاء کرنا ضروری ہے؟ جواب سے نواز میں مہربانی ہوگی۔

جواب:قضاوقت کے بعد واجب کی ادائیگی کو کہتے ہیں اس معنی کے اعتبار سے کسی سنت کی قضا نہیں ہے لیکن اگر فجر کی نماز مع سنت کے چھوٹ جائے تو زوال سے پہلے پہلے فرض کے ساتھ سنت کی قضا کرنے کا بھی حکم تبعاً للفرض ہے اور زوال کے بعد کسی اور وقت میں صرف فرض کی قضا ہے مراقی الفلاح میں ہے:

ولم نقض سنۃ الفجر إلا بقوتہا مع الفرض إلی الزوال (حاشیۃ الطحطاوی علی المراقی: 453)

اسی طرح اگر فجر کی صرف سنت رہ گئی تو امام محمدرحمہ اللہ کے قول پرطلوع شمس کے بعد زوال سے پہلے تک اسے پڑھ لینے کو بہتر کہا ہے۔

قال محمد: وتقضی منفردۃ بعد الشمس قبل الزوال فلا قضا لہا قبل الشمس ولا بعد الزوال اتفاقا (حوالہ بالا)

پس امام محمد رحمہ اللہ کے قول کی بنیاد پرطلوع آفتاب کے بعد فجر کی سنت پڑھ لینا جائز ہے۔

Jumuah 9726 June 2026

سوال:میں بیمار رہتا ہوں میں نے دیكھا تھا كہ کرونا كے وقت میں ماسک لگا کر نماز پڑھ سكتے تھے، تو كیا اگر میں بیمار ہوں یا عام حالات میں ہوں تو ماسك لگاكر نماز پڑھ سكتے ہیں؟

جواب:حالت نماز میں منہ اور ناک بند کرکے نماز پڑھنا خلاف سنت اور مکروہ ہے؛ کیونکہ اس طرح نماز پڑھنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ہے؛ لیکن اعذار کی بنا پر شریعتِ اسلامی نے جس طرح بہت سی چیزوں میں رعایت برتی ہے اور حرج کو دور کرنے کی تلقین کی ہے اسی طرح اس سلسلے میں بھی شرعی تخفیف برتی جا سکتی ہے، چنانچہ مختلف وائرس جیسی مہلک اور متعدی بیماری سے بچنے کے لئے اگر وقتی اور عارضی طور پر ماسک پہن کر نماز پڑھی جائے تو شرعاً حرج نہیں۔

Jumuah 9726 June 2026

سوال:نمازی کے آگے سے گزرناکیسا ہے؟

جواب:نمازپڑھنے والے کے آگے سے چھوٹی مسجدیا چھوٹے مکان میں گزرنا ناجائزہے جب تک کہ اس کے آگے کوئی آڑ نہ ہو، اوراگرنمازی کے آگے سترہ(کم از کم ایک گز شرعی کے برابراونچی اور کم از کم ایک انگلی کے برابرموٹی کوئی چیز) ہوتو اس آڑ کے آگے سے گزرنا جائزہے، سترے اور نمازی کے درمیان سے گزرنا جائز نہیں۔ اور بڑی مسجد (کم ازکم چالیس شرعی گز یا اس سے بڑی مسجد)یا بڑامکان یا میدان ہو تواتنے آگے سے گزرناجائز ہے کہ اگر نمازی اپنی نظر سجدہ کے جگہ پر رکھے تو گزرنے والااسے نظر نہ آئے جس کا اندازہ نمازی کی جائے قیام سے تین صف آگے تک کیا گیا ہے یہ اندازہ کھلے میدان یا بڑی جگہ کے بارے میں ہے۔چھوٹی مسجدیا محدود جگہ کے لیے نہیں ہے،لہذا چھوٹی مسجد یا محدود جگہ میں اتنی فاصلے سے بھی گزرنادرست نہیں، بلکہ نمازی کی نماز کے ختم ہونے کاانتظارکیاجائے، اس لیے کہ نمازی کے آگے سے گزرنے پر حدیث شریف میں شدید وعیدیں آئی ہیں، چناں چہ مشکاۃ شریف کی روایت میں ہے:

”حضرت ابوجہیم رضی اللہ تعالیٰ عنہ راوی ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: نمازی کے آگے سے گزرنے والا اگر یہ جان لے کہ اس کی کیا سزا ہے تو وہ نمازی کے آگے سے گزرنے کے بجائے چالیس تک کھڑے رہنے کو بہتر خیال کرے۔ (اس حدیث کے ایک راوی) حضرت ابونضر فرماتے ہیں کہ چالیس دن یا چالیس مہینے یا چالیس سال کہا گیا ہے۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)“۔

مذکورہ حدیث کی تشریح میں صاحبِ مظاہرحق علامہ قطب الدین خان دہلوی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

”حضرت امام طحاوی نے ”مشکل الآثار“ میں فرمایا ہے کہ یہاں چالیس سال مراد ہے نہ کہ چایس مہینے یا چالیس دن۔ اور انہوں نے یہ بات حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی اس حدیث سے ثابت کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ آدمی جو اپنے بھائی کے آگے سے اس حال میں گزرتا ہے کہ وہ اپنے رب سے مناجات کرتا ہے (یعنی نماز پڑھتا ہے)، وہ (اس کا گناہ) جان لے تو اس کے لیے اپنی جگہ پر ایک سو برس تک کھڑے رہنا زیادہ بہتر سمجھے گا بہ نسبت اس کے کہ وہ نمازی کے آگے سے گزرے۔ بہر حال!ان احادیث سے معلوم ہوا کہ نمازی کے آگے سے گزرنا بہت بڑا گناہ ہے جس کی اہمیت کا اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اگر کسی آدمی کو یہ معلوم ہو جائے کہ نمازی کے آگے سے گزرنا کتنا بڑا گناہ ہے اور اس کی سزا کنتی سخت ہے تو وہ چالیس برس یا حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی روایت کے مطابق ایک سو برس تک اپنی جگہ پر مستقلاً کھڑے رہنا زیادہ بہتر سمجھے گا بہ نسبت اس کے کہ وہ نمازی کے آگے سے گزرے“۔

Jumuah 9424 April 2026

(۳) سوال:ماسک لگا کر نماز پڑھنا کیسا ہے؟

جواب:حالت نماز میں منہ اور ناک بند کرکے نماز پڑھنا خلاف سنت اور مکروہ ہے؛ کیونکہ اس طرح نماز پڑھنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت نہیں ہے؛ لیکن اعذار کی بنا پر شریعتِ اسلامی نے جس طرح بہت سی چیزوں میں رعایت برتی ہے اور حرج کو دور کرنے کی تلقین کی ہے اسی طرح اس سلسلے میں بھی شرعی تخفیف برتی جا سکتی ہے، چنانچہ ;كسی وائرس جیسی مہلک اور متعدی بیماری سے بچنے کے لئے اگر وقتی اور عارضی طور پر ماسک پہن کر نماز پڑھی جائے تو شرعاً حرج نہیں۔  واللہ اعلم بالصواب۔

Jumuah 9310 April 2026

(۱) سوال:۔  ہماری آستین آدھی ہے اور ہم نے صرف نماز پڑھنے کے لئے کوئی دوسری آستین چڑھالی یا کوئی بڑا دو پٹہ اوڑھ لیا جس سے ہاتھ ڈھک جائیں تو کیا نماز ہوجائے گی؟ جواب سے نوازیں مہربانی ہوگی۔

جواب:آدھی آستین پہننے والی عورت اگر دبیز دوپٹہ وغیرہ سے اپنے ہاتھ کا کھلا ہوا حصہ چھپا لے تو شرعاً اس کی نماز درست ہوجائے گی؛ البتہ اگر دوپٹہ اتنا باریک ہو کہ اندر کا بدن صاف جھلکتا ہو تو اس کی نماز درست نہ ہوگی۔ (کتاب النوازل 412/3)

Jumuah 9310 April 2026

(۳) سوال:سجدہ سہو کی نیت کس طرح کریں؟

جواب:سجدہ سہو کے لئے الگ سے کوئی نیت نہیں ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جب تم میں سے کوئی شخص نماز پڑھنے کھڑا ہوتا ہے تو شیطان اس کے پاس آکر اس کو شبہ میں ڈالتا ہے تا آں کہ اسے پتا نہیں رہتا کہ اس نے کتنی رکعت نماز پڑھی ہے، لہذا جب تم میں سے کوئی اس طرح بات محسوس کرے تو اسے چاہئے کہ بیٹھے بیٹھے دو سجدے اور کرلے۔ (مسلم شریف 210/1، کتاب المسائل 327)

