Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 43

11 October 2024

4 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال:ظہر سے پہلے کی چار رکعات سنت مؤکدہ ایک سلام کے ساتھ ہیں یا دو سلام کے ساتھ بھی پڑھ سکتے ہیں؟

جواب:ظہر کی فرض نماز سے پہلے چار رکعات سنت ایک سلام سے پڑھنا سنت مؤ کدہ ہے۔اس لیے اگر کوئی شخص ظہر کی فرض نماز میں شامل ہونے کے لیے دورکعت سنت پرسلام پھیردے تو فرض کی ادائیگی کے بعد وہ چارر کعات سنت ظہر اداکرے گا۔

(۲)سوال:کیا نماز میں سلام پھیرنے سے پہلے کوئی ایسی دعاء مانگ سکتے ہیں جیسے یا اللہ ہماری جائز مرادوں کو پوری فرما؟

جواب:قعدہ اخیرہ میں درود شریف کے بعد تمام نمازوں (فرض، سنت غیرہ) میں قرآن و حدیث میں منقول دعائیں عربی میں ہی پڑھنا جائز ہے ۔ اور نماز کے سجدے میں یا التحیات ودرود شریف کے بعد اگر کوئی شخص کوئی دعا مانگنا چاہتا ہو تو اس کے جائز ہونے کی شرط یہ ہے کہ ایک تو وہ دعاء عربی زبان میں مانگی جائے اور دوسری شرط یہ ہے کہ دعا میں ایسی چیز مانگی جائے جو چیز مخلوق سے نہ مانگی جاسکتی ہو، یعنی لوگوں کے کلام سے مشابہ نہ ہو۔

(۳) سوال:حالت حیض میں عورت کے لئے قرآنی وظائف پڑھنا کیسا ہے؟

جواب:واضح رہے کہ قرآنِ کریم کی جن آیات میں دعا کے معنی ہیں،ان کواوراد و ظائف کی نیت سے حیض کی حالت میں پڑھنا درست ہے،البتہ جن آیات میں دعاء کے معنی نہیں ان کو حیض کی حالت میں پڑھنا درست نہیں۔

(۴) سوال:کسی کی زمین بیچنے میں کمیشن لینا کیسا ہے؟

جواب:اگر مذکورہ شخص بائع اور مشتری میں سے کسی کاوکیل نہیں ہے، اور اس نے بائع اور مشتری کو آپس میں ملایا اور ان کے درمیان  واسطے کا کردار ادا کیا، باقی معاملہ (عقد) بائع اور مشتری نے آپس میں خود کیا تو ایجنٹ کے لیے بائع اور مشتری دونوں سے (یعنی جانبین سے) رابطہ کرانے کا متعینہ کمیشن لینا جائز ہے، تاہم اگر ایجنٹ ان دونوں میں سے کسی ایک کی طرف سے وکیل بن کر معاملہ کرتا ہے تو پھر جس کے جانب سے وکیل ہے صرف اسی سے کمیشن لینا جائز ہے، دوسرے سے کمیشن لینا جائز نہیں ہے، کیوں کہ اگر سامان بائع خود نہ بیچے، بلکہ کمیشن ایجنٹ اس کی طرف سے وکیل بن کر سامان فروخت کرے تو ایسی صورت میں کمیشن ایجنٹ ’’عاقد‘‘ بن جائے گا، اور عاقد اس شخص  سے کمیشن نہیں لے سکتا جس سے وہ عقد کررہا ہو؛ کیوں کہ وہ اس کو کوئی اضافی خدمت فراہم نہیں کررہا، صرف سامان بیچ رہا ہے، لہٰذا اس صورت میں وہ مشتری سے صرف سامان کی قیمت وصول کرنے کا حق دار ہے، کمیشن کا حق دار نہیں۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab