بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:سوال: درود شریف چلتے پھرتے پڑھ سکتے ہیں؟ اور کیا درود کے لئے وضو ضروری ہے؟
جواب:درود شریف اور تمام اذکار و اوراد چلتے پھرتے اور بے وضو پڑھے جا سکتے ہیں اسکے لئے وضو کرنالازم نہیں ہے۔
سوال:ہاف سلیوز ٹی شرٹ پہن کر نماز ہو جاتی ہے مکر وہ تو نہیں ہے۔ اگر مکروہ ہے تو حدیث کا حوالہ دیں یا کسی کتاب کا حوالہ دیں؟
جواب:آدھی آستین ( ہاف سلیوز ) والی قمیض یا شرٹ میں نماز پڑھنا مکروہ ہے، اس حالت میں نماز ادا کی تو کراہت کے ساتھ ادا ہو جائے گی۔
عن ابن عباس(رض) عن النبي صلی اللہ علیہ وسلم قال: أمرت أن أسجد علی سبعة أعظم ولا أکف ثوباً ولا شعراً (الصحیح لمسلم ۱: ۱۹۳، ط: المکتبة الأشرفیة دیوبند)،وکرہ کفہ أي: رفعہ ولو لتراب کمشمر کم أو ذیل (الدر المختار مع رد المحتار کتاب الصلاة، باب ما یفسد الصلاة وما یکرہ فیھا، ۲: ۴۰۶، ط: مکتبة زکریا دیوبند)، قولہ:”کمشمر کم أو ذیل“: أي: کما لو دخل فی الصلاة وھو مشمر کمہ أو ذیلہ ، وأشار بذلک إلی أن الکراھة لا تختص بالکف وھو فی الصلاة (رد المحتار)،ولو صلی رافعا کمیہ إلی المرفقین کرہ کذا في فتاوی قاضی خان(الفتاوی الہندیة ۱:۱۰۶۔ ط: مکتبة زکریا دیوبند)۔
سوال:کسی نعت خواں عورت کیلئے صرف عورتوں کے مجمع میں نعت پڑھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب:صورت مسئولہ میں عورت کا عورتوں کے مجمع میں ( جس میں کوئی نا محرم مرد نہ ہو، اور نا محرم مرد تک عورت کی آواز نہ جائے ) حمد و نعت ، حکمت و دانائی پر مشتمل اور صحیح معنی و مفہوم والے اشعار پڑھنا جائز ہے۔
سوال:بال سنوار تے وقت بال ٹوٹتے ہوں تو ان کو سنبھالنا چاہئے یا کوڑا دان میں پھینک دینا چاہئے؟ اس طرح ناخن وغیرہ کا کیا حکم ہے؟ ان کو کوڑا دان میں پھینک سکتے ہیں؟
جواب:کٹے ہوئے بال اور ناخن جز انسانی ہونے کی وجہ سے قابل احترام ہیں۔ اسلئے بہتر ہے کہ انہیں دفن کر دیا جائے ، یا کسی پاک جگہ میں ڈال دیا جائے۔ کوڑا دان میں ڈالنے میں ان کی بے احترامی ہے۔
سوال:کسی بندہ کو شک ہوا کہ اس نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی ہے تو اس نے اپنے آپ سے سوال کیا کہ کیا میں نے یہ کہا تھا کہ میری بیوی کا طلاق ہے۔ کیا اس سے طلاق ہو جاتی ہے؟
جواب:محض شک سے طلاق واقع نہیں ہوتی ، اس طرح اپنے آپ سے مخاطب ہوکر یہ کہنا کہ میں نے یہ کہا تھا کہ میری بیوی کو طلاق ہے؟ ان الفاظ سے بھی طلاق واقع نہیں ہوتی ، باقی اس قسم کے شک و وہم کی طرف دھیان نہیں دینا چاہئے۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