Jumuah 8920 February 2026

(۷) سوال:۔  تراویح کی رکعات کتنی ہیں؟

جواب:تعدادرکعات کے بارے میں کوئی مرفوع روایت موجودنہیں،البتہ اس بارے میں بعض احادیث میں مختلف تعداد صحابہ کرام ؓ سے منقول ہے۔تعداد رکعات کے بارے میں ایک روایت مصنف ابن ابی شیبہ میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے منقول ہے:

''ان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کان یصلی فی رمضان عشرین رکعۃ''\[مصنف ابن ابی شیبہ،باب من کان یری القیام فی رمضان،ج:۲،ص:۳۹۴۔ط:دارالقبلہ بیروت\]

نیزاسی طرح کی روایت التلخیص الحبیرمیں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے ان الفاظ میں منقول ہے کہ

''أنه صلى الله عليه وسلم صلى بالناس عشرين ركعة ليلتين فلما كان في الليلة الثالثة اجتمع الناس فلم يخرج إليهم ثم قال من الغد خشيت أن تفرض عليكم فلا تطيقوها''\[التلخیص الحبیر فی تخریج احادیث الرافعی الکبیر،باب صلوۃ التطوع،ج:۲،ص:۵۳۔ط:دارالکتب العلمیہ بیروت\]

اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل کو سب سے زیادہ جاننے والے صحابہ کرام ہیں اورصحابہ کرام ؓ کااتفاق ہے کہ تراویح کی رکعات بیس ہیں،بس صحابہ کرامؓ کابیس رکعات پراتفاق اس بات کی شہادت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تراویح بیس رکعات ہی پڑھائی ہیں۔فقط واللہ اعلم

Jumuah 835 December 2025

(۳) سوال:میرا سوال یہ ہے کہ میں دہلی سے مراد آباد کے لئے روانہ ہوا اور عشاء کی نماز کا وقت حالت سفر میں شروع ہوا لیکن میں نماز کا وقت نکلنے سے پہلے مقیم ہو گیا اب آیا مجھے نماز کو قصر کرنی ہے یا مکمل ادا کرنی ہے؟

جواب:اگر آپ نے نماز کا وقت حالت اقامت میں پالیا تو آپ مکمل نماز پڑھیں گے۔ آخری وقت کا اعتبار ہوتا ہے۔

Jumuah 8228 November 2025

(۳) سوال:کیا وتر کی نماز چھوڑنے سے عشاء کی نماز نہیں ہوتی اور عشاء کی فرض نماز ادا کرنے کا ثواب بھی نہیں ملتا، یہ بات کہاں تک درست ہے؟

جواب:واضح رہے کہ عشاء کے فرض ادا کرنے سے ادا ہوجاتے ہیں، اور اس کے ثواب میں کسی قسم کی کمی نہیں آتی، البتہ صرف فرض نماز پر اکتفاء کرنا اور واجب کو چھوڑ دینا درست نہیں،فرض نماز تو فرض ہے، اور وتر کی نماز واجب ہے، اور وتر کو مستقل طور پر چھوڑنے کی عادت بنانے والا گناہ گار ہوتا ہے۔

Jumuah 8014 November 2025

(۱) سوال:كسی بھی قضاء نماز كے وقت میں كتنا فرق ہوتا ہے، مثلاً عصر كی نماز مغرب كے وقت سے كتنا پہلے پڑھ لینی چاہئے؟

جواب:۔ وقت شروع ہونے یا ختم ہونے کے قریب نماز پڑھنے میں نیت ادا کی کریں گے، قضاء کی نہیں اور عصر کا یہ حکم ہے کہ سورج غروب ہونے میں اگر تھوڑی سی بھی دیر ہو تو ادا کی نیت سے عصر شروع کردیں، پھر خواہ درمیان میں سورج غروب ہوجائے تب بھی عصر کی نماز اداء ہی ہوگی، قضا نہ ہوگی۔

Jumuah 8014 November 2025

(۲) سوال:فجر كی سنتیں اكر رہ گئیں تو نماز كے بعد ادا كرنا ہوگا؟

جواب :قضا وقت کے بعد واجب کی ادائیگی کو کہتے ہیں اس معنی کے اعتبار سے کسی سنت کی قضا نہیں ہے لیکن اگر فجر کی نماز مع سنت کے چھوٹ جائے تو زوال سے پہلے پہلے فرض کے ساتھ سنت کی قضا کرنے کا بھی حکم تبعاً للفرض ہے اور زوال کے بعد کسی اور وقت میں صرف فرض کی قضا ہے۔

اسی طرح اگر فجر کی صرف سنت رہ گئی تو امام محمد رحمہ اللہ کے قول پر طلوع شمس کے بعد زوال سے پہلے تک اسے پڑھ لینے کو بہتر کہا ہے۔ پس امام محمد رحمہ اللہ کے قول کی بنیاد پر طلوع آفتاب کے بعد فجر کی سنت پڑھ لینا جائز ہے۔

Jumuah 797 November 2025

(۳) سوال:معلوم یہ كرنا ہے كہ گھر میں كسی ضرورت كی وجہ سے اندر نماز پڑھی جائے اور گھر میں دس سال سے زیادہ كا ایك بچہ ہو اور بیٹیاں ہو اور بیوی ہو تو امامت كس طرح كرے گا؟

جواب:امام سب سے آگے كھڑا ہوگا  اس كے پیچھے اس كا بیٹا كھڑا ہوگا اس كے بعد تیسری صف اس كی بیوی اور بیٹیاں كھڑی ہوں گی۔

Jumuah 748 August 2025

سوال:مقتدی نے امام کے ساتھ ایک طرف سلام پھیرا اسے لگا کہ میں نے التحیات مکمل نہیں پڑھا پھر اس نے التحیات مکمل پڑھ کر بعد میں سلام پھیرا ، امام کے سلام پھیرنے کے تھوڑی دیر بعد تو نماز ہوئی یا نہیں ؟ اور مقتدی پہلی رکعت سے ہی نماز میں شریک تھا؟

جواب:مقتدی نے جیسے ہی امام کے ساتھ سلام پھیرا اپنی التحیات پوری کرنے سے پہلے ، اسکی نماز پوری ہو گئی اب اسکو دوبارہ التحیات مکمل کر کے سلام پھیرنے کی ضرورت نہیں ہے، البتہ ایسا کرنا مکروہ تحریمی ہے، وقت رہتے ہوئے نماز کا اعادہ کرنا بہتر ہے۔

Jumuah 7225 July 2025

(۲) سوال:امام کا نماز کے اندر آخری قعدہ میں تشہد کے بعد وضو ٹوٹ جائے میں نے سنا ہے کہ اس کی نماز اور امامت صحیح ہے؟

جواب:صورت مسئولہ میں نماز میں قعدہ اخیرہ میں تشہد پڑھ لینے کے بعد نماز فاسد ہو گئی ہمثلا اس کا وضوٹوٹ گیا تو اس کے لیے وضو کر کے نماز کو پورا کرنا ضروری ہے، اگر وضو کر کے اس نماز کی بنا کرنا چاہتا ہے تو یہ بھی کر سکتا ہے کہ فوز اوضو کر کے نماز کی جگہ پر آکر نیت کر کے نماز کا سلام پھیر دے۔ باقی قعدہ اخیرہ میں تشہد کی مقدار بیٹھنے سے فرض ادا ہو جاتا ہے، لیکن اپنے اختیار سے نماز سے نکلنا اور سلام کر کے نکلنا واجب ہے ، اس لیے اگر خود بخود نماز فاسد ہوگئی تو چوں کہ اپنا اختیار نہیں پایا گیا؛ اس لیے نماز کو مکمل کرنا ضروری ہوگا ، اور اگر اپنے اختیار سے کیا لیکن سلام کے علاوہ کوئی اور عمل کیا تو اگر چہ فرض ادا ہو گیا ہے، لیکن واجب ترک کی وجہ سے اس کا اعادہ واجب ہو گا۔

Jumuah 7011 July 2025

(۱) سوال :حضرت میرا سوال یہ ہے جماعت کی نماز کے لیے مکبر کیسا ہونا چاہیے کیا غیر مشرع شخص تکبیر کہہ سکتا ہے، باشرع افراد کی موجودگی میں تکبیر کس کو پڑھنی چاہیے؟

جواب:داڑھی رکھنا واجب اور اس کو منڈوانا یا کترواکر ایک مشت سے کم کرنا ناجائز اور کبیرہ گناہ ہے۔اور اس کا مرتکب فاسق اور گناہ گار ہے،  ایسے شخص کا اذان اور اقامت کہنا مکروہِ تحریمی ہے، لہذا داڑھی والے لوگوں کی موجودگی میں یہ شخص اذان و اقامت نہ کہے، البتہ اگر غیر مشرع نے اذان یا اقامت دے دی ہو تو اس کو دوبارہ لوٹانا واجب نہیں ہے۔

Jumuah 6630 May 2025

(۴) سوال:مفتی صاحب ایک سوال تھا کہ اگر سری نماز ہے ظہر عصر والی امام کے پیچھے اگر امام صاحب نے رکعت شروع کر دیا ہے اور امید ہے کہ قرأت بھی شروع ہو گیا ہے تو کیا نماز میں شامل ہو کر ثنا پڑھنا پڑے گا یا خاموشی سے نماز کو ادا کر لیا جائے؟

جواب:سری نماز میں بعد میں شامل ہونے والا ثناء پڑھ کر شامل ہو جائے۔ البتہ جہری نماز کا حکم الگ ہے کہ اگر امام نے قرأت شروع کردی ہے تو ثناء نہ پڑھے۔

Jumuah 639 May 2025

(۱) سوال :اگر چار رکعت والی نماز جیسے ظہر کی نماز جس کو پڑھتے ہوئے کنفیوزن ہو جائے کہ ہم کون سی رکعت پڑھ رہے ہیں تو ہمیں کیا کرنا چاہئے؟

جواب:اگر شک پہلی مرتبہ ہو تو نماز کا لوٹا لینا ہی بہتر ہے اور اگر اکثر شک کی حالت پیش آتی ہے، تو غور و فکر کرنے کے بعد جس جانب ذہن کا رجحان غالب ہو، اسی کے مطابق عمل کرنا چاہیے، مثلا: اگر تین اور چار میں شک ہوا اور چار رکعت کا ظن غالب ہو، تو چارہی رکعات مان کر عمل کرنا چاہیے اور اگر غور و فکر کے باجود کسی جانب غالب گمان نہ ہو، تو کم رکعت پر بناء کرنی چاہیے، مثلا: اگر تین اور چار میں شک ہو ا، تو تین رکعات مان کر چوتھی رکعات پوری کرنی چاہیے؛ البتہ تیسری اور چوتھی دونوں رکعات پر قعدہ کرنا ضروری ہے اور آخر میں سجدہ سہو بھی لازم ہے۔

Jumuah 6111 April 2025

(۱) سوال :فرض نمازوں میں جو سنن و نوافل ہے کیا ان میں جہرا قرآت کرسکتے ہیں ؟

جواب:نوافل وسنن سرًّا ہی پڑھنی چاہیے، ہاں رات کے نوافل کو جہراً پڑھنے کی بھی گنجائش ہے۔

Jumuah 604 April 2025

(۴) سوال :اگر حالت سفر کی کچھ نمازیں جو قضا ہو گئی ہیں جو کہ مجھے قصر ادا کرنی تھیں اب میں اپنے گھر واپس آچکا ہوں تو کیا مجھے قضا نمازیں دو رکعت قصر پڑھنی ہوں گی یا مکمل چار رکعت ادا کرنی ہوگی ؟

جواب:جو نماز یں سفر کی حالت میں فوت ہو گئیں، ان کی قضاء میں قصر لازم ہے، یعنی چار رکعت والی فرض نماز ، دو رکعت ادا کی جائے گی، چاہے اپنے گھر پر قضاء کریں یا سفر ہی میں کریں۔

Jumuah 5814 March 2025

(۲) سوال :اگر ہم تراویح میں بھولے سے ہم نے ایک رکعت پڑھی ہے اور دوسری رکعت کے لئے کھڑے نہیں ہوئے تو سلام پھیرنے کے بعد رکعت دوبارہ پڑھے یا کیا کرے؟

جوابواضح رہے کہ امام اگر تراویح میں ایک رکعت پڑھا کر سلام پھیر دے تو اس رکعت میں کی گئی قراءت دوبارہ پڑھے گا۔ اور وہ رکعت بھی باطل ہو جائے گی۔

Jumuah 577 March 2025

(۳) سوال :کیا عشاء کی قضاء عمری نماز میں وتر بھی پڑھنا ہیں قضاء؟

جواب:جی ہاں عشاء کی قضا نماز میں چار فرضوں کے ساتھ تین وتر کی بھی قضا پڑھے گا۔

Jumuah 5628 February 2025

(۵) سوال :ایک ہال میں مرد اور حافظ اور دوسرے ہال میں خواتین ہو تو تراویح پڑھنا کیسا ہے؟

جواب:اگر ان دونوں ہالوں میں فاصلہ نہیں ہے، متصل ہیں نیز امام کی آواز دوسرے کمرے میں خواتین تک پہنچ جاتی ہے یا امام کے ایک رکن سے دوسرے رکن کی طرف منتقل ہونے کا علم ہوجاتاہے تو ایسی صورت میں اقتدا درست ہے، اور اگر دونوں کمروں کے درمیان دو صف کے بقدر فاصلہ ہے یا امام کی آواز دوسرے کمرے تک نہیں پہنچ پاتی اور نہ ہی امام کے حال کا علم ہوتاہے تو ایسی صورت میں اقتدا درست نہ ہو گی۔

Jumuah 5317 January 2025

(۲) سوال :قضاء عمری زیادہ ہونے کی وجہ سے اداء کے وقت رکوع اور سجدے کی تسبیح میں تخفیف کی جاسکتی ہے؟ کیا ایک مرتبہ تسبیح سے نماز ادا ہو جائے گی؟ جن میں ایک مرتبہ تسبیح پڑھی ہے ان کو لوٹانا تو نہیں پڑے گا؟

جواب:راجح قول کے مطابق حنفیہ کے یہاں رکوع اور سجدہ کی تسبیح سنت ہے۔ اور تین مرتبہ پڑھنا بھی سنت ہے، حنفیہ کا راجح قول یہی ہے، دوسرا قول حنفیہ کے یہاں ایک مرتبہ کہنے کے وجوب کا بھی ہے، کہ ایک مرتبہ کہنا واجب ہے۔ لہٰذا جتنی آپ نے پڑھ لی ہیں ان کا لوٹانا تو ضروری نہیں لیکن آئندہ خیال رکھیں کہ کم سے کم تین مرتبہ تسبیح پڑھ لیں۔

Jumuah 5210 January 2025

(۱) سوال :حضرت مفتی صاحب فوم کے گدے سائز میں بارہ ایم ایم موٹے ہیں ان پر نماز کے لیے بعضوں کا کہنا ہے کہ سجدہ میں سر ٹکتا ہے اور سختی محسوس ہوتی بعض اس کے بر عکس کہتے ہیں کیا ان پر نماز ادا ہوگی یا نہیں؟

جواب:ایسے فوم وغیرہ پر نماز پڑھنا جائز ہے، جس پر سجدہ کرنے کی صورت میں سر زمین پر ٹک جائے خواہ تھوڑا دباؤ کے ذریعے ٹکے اور زمین کی سختی محسوس ہو، البتہ اگرفوم اتنا دبیز ہو کہ سجدہ کرنے کی صورت میں دھنستا ہی چلاجائے اور ایک جگہ پر ٹکے نہیں تو ایسے فوم پر سجدہ ادا نہیں ہوگا۔

