بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:ہدیہ دینے میں صدقہ کی نیت کرنا کیسا ہے؟
جواب:’’ہدیہ‘‘ کے معنی تحفہ کے ہیں، تحفہ معمولی ہو یا قیمتی، کسی انسان کی محبت اور اس سے اظہارِ تعلق کے لیے اسے کچھ دینا ’’ہدیہ‘‘ کہلاتا ہے، اور ہدیہ امیر اور غریب دونوں کو دے سکتے ہیں۔
اور ’’صدقہ‘‘ کسی محتاج کو اللہ تعالیٰ سے تقرب کی نیت سے کوئی چیز دینے کو کہتے ہیں، صدقاتِ واجبہ (زکاۃ، صدقہ فطر وغیرہ) مستحق کو دینا ہی ضروری ہے، جب کہ نفلی صدقات غریب اور امیر دونوں کو دے سکتے ہیں۔ اور ہدیہ بھی کہہ سکتے ہیں۔ حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی صاحب کے ملفوظات میں ہے:’’صدقہ اور ہدیہ میں یہ فرق ہے کہ صدقہ میں محض ثواب اور ہدیہ میں ثواب اور تطییب القلب دونوں مقصود ہوتے ہیں‘‘۔
سوال:بینک سے ملی ہوئی سود کی رقم کو کسی غریب، مجبور کو جو کہ بہت زیادہ ضرورت مند ہو اس کو دنیا کیسا ہے؟
جواب:سودی رقم کا لین دین کرنا، یا اُس کا معاہدہ وغیرہ کرنا سب ناجائز ہے، اس لیے اولاً تو سودی رقم وصول ہی نہ کی جائے، اور اگر وصول کرلی گئی ہے تو جس سے وصول کی گئی ہے اسے واپس کردی جائے، اور اگر واپس کرنا مشکل یا ناممکن ہوتو اُس سودی رقم کو کسی غریب شخص کو ثواب کی نیت کے بغیر ہی دینا واجب ہے، اپنے استعمال میں لانا یا ثواب کی نیت سے کہیں صدقہ وغیرہ کرنا درست نہیں ہے۔
سوال:میرا سوال یہ ہے کہ کیا مولانا مودودی کی تفسیر کا پڑھنا درست ہے؟
جواب:مولانا مودودی کی تفسیر میں بہت سی چیزیں جمہور اہل سنت والجماعت کے مسلک کے خلاف ہیں، عامۃ المسلمین کا اس کو پڑھنا یا سننا، اعتقادی اور عملی گمراہی وغلطی کا موجب بن سکتا ہے، اس لیے اس سے پرہیز لازم ہے، ہاں جو حضرات اہل علم ہیں، کتاب وسنت کا علم باقاعدہ معتمد اساتذہ سے حاصل کرکے اس پر استحکام رکھتے ہیں، اور صحیح وغلط میں تمیز کرنے کا ان کو ملکۂ راسخہ حاصل ہے، ان کے لیے مضر نہیں۔
سوال:کیا شوہر اپنی بیوی کی میت کو غسل دے سکتا ہے؟
جواب:بیوی کے انتقال کے بعد شوہر بیوی کو صرف دیکھ سکتا ہے۔ ہاتھ لگانے اور غسل و کفن کی اجازت نہیں۔
سوال:حضرت تہجد کی نماز پڑھنے کے لئے کیا نیند لینا ضروری ہے؟
جواب:واضح رہے کہ تہجد کی نماز سے پہلے سونا ضروری نہیں، اس لئے اگر کوئی شخص رات میں نہیں سویا اور تہجد کا وقت ہوگیا تو وہ تہجد کی نماز ادا کرسکتا ہے بلکہ یہ بھی آسانی دی گئی اگر کوئی شخص عشاء کی نماز کے بعد بھی تہجد کی نیت سے کچھ رکعات پڑھ لے تو اس کو تہجد کا ثواب مل جائے گا۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