Jumuah 513 January 2025

(۱) سوال :طلوع آفتاب کے بعد نوافل یا قضاء نماز ادا کر سکتے ہیں؟

جواب:صورتِ مسئولہ میں طلوع آفتاب کے بعد یعنی آفتاب کا ذرا سا کنارہ بھی نکل آ ئے تو فجر کا وقت ختم ہوجاتا ہے اور یہ وقت مکروہ ہوتا ہے جس میں کسی بھی طرح کی نماز (یعنی نفل اور قضاء نماز) پڑھنا مکروہ ہے،اور جب سورج طلوع ہوجائے اور اس کی زردی زائل ہوجائے۔ یعنی سورج کم از کم ایک نیزہ کی مقدار بلند ہوجائے، جس کااندازہ دس منٹ سے لگایاجاسکتا ہے، اور اتنی روشنی اس میں آجائے کہ نظر ٹھہر نہ سکے،تو مکروہ وقت ختم ہوجاتا ہے،اور پھرنفل نماز پڑھنا یا قضاء نماز پڑھنا جائز ہو جاتا ہے۔

Jumuah 513 January 2025

(۲) سوال :میرے کارخانے میں لوگ کام کرنے کے لئے آتے ہیں اور میں انہیں فی گھنٹے کے حساب سے پیسے دیتا ہوں اور نماز کے اوقات میں انہیں نماز کے لئے بھیجتا ہوں تو کیا میں نماز کے اوقات کا پیسہ کاٹ سکتا ہوں؟

جواب:نماز کو اس کے وقت سے قضاء کردینا کبیرہ گناہوں میں سے ہے، اور اگر آپ اپنے ملازمین کو نماز ادا کرنے کا ٹائم دے کر روپئے کاٹ لیں تو ٹائم دینا کہاں ہوا؟ یا تو آپ ان کو کام کے لئے بات کرتے وقت ہی بتادیں کہ میں نماز کے اوقات کے پیسے کاٹ لوں گا، تو آپ کاٹ سکتے ہیں۔ اب ان کی مرضی ہوگی تو کام کریں گے ورنہ نہیں۔ لیکن کمائی کے ساتھ ساتھ آدمی کو دین کے فکر کی بھی ضرورت ہے، ہمیشہ لالچ میں دین کا نقصان کرنا کسی طرح عقلمندی کی بات نہیں ہے، اللہ تعالیٰ نے جس مقصد کے لیے انسان کو پیدا کیا ہے انسان کو اس کا ہروقت استحضار رکھنا چاہیے۔

Jumuah 5027 December 2024

(۳) سوال:کسی کی وجہ سے جماعت میں تاخیر کرنا کیسا ہے؟

جواب:نماز اپنے مقررہ وقت پر ہونی چاہئے، کسی خاص انسان کے انتظار میں نماز کو مؤخر کرنا مکروہ ہے جو لوگوں کی گرانی کا باعث ہو۔ لیکن اگر وہ شریر اور فتنہ پرور ہو تو دفع فتنہ کے واسطے انتظار کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں، بشرطیکہ وقت میں گنجائش ہو، نیز اگر وقت میں تنگی نہ ہو اور قوم پر گراں نہ گزرے، تو انتظار جائز ہے۔ لیکن انتظار کو عادت بنالینا یہ صحیح نہیں ہے۔

Jumuah 4920 December 2024

(۵) سوال:اگر نماز کے بیچ میں وضو ٹوٹ جائے تو وضو کرنے کے لیے کیا نمازی کے آگے سے گزرا جا سکتا ہے اور کیا اسکی کوئی گنجائش ہے؟ کیونکہ میںنے مفتی سعید خان صاحب جو کی علی میاں صاحب کے خلیفہ ہے اُنہوںنے اسے درست قرار دیا ہے۔

جواب:اگر صفوں سے بآسانی نکلنا ممکن نہ ہو تو نمازیوں کے آگے سے بھی گزرنا جائز ہے؛کیونکہ یہ نماز کی اصلاح کیلئے ہے اور نماز کی اصلاح کیلئے نمازیوں کے سامنے سے گزرنا جائز ہے؛لہذا وضو کیلئے جاتے وقت سامنے سے گزرکر جائے،اور واپسی تک اگر وہ جگہ خالی ہے توسامنے سے گزرکراس جگہ کو پُر کرے، اوراگرسامنے سے جانے کی جگہ نہ ہو تو صف کو چیر کر بھی جاسکتا ہے۔

Jumuah 4829 November 2024

(۴) سوال:قصر کی نماز کتنی رکعت ہوتی ہے؟

جواب:سفر شرعی میں صرف چار رکعت والی کو دو رکعت کے ساتھ پڑھی جاتی ہے۔

Jumuah 4722 November 2024

(۴)سوال:اگر ہم فجر کی نماز میں جماعت میں قائدہ اخیرہ شامل ہوں اور سنت چھوڑ دی تو بعد میں قضا کس وقت کریں؟

جواب:ایسی صورت میں آپ آفتاب طلوع ہونے کے کم سے کم 20 یا 25 منٹ بعد سنت پڑھ لیں۔

Jumuah 441 November 2024

(۳)سوال:اگر کوئی شخص بیٹھ کر نماز پڑھے اور وہ زمین پر سجدہ کرسکتا ہے۔ تو کیا وہ شخص اشارہ سے سجدہ کرے یا زمین پر سجدہ کریں۔ ایک مولوی صاحب نے کہا اس کو اشارہ سے نماز پڑھنا پڑے گا ورنہ نماز نہیں ہو گی۔ صحیح بات کیا ہے؟

جواب:اگر کوئی شخص قیام پر قادر نہیں ہے تو زمین پر بیٹھ کر رکوع اور سجدے کے ساتھ نماز پڑھے۔ اور اگر رکوع وسجدہ بیٹھ کر نہ کرسکتا ہو تو پھر رکوع وسجدے کا اشارہ کرکے پڑھے گا۔

Jumuah 4311 October 2024

(۱) سوال:ظہر سے پہلے کی چار رکعات سنت مؤکدہ ایک سلام کے ساتھ ہیں یا دو سلام کے ساتھ بھی پڑھ سکتے ہیں؟

جواب:ظہر کی فرض نماز سے پہلے چار رکعات سنت ایک سلام سے پڑھنا سنت مؤ کدہ ہے۔اس لیے اگر کوئی شخص ظہر کی فرض نماز میں شامل ہونے کے لیے دورکعت سنت پرسلام پھیردے تو فرض کی ادائیگی کے بعد وہ چارر کعات سنت ظہر اداکرے گا۔

Jumuah 4311 October 2024

(۲)سوال:کیا نماز میں سلام پھیرنے سے پہلے کوئی ایسی دعاء مانگ سکتے ہیں جیسے یا اللہ ہماری جائز مرادوں کو پوری فرما؟

جواب:قعدہ اخیرہ میں درود شریف کے بعد تمام نمازوں (فرض، سنت غیرہ) میں قرآن و حدیث میں منقول دعائیں عربی میں ہی پڑھنا جائز ہے ۔ اور نماز کے سجدے میں یا التحیات ودرود شریف کے بعد اگر کوئی شخص کوئی دعا مانگنا چاہتا ہو تو اس کے جائز ہونے کی شرط یہ ہے کہ ایک تو وہ دعاء عربی زبان میں مانگی جائے اور دوسری شرط یہ ہے کہ دعا میں ایسی چیز مانگی جائے جو چیز مخلوق سے نہ مانگی جاسکتی ہو، یعنی لوگوں کے کلام سے مشابہ نہ ہو۔

Jumuah 4030 August 2024

(۲) سوال:اگر پیٹ میں گیس کی پروبلم ہے اور ریاح زیادہ خارج ہو رہی ہے تو نماز کیسے پڑھے؟

جواب:اگر خروج ریاح کا عذر اتنی کثرت سے پیش آئے کہ ایک نماز کے پورے وقت میں اتنا بھی وقفہ نہ ملے کہ اس میں وضو کرکے صرف فرض نماز ادا کرسکے تو ایسا شخص شرعاً معذور ہے۔ اور اس کے لیے حکم یہ ہے کہ ہرنماز کا وقت داخل ہونے پر وضو کرلے اور اس وضو سے جتنی چاہے نوافل و دیگر عبادات کرے، جب تک اس نماز کا وقت رہے گا، خروجِ ریح کی وجہ سے اس کا وضو نہ ٹوٹے گا، اور وقت ختم ہونے پر دوسرے وقت کی نماز کے لیے نیا وضو کرے۔ اور اگر عذر محیط نہ ہو بلکہ کبھی کبھی وہ عارضہ پیش آجاتا ہو تو اس کا حکم غیرمعذورین کی طرح ہے۔ یعنی جب بھی خروجِ ریح ہوگا تو وضو ٹوٹ جائے گا۔

Jumuah 4030 August 2024

(۴) سوال:کیا گھر میں نماز پڑھنے سے مسجد میں باجماعت نماز پڑھنا ۲۷؍ درجہ بڑھا ہوا ہوتا ہے؟

جواب:جی ہاں مذکورہ فضیلت روایت حدیث سے ثابت ہے۔ البتہ محلہ کی مسجد کا ثواب بعض روایت میں پچیس آیا ہے، بعض میں ستائیس۔ اخلاص کے فرق سے بھی ثواب کا فرق ہوسکتا ہے۔

Jumuah 3923 August 2024

(۱) سوال:مغرب کی نماز میں اگر تیسری رکعت ملتی ہے تو تینوں رکعت کیسے پوری کریں؟

جواب:اگر مغرب کی دو رکعت چھوٹ جائے تو اس کی ادائیگی کا طریقہ یہ ہے کہ ایک رکعت پڑھ کر قعدہ کیا جائے کیونکہ یہ مسبوق کے حق میں دوسری رکعت ہے اور پھرتیسری رکعت میں قعدہ اخیرہ میں تشہد وغیرہ پڑھ کر سلام پھیر دیا جائے۔ واللہ اعلم

Jumuah 3923 August 2024

(۲) سوال:جماعت کے ساتھ نماز میں اگر ہم رکوع میں شامل ہوتے ہیں تو نماز کیسے پوری کریں؟

جواب:بصورتِ مسئولہ اگر کوئی شخص تکبیرِ تحریمہ کہہ کر امام کے رکوع سے اٹھنے سے پہلے رکوع میں شامل ہوجائے، اگرچہ ایک   لمحے کے لیے بھی امام کے ساتھ رکوع میں شریک ہوجائے تو اسے رکعت پانے والا شمار کیا جائے گا، (خواہ رکوع میں ایک مرتبہ بھی تسبیح نہ کہہ سکے، خواہ تکبیر تحریمہ کے بعد رکوع کی مستقل تسبیح نہ کہی ہو)۔

اور اگر ایسا ہو کہ رکوع میں پہنچنے سے پہلے امام رکوع سے اٹھ گیا تو اقتداصحیح ہو جائے گی، لیکن یہ رکعت پانے والا شمار نہیں ہوگا،امام کے سلام کے بعداس مقتدی کو کھڑے ہو کر ایک رکعت پڑ ھنی ہو گی۔

Jumuah 3923 August 2024

(۳) سوال:نماز میں اگر دوسری رکعت میں التحیات پڑھنا بھول جائے تو نماز کیسے پوری کریں؟

جواب:اگر کوئی شخص امام کے پیچھے تشہد نہ پڑھے یا بھول جائے تو اس کی نماز ہو جائے گی، البتہ امام کے پیچھے جان بوجھ کر تشہد چھوڑ دینا مکروہ تحریمی ہے؛ لہٰذا اگر کسی نے ایسا کیا تو اس نماز کے وقت کے اندر نماز لوٹانا واجب ہوگا، اور وقت گزرنے کے بعد اعادہ مستحب ہوگا۔واللہ اعلم

Jumuah 3816 August 2024

(۲)سوال:نماز قصر کرنے کے لئے سفر شرعی کی کم سے کم مقدار 77 کیلو میٹر ہے یا 83.5 کیلو میٹر ہے؟

جواب:آدمی جس آبادی میں ہو اس آبادی کے باہر سے مطلوبہ جگہ (جہاں جانا ہے) کی آبادی شروع ہونے تک اگر 77.25 کلومیٹر کی مسافت ہے تو آپ شرعاً مسافر ہوں گے اور قصر کریں گے۔

Jumuah 379 August 2024

(۱) سوال:میرا سفر پر نكلنے كا ارادہ ہے لیكن میرا ٹكٹ رات كا ہے جو میرے شہر كے علاوہ دوسرے شہر سے ہے اور میرا اپنے شہر سے صبح ہی نكلنے كا ارادہ ہے تو مجھ پر قصر كب سے لازم ہوگا؟

جواب:جوشخص مسافتِ سفریعنی48میل یا77٫24 یعنی تقریباً  سواستترکلومیٹر کی مسافت تک سفرکے ارادے سے نکلا ہو اور کسی ایک شہر یا بستی میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ ٹھہرنے کا ارادہ نہ ہو تو ایساشخص اپنے شہرکی آبادی اورحدودختم ہونے کے بعد یعنی اپنے شہرسے نکلتے ہی قصرنمازاداکرے گا۔اورجب سفرسے واپسی پراپنے شہرکی حدودمیں داخل ہوگیاتواب مکمل نمازاداکرے گا۔

لہذا جب آپ اپنے گھر سے مذکورہ مسافت سفر کی نیت سے نکلیں تو  گھر سے نکلنے کے بعد قصر نہیں کریں گے، بلکہ  شہر کی آبادی سے نکلتے ہی نماز قصر اداکریں گے،اور واپسی میں جیسے ہی آبادی میں داخل ہوجائیں اگرچہ گھر نہیں پہنچے تو قصر کا حکم ختم ہوجائے گااور مکمل ادا کریں گے۔

حاصل یہ ہے کہ شرعی مسافتِ سفرکی نیت سے شہریابستی سے  نکلتے ہی قصرکاحکم شروع ہوجاتاہےاورجہاں سے قصر کاحکم شروع ہوتا ہے وہاں واپس پہنچ کرقصرکاحکم ختم ہوجاتا ہے۔

Jumuah 3619 July 2024

(۴) سوال:کیا فرض نماز جماعت سے نکل جانے کے بعد گھر پر پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟

جواب:جماعت اگر نکل گئی ہے تو تنہا نماز گھر پر بھی پڑھ سکتے ہیں اور مسجد میں جا کر بھی پڑھ سکتے ہیں۔

Jumuah 3619 July 2024

(۵) سوال:کیا پلاسٹک کی ٹوپی پہن کر نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں کیا بنا ٹوپی کے نماز پڑھ سکتے ہیں؟

جواب:سر ڈھانپ کر نماز پڑھنا سنت و مستحب ہے۔ پلاسٹک کی ٹوپی معاشرے میں اچھی نہیں سمجھی جاتی ہے، اس لیے کوئی اچھی ٹوپی پہن کر نماز پڑھیں ۔

Jumuah 3619 July 2024

(۶) سوال:کیا ہاتھ کا رومال سر پر باندھ کر بھی نماز ادا ہو جاتی ہے؟

جواب:ٹوپی اگر دستیاب نہیں ہے تو دستی رو مال باندھ کر بھی نماز پڑھ سکتے ہیں، البتہ اس کی عادت بنالینا بہتر نہیں ہے۔

Jumuah 3512 July 2024

(۳)سوال:حضرت مفتی صاحب معلوم یہ کرنا تھا جیسا کہ فجر میں فرض نمازوں کے بعد طلوع آفتاب سے پہلے کچھ وقت بچتا ہے اور وہ حضرات جنہوں نے فرض سے پہلے سنت نہیں پڑھی ہیں کیا بعد میں اس بچے ہوے وقت میں اپنی سنت ادا کر سکتے ہیں؟ جواب دے کر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں۔

جواب:واضح رہے کہ فجر کی فرض نماز ادا کر لینے کے بعد اس شخص کے لیے فجر سے پہلے کی دو رکعت چھوٹی ہوئی سنت طلوع آفتاب سے پہلے جو وقت بچ گیا ہے اس میں پڑھنا مکروہ تحریمی ہے۔ لہذا وہ شخص سورج کے طلوع ہونے کے بعد کم سے کم 20 منٹ بعد بطور قضا ادا کر سکتا ہے۔

Jumuah 3231 May 2024

(۱) سوال:اگر آخری صف میں اکیلا انسان کھڑا ہو اور کوئی دوسرا اس کے ساتھ کھڑا نہ ہو تو کیا اس شخص کی نماز ہو جائے گی؟

جواب:۔ جماعت کی نماز کے دوران صف میں اکیلے نماز ادا کرنے سے حدیث میں منع کیا گیا ہے؛ لہٰذا اگلی صف مکمل ہوجانے کے بعد آنے والے نمازی کو چاہیے کہ اگر مزید نمازیوں کے آنے کی امید ہو تو دوسرے نمازی کے آنے کا انتظار کرے، لیکن اگر اور  نمازیوں کے آنے کی توقع نہ ہو، یا نمازی کے انتظار میں رکعت نکل جانے کا اندیشہ ہو تو ایسی صورت میں اگلی صف سے کسی ایسے شخص کو اپنے پیچھے کھینچ لے جس کے بارے میں امید ہو کہ وہ مسئلہ سے واقف ہوگا، اور اپنی نماز نہیں توڑے گا، البتہ اگر اگلی صف میں کوئی ایسا شخص نہ ہو تو اس صورت میں وہ اکیلے ہی پچھلی صف میں کھڑے ہو کر جماعت میں شامل ہوجائے، بہر صورت ایسے شخص کی نماز ہوجائے گی، اور جماعت کے ثواب سے محروم نہ ہوگا۔

Jumuah 3231 May 2024

(۴) سوال:۔ کیا قضا نماز با جماعت ادا کی جاسکتی ہے؟مثلًا دو لوگوں کی ظہر چھوٹ گئی تو کیا دونوں اکھٹا پڑھیں یا الگ الگ؟

جواب:۔ جی ہاں اگر ایک سے زائد افراد کی ایک ہی وقت کی نماز قضا ہوجائے اور وہ ایک جگہ پر قضا نماز پڑھ رہے ہوں تو انہیں قضا نماز باجماعت ہی پڑھنی چاہیے۔ رسول اللہؐ کی نمازیں جب غزوہ خندق کی انتہائی مشغولیت کی وجہ سے قضا ہوئیں تو آپؐ نے ان نمازوں کو باجماعت ہی ادا کیا۔نیز ایک اور موقع پر آپ ؐ نے صحابہ کی جماعت کے ساتھ قضا نماز پڑھی ہے۔

Jumuah 3117 May 2024

(۳) سوال:اگر کسی سے کافی وقت کی نمازیں قضا ہو گئی ہوں اور اس کو مسجد الحرام (مکہ مکرّمہ، مدینہ منورہ) میں اس نمازوں کو ادا کرنے کا موقع مل جائے تو تب بھی اتنی ہی نمازیں ادا کرے جتنی قضا ہوئی ہوں یا وہاں کچھ رعایت ہو سکتی ہے؟

جواب:قضا تو اتنی ہی نمازیں کرنی پڑیں گی جو کہ واجب الادا ہیں البتہ مکان کی فضیلت سے ثواب میں اضافہ کی امید ہے۔

Jumuah 3010 May 2024

(۱) سوال:نماز کی حالت تھوک یا بلغم آئے تو کیا کرے؟

جواب:اگر دورانِ نماز بلغم آجائے اور اس کو نگلنا ممکن ہو تو نگل لینے میں مضائقہ نہیں ہے، اگر بار بار بلغم آئے تو ہرمرتبہ نگل لینے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔

Jumuah 293 May 2024

(۳) سوال:قبلہ کے رخ سے ہٹ کر نماز ادا کرلی، بعد میں معلوم ہوا کہ قبلہ کا رخ دوسرا ہے، تو نماز ہوئی یا نہیں؟

جواب:اگر کسی کو قبلہ کی سمت معلوم نہ ہو،تو اگر نزدیک میں کوئی موجود ہو،تو اس سے معلوم کرے،اور کوئی بتانے والا بھی نہ ہو توتحری(یعنی قبلہ معلوم کرنے میں حد درجہ کی سوچ بچار) کرکے جس طرف قبلہ کا گمان ہو اس طرف منہ کر کے نماز پڑھ لے،تو اس کی نماز درست جائے گی، اگرچہ بعد میں یہ معلوم ہو کہ اس نے غلط سمت کی طرف نماز پڑھی ہے، لیکن اگر بغیر تحری کے نماز پڑھ لی تواس کی نماز نہیں ہوگی اور دوبارہ لوٹانا ضروری ہے۔ الا یہ کہ نماز صحیح سمت میں پڑھی ہو۔

Jumuah 2622 March 2024

(۲)سوال:نماز میں سورتوں کی ترتیب آگے پیچھے ہو جائے تو سجدہ سہو لازم ہوجاتا ہے یا نہیں؟

جواب:نماز میں قرأت کے دوران سورتوں کی ترتیب کی رعایت رکھنا قرأت کے واجبات میں سے ہے، نماز کے واجبات میں سے نہیں ہے، فرض نمازوں میں قصداً قرآن مجید کی ترتیب کے خلاف قراء ت کرنا مکروہِ تحریمی ہے، مثلاً پہلی رکعت میں سورہ کافرون اور دوسری رکعت میں سورہ کوثر پڑھی گئی  تو قصداً پڑھنے کی صورت میں کراہت کے ساتھ نماز ادا ہو جائے گی، اور اگر سہواً یا غلطی سے ترتیب کے خلاف پڑھا تو نماز بلا کراہت درست ہو جائے گی، لیکن دونوں صورتوں میں سے کسی میں بھی سجدہ سہو واجب نہیں ہوگا۔

Jumuah 2622 March 2024

(۳)سوال:امام جب رکوع سے واپس آتے ہیں تو وہ ربنا لک الحمد پڑھیں گے یا نہیں؟

جواب:امام کے لیے حکم یہ ہے کہ وہ صرف سمع اللّٰہ لِمن حمدہ پڑھے اور رَبَّنا لک الحمدمقتدی پڑھیں گے، البتہ اگر امام بھی ربنا لک الحمدپڑھ لے تو اس سے نماز میں کوئی خرابی نہیں آئے گی۔  واللہ اعلم

Jumuah 2622 March 2024

(۴) سوال:رکوع اور سجدہ میں مقتدی کی تسبیحات مکمل نہ ہو تو کیا مقتدی امام کی اتباع کرے گا؟

جواب:مقتدی اگر کسی سنت یا مستحب کی ادائیگی میں مصروف ہو اور امام دوسرے رکن میں منتقل ہو جائے، تو مقتدی اس سنت یا مستحب کو چھوڑ کر امام کی اتباع کرے گا، مثلاً: مقتدی رکوع، سجدے کی تسبیحات میں مصروف ہو اور امام رکوع اور سجدے سے کھڑا ہو جائے، تو ایسی صورت میں مقتدی کو تسبیحات چھوڑ کر امام کی اتباع کرنا لازم ہے۔ واللہ اعلم

Jumuah 2515 March 2024

(۱) سوال:جماعت کے ساتھ وتر کی نماز میں مقتدی کی دعاء قنوت پوری نہیں ہوئی اور امام صاحب رکوع میں چلے گئے ، تو مقتدی اس صورت میں کیا کرے؟

جواب:اگر وتر کی نماز میں امام مقتدی کی دعائے قنوت مکمل ہونے سے پہلے رکوع میں چلا جائے تو مقتدی کے لیے امام کی اقتدا کرتے ہوئے فوراً رکوع میں جانا ضروری ہے، مقتدی جس قدر بھی دعائے قنوت پڑھ لے واجب ادا ہوجائے گا۔

Jumuah 2515 March 2024

(۲) سوال:رمضان میں اگر کوئی شخص تنہا تراویح پڑھے تو کیا وہ وتر جہراً پڑھ سکتا ہے؟

جواب:منفرد کے ذمے جہری نمازوں میں چوں کہ مقتدیوں کو قراء ت سنانا مطلوب نہیں ہوتا، لہذا امام کی طرح بلند قراء ت کرنے کی شرعًا ضرورت نہیں، البتہ قدرے جہر کرسکتا ہے، جس سے دوسرے کے آرام یا معمول میں خلل نہ ہو۔

Jumuah 241 March 2024

(۱) سوال:اگر بس میں یا ٹرین میں سفر کرتے ہوئے کھڑے ہونے کی جگہ نہ ہو تو بیٹھ کر نماز پڑھنا کیسا ہے؟

جواب:اگر آپ قیام پر قادر ہوتے ہوئے ٹرین میں کھڑے ہوکر نماز پڑھ سکتے ہیں تو بیٹھ کر پڑھنا جائز نہیں ہاں اگر بہت زیادہ بھیڑ بھاڑ کی وجہ سے کھڑے ہوکر نماز پڑھنا ممکن نہ ہو تو ایسی صورت میں جس طرح بھی ممکن ہو نماز پڑھ لیں تاکہ نماز چھوڑنے کا گناہ نہ ہو اور بعد میں اس نماز کا اعادہ کرلیں۔

’’بس‘‘ کے بارے میں ذرا تفصیل ہے کہ اگر شہر سے باہر لمبا سفر ہو اور بس ڈرائیور کہنے کے باوجود بس نہ روکے اور نماز کا وقت نکل رہا ہو، تو دیکھا جائے گا کہ اگر بس کے اندر قبلہ رُخ ہوکر قیام، رکوع اور سجدے کے ساتھ نماز ادا کی جاسکتی ہے تو اس طرح نماز ادا کرے۔ چنانچہ اگر بس قبلہ رخ چل رہی ہو یا مخالف سمت جارہی ہو اور سیٹوں کے درمیان فاصلہ ہو تو قیام، رکوع اور سجود کے ساتھ نماز ادا کی جاسکتی ہے، اس صورت میں اگرقیام(کھڑے ہونے) کے لیے سہارا لینا پڑے تو اس کی اجازت ہوگی، اگرپورے قیام کے دوران سہارا لینا پڑے اور ہاتھ نہ باندھ سکے تب بھی قیام نہ چھوڑے، سہارا لے کرقیام، رکوع اورسجدے کے ساتھ نماز ادا کرے۔ اگر بس کے زیادہ حرکت کرنے یاچکرآنے کی وجہ سے قیام نہ کرسکے تواسی راہ داری میں بیٹھ کربس کے فرش(زمین) پرسجدہ کرتے ہوئے نماز اداکرے۔

Jumuah 241 March 2024

سوال:ظہر کی سنت موکدہ اگر ظہر سے پہلے نہ پڑھی ہو تو نماز کے بعد پڑھی جائینگی یا نہیں؟

جواب:اگر کسی شخص کی ظہر کی چار رکعت سنتِ مؤکدہ رہ گئی ہوں اور وہ امام کے ساتھ فرض نماز میں شامل ہو گیا ہو تو ایسے شخص کو چاہیے کہ وہ فرض نماز سے فارغ ہو کر پہلے دو رکعت سنتِ مؤکدہ ادا کرے، اس کے بعد چھوٹی ہوئی چار رکعت سنت ادا کرے۔

Jumuah 23Jumuah Session 23

سوال:ظہر کی سنت موکدہ اگر ظہر سے پہلے نہ پڑھی ہو تو نماز کے بعد پڑھی جائینگی یا نہیں؟

جواب:اگر کسی شخص کی ظہر کی چار رکعت سنتِ مؤکدہ رہ گئی ہوں اور وہ امام کے ساتھ فرض نماز میں شامل ہو گیا ہو تو ایسے شخص کو چاہیے کہ وہ فرض نماز سے فارغ ہو کر پہلے دو رکعت سنتِ مؤکدہ ادا کرے، اس کے بعد چھوٹی ہوئی چار رکعت سنت ادا کرے۔

Jumuah 21Jumuah Session 21

سوال:حضرت تہجد کی نماز پڑھنے کے لئے کیا نیند لینا ضروری ہے؟

جواب:واضح رہے کہ تہجد کی نماز سے پہلے سونا ضروری نہیں، اس لئے اگر کوئی شخص رات میں نہیں سویا اور تہجد کا وقت ہوگیا تو وہ تہجد کی نماز ادا کرسکتا ہے بلکہ یہ بھی آسانی دی گئی اگر کوئی شخص عشاء کی نماز کے بعد بھی تہجد کی نیت سے کچھ رکعات پڑھ لے تو اس کو تہجد کا ثواب مل جائے گا۔

Jumuah 20Jumuah Session 20

(۲) سوال:۔ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و وبرکاتہ معلوم یہ کرنا ہے کہ استغفار صرف فرض نماز کے بعد پڑھنا ہے یا ہر نماز کے بعد چاہے سنت ہو یا نفل ہو یا واجب ہو؟

جواب:نماز سے فارغ ہونے کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے استغفار کا تین پرتبہ پڑھنا ثابت ہے۔ البتہ مذکورہ اذکار کے لیے سر پر ہاتھ نہیں رکھتے تھے۔ اور ہر نماز کے بعد پڑھ سکتا ہے کوئی حرج نہیں۔

Jumuah 16Jumuah Session 16

(۱) سوال:ایسے گدّوں پر نماز کا پڑھنا کیسا ہے جس میں پیشانی گدّے کے اندر دھنستی ہے، تفصیل سے وضاحت کریں۔

جواب:اگر گدّا اتنا موٹا ہو کہ حالت سجدہ میں اس پر پیشانی اور ناک ٹھہر جائے اور زمین کی سختی محسوس کرلے تو اس پر نماز پڑھ سکتے ہیں، لیکن اگر پیشانی اور ناک نہ ٹھہرے بلکہ گدّا د بتاہی رہے اور زمین کا حجم محسوس نہ ہو تو اس پر نماز جائز نہیں۔

Jumuah 15Jumuah Session 15

سوال:ہاف سلیوز ٹی شرٹ پہن کر نماز ہو جاتی ہے مکر وہ تو نہیں ہے۔ اگر مکروہ ہے تو حدیث کا حوالہ دیں یا کسی کتاب کا حوالہ دیں؟

جواب:آدھی آستین ( ہاف سلیوز ) والی قمیض یا شرٹ میں نماز پڑھنا مکروہ ہے، اس حالت میں نماز ادا کی تو کراہت کے ساتھ ادا ہو جائے گی۔

عن ابن عباس(رض) عن النبي صلی اللہ علیہ وسلم قال: أمرت أن أسجد علی سبعة أعظم ولا أکف ثوباً ولا شعراً (الصحیح لمسلم ۱: ۱۹۳، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)،وکرہ کفہ أي: رفعہ ولو لتراب کمشمر کم أو ذیل (الدر المختار مع رد المحتار کتاب الصلاة، باب ما یفسد الصلاة وما یکرہ فیھا، ۲: ۴۰۶، ط: مکتبة زکریا دیوبند)، قولہ:”کمشمر کم أو ذیل“: أي: کما لو دخل فی الصلاة وھو مشمر کمہ أو ذیلہ ، وأشار بذلک إلی أن الکراھة لا تختص بالکف وھو فی الصلاة (رد المحتار)،ولو صلی رافعا کمیہ إلی المرفقین کرہ کذا في فتاوی قاضی خان(الفتاوی الہندیة ۱:۱۰۶۔ ط: مکتبة زکریا دیوبند)۔

Jumuah 14Jumuah Session 14

سوال:اگر نماز کی حالت میں سامنے رکھی ہوئی کتاب یا کاپی پربنی ہوئی تصویر پر نظر پڑ جائے تو کیا نماز ٹوٹ جائے گی ؟

جوابواضح رہے کہ کسی جاندار کی تصویر کی سامنے نماز پڑھنا مکروہ ہے، خواہ اس کی طرف توجہ جاتی ہو یا نہیں، دونوں صورتوں میں مکروہ ہے۔ لہذ ا صورت مسئولہ نماز کی حالت میں سامنے رکھی ہوئی کتاب یا کاپی پر بنی ہوئی تصویر پر نماز کے دوران نظر پڑ جانیکی صورت میں نماز کراہت تحریمی کے ساتھ ادا ہوئی ہے، لہذا وقت کے اندر اس نماز کا اعادہ واجب ہوگا، تاہم اگر وہ تصویر اتنی چھوٹی ہو کہ اس کو دیکھنے سے اس کی ساخت واضح نہ ہو، یا پھر وہ تصویر بڑی ہو لیکن اس کا سریا چہرہ مٹا دیا گیا ہو، یا اس تصویر کو کپڑے وغیرہ سے چھپا دیا گیا ہو تو ان تمام صورتوں میں ایسی تصویر کی موجودگی میں نماز بلا کراہت درست ہو جاتی ہے، اور نماز کا اعادہ لازم نہیں ہوتا۔

Jumuah 14Jumuah Session 14

سوال:اگر نماز میں کسی غلطی کے سبب سجدہ سہو لازم ہو اور آخر میں سجدہ سہو کرنا بھی بھول جائے تو کیا نماز درست ہوگی ؟

جواب:اگر نماز میں سجدہ سہولازم ہو جائے ( مثلا کوئی واجب رہ جائے یا کسی واجب یا فرض میں تاخیر ہو جائے یا تقدیم و تاخیر ہو جائے) اور وہ سجدہ کرنا بھول جائے اور سلام پھیر لے تو اگر اس نے سلام کے بعد کسی سے بات نہیں کی اور سینہ قبلہ سے نہیں پھیرایا کچھ کھایا پیا نہیں تو یاد آتے ہی دو سجدہ کرے پھر بیٹھ کر التحیات، درود شریف اور دعا پڑھ کر سلام پھیر دے تو اس کی نماز ہو جائے گی۔ اور اگر اس نے کسی سے بات چیت کر لی یا قبلہ سے سینہ پھیر دیایا کھا پی لیا تو اب یہ نماز نقصان کے ساتھ ادا ہوئی ہے، اس کا وقت کے اندر اندر اعادہ کرنا واجب ہے، اور وقت کے بعد اعادہ واجب نہیں ہے، البتہ اعادہ کر لینا بہتر ہے۔

Jumuah 12Jumuah Session 12

(۲) سوال:ایک شخص سامنے موبائل رکھ کر نماز پڑھ رہا تھا،دوران نماز موبائل پر فون آنے کی وجہ سے گھنٹی بجنے لگی، گھنٹی پر گانا لگا ہوا تھا،گانے کی آواز سے مسجد بھی گونج اٹھی اب یہ شخص نماز توڑ کر گھنٹی بند کردے یا یونہی گانا بجنے دے؟ اورنمازپڑھتارہے؟

جواب:نماز شروع کرنے سے قبل بلکہ مسجد میں داخل ہوتے ہی موبائل بند کردینا چاہیے تاکہ گھنٹی بجنے کااندیشہ نہ رہے لیکن اگراتفاقاً بند کرنا یاد نہ رہے اور دورانِ نماز گھنٹی بجنے لگے اورعمل قلیل سے بند کردینا ممکن ہو تو بحالت نماز ہی بند کردینا چاہیے، اگر عمل کثیر کرکے گھنٹی بند کی گئی تو نماز فاسد ہوجائے گی۔ موبائل کی گھنٹی میں اگر میوزک یا گانا ہو اور بغیر عمل کثیر کے بند کرنا ممکن نہ ہو تو ایسی صورت میں نماز توڑکر موبائل بند کردینا چاہیے اور اگر گھنٹی سادی ہو کہ جس کی وجہ سے نمازیوں کو زیادہ پریشانی نہ ہو تو گھنٹی بجتی چھوڑکر نماز پوری کرلینے کی گنجائش ہے۔ موبائل میں ساز یعنی میوز یا گانے والی گھنٹی لگانا ناجائز ہے ۔

Jumuah 11Jumuah Session 11

(۲) سوال:اگر فجر کے بعد گشت میں ملاقات کے لئے چلے گئے، پھر واپس آنے کے بعد اشراق کی نماز پڑھ لی۔ تو کیا حدیث میں جو فضیلت اشراق کی نماز کی ثابت ہے وہ پانے والا کہلائے گا۔

جواب:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص فجر کی نماز جماعت کے ساتھ پڑھے اور پھر اپنی جگہ بیٹھا رہے؛ یہاں تک کہ اشراق کا وقت ہو جائے اور پھر اٹھ کر (کم از کم) دو رکعات اشراق کی نماز پڑھ لے تو اس کو ایک حج اور ایک عمرے کا ثواب ملتا ہے۔

اشراق کی نماز کی فضیلت حاصل کرنے کے لیے فجر کی نماز کے بعد اسی جگہ بیٹھے رہنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ اسی جگہ ذکر واذکار اور نیک کاموں میں مشغول رہے، کسی دنیاوی کام میں مصروف نہ ہو، خواہ کھڑے ہوکر، یا بیٹھ کر یا لیٹ کر، البتہ بیٹھ کر ذکر کرتے رہنا زیادہ افضل ہے، الا یہ کہ وہ کسی اور دینی کام کے لیے وہاں سے چلا جائے پھر واپس آکر نماز پڑھے۔

Jumuah 11Jumuah Session 11

(۳) سوال:کیا سجدے کی حالت میں پیر کی کسی انگلی کا پیٹ زمین سے لگانا فرض ہے؟ اگر انگلی کی پشت لگائی تو کیا حکم ہے؟

جواب:انگلیوں کو موڑ کر کہ رخ کعبہ کی طرف رہے یہ مسنون طریقہ ہے اس کے برعکس خلاف سنت ہے۔

Jumuah 11Jumuah Session 11

(۴) سوال:عورتیں جوڑا باندھ کر نماز پڑھیں یا کھول کر دونوں کا حکم ظاہر فرمادیں مہربانی ہوگی؟

جواب:عورتیں جوڑا باندھ کر نماز پڑھیں گی تو بہتر ہے اس میں زیادہ پردہ ہے۔ بال کھلے ہونے کی صورت میں دوپٹے سے باہر نکلنے کا اندیشہ ہے۔

Jumuah 5Jumuah Session 5

سوال:فرض نماز کے بعد سنت و نوافل کے لیے جگہ بدلنا مستحب ہے یا واجب؟

جواب:فرض نماز کے بعد سنتوں کے لیے جگہ بدلنا لازم و ضروری نہیں ہے، صرف مستحب ہے؛ تا کہ نماز پڑھنے والے کے لیے دو مقام گواہ بن جائیں یا فرائض وسنن میں امتیاز ہو جائے۔

Jumuah 5Jumuah Session 5

سوال:مفتی صاحب نماز میں ثناء پڑھنا کیسا ہے اسکے ترک سے نماز ہو جائے گی؟

جواب:نماز میں تکبیر تحریمہ کے بعد قراء ت سے پہلے امام ، مقتدی اور منفر د سب کے لئے ثناء پڑھنا سنت ہے۔ جان بوجھ کر اسے چھوڑ نا خلاف ادب ہے۔ لیکن نماز ہو جائے گی۔

Jumuah 4Jumuah Session 4

(۴) سوال:حرام مال جیب میں رکھ کر نماز پڑھنے سے نماز ہوگی یا نہیں؟

جواب:نماز درست ہوجائے گی؛ البتہ حرام ذریعہ سے ملنے والی رقم متعین اور ممتاز ہے تو نماز کے وقت اپنے سے جدا کردیں تو بہتر ہے۔

Jumuah 3Jumuah Session 3

(۱) سوال:نماز میں ثنا پڑھنے کا کیا حکم ہے؟

جواب:نماز میں تکبیر تحریمہ کے بعد قراء ت سے پہلے امام، مقتدی اور منفرد سب کے لیے ثناء پڑھنا سنت ہے۔  اگر کوئی شخص امام کے نماز شروع کرنے کے بعد آکر نماز میں شامل ہو تو اس کے لیے یہ حکم ہے کہ اگر امام نے بلند آواز سے قراء ت شروع کردی ہو تو وہ ثناء نہ پڑھے، اگر امام نے بلند آواز سے قراء ت شروع نہیں کی، یا امام نے قراء ت شروع کردی، لیکن سری نماز ہونے کی وجہ سے بلند آواز سے نہیں، جیسا کہ ظہر اور عصر کی نماز میں تو  بعد میں شامل ہونے والا ثناء پڑھ کر شامل ہوجائے۔

Jumuah 1Jumuah Session 1

(۱) سوال:مسافر مسبوق آخری رکعت کے قعدہ میں شریک ہوا تو اسے اب کتنی رکعت پڑھنی چاہیے؟ اور اگر ۲؍ پڑھنی پڑیں گی اور ۴؍ پڑھ لیا تو اسکا کیا حکم ہے؟

جواب:مذکورہ صورت میں اگر مسافر امام کو قعدہ ٔاخیرہ میں پالے تو اس پر امام کی اقتداء کی وجہ سے چار رکعت لازم ہوگئیں، اب اگر دو رکعت پڑھے گا تو اس کی نماز فاسد ہوجائے گی اور اگر چار پڑھ لی ہیں تو نماز صحیح ہوگئی۔

Jumuah 1Jumuah Session 1

سوال:شکرانہ کی نماز پڑھنا سنت ہے یا نہیں؟ بعض لوگ بدعت کہہ رہے ہیں کیا یہ کہنا درست ہے؟

جواب:بطور شکرانہ کے دورکعت نفل پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے، لیکن ان دورکعتوں کے پڑھنے کو ضروری سمجھنا اور نہ پڑھنے والے کو لعن وطعن کرنا، بے اصل ہے۔

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab