بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:Oyster (سیپ )یہ میڈسن میں استعمال ہوتا ہے کیلشیم کے لئے ایسی دواء کا استعمال کرنا کیسا ہے؟
جواب:Oyster (سیپ) سمندر کے اندر پائے جانے والی سیپی کے اندر ایک جانور ہوتا ہے جو کہ نرم ہوتا ہے اور اس میں ہڈی بھی ہوتی ہے، جو کہ مختلف امراض کے علاج کے لیے مفید ہے اور اس سے کئی دوائیاں بنائی جاتی ہیں۔ یہ کیڑا مچھلی نہیں ہے۔ لہذا احناف کے ہاں اس کا کھانا حلال نہیں، البتہ کوئی ایسی بیماری جس کا علاج نہ کرنے کی صورت میں جان یا عضو جانے کا خطرہ ہو یا مرض بہت زیادہ بڑھنے کا اندیشہ ہو اور کوئی متبادل دوا نہ ہو، اور اس پر مشتمل دوا کسی ماہر دین دار طبیب نے تجویز کی ہو تو اس کا استعمال درست ہوگا۔
(۲) سوال:میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا نکاح میں ایک مرد گواہ سے کام ہو جائے گا یا نہیں؟
جواب:دو مسلمان عاقل بالغ مردگواہوں یا ایک مسلمان مرد اور دو مسلمان عورتوں کی موجودگی کے بغیر مسلمان کا نکاح قطعاً درست نہیں ہوگا؛ لہٰذا گواہوں کے بغیر نکاح کیا گیا تو نکاح منعقد نہیں ہوتا۔
(۳) سوال:حضرت میرا ایک سوال ہے کہ ہم نیٹ کی تیاری کر رہے ہیں اور جس ہاسٹل میں رہتے ہیں اس کے ٹوائلٹ کا رخ قبلہ کی جانب ہے تو اس ٹوائلٹ کا استعمال کرنا کیسا ہے؟
جواب:آپ دیگر مسلمان طلبہ کے ساتھ مل کر انتظامیہ سے گفتگو کرکے ’’بیت الخلاء‘‘ کا رخ درست کرانے کی کوشش کریں، جب تک کوشش کامیاب نہ ہو تب تک اگر کوئی دوسری جگہ استنجاء کے لیے میسر نہ آئے تو اسی ’’بیت الخلاء‘‘ میں قضائے حاجت کریں، البتہ بیٹھتے وقت تھورا مڑکر بیٹھنے کی کوشش کریں، اگر ۴۵/ درجہ دائیں یا بائیں مڑجائیں گے تو بالاتفاق کراہت ختم ہوجائے گی، اگر اتنا نہ مڑسکیں تو جتنا مڑسکیں اتنا ہی کافی ہے، بعض فقہاء نے تصریح کی ہے کہ استنجا کے وقت اگر معمولی انحراف ہو تب بھی کراہت ختم ہوجاتی ہے۔ ورنہ اگر ہاسٹل چینج کرنے میں سہولت ہو چینج کر لیں۔
(۴) سوال:مفتی صاحب معلوم یہ کرنا، ہے کہ اگر قرآن کو کوئی سننے والا نہ ہو تو قرآن کو زور سے پڑھنا کیا مکروہ ہے ؟
جواب:قرآن کریم کو زور سے بھی پڑھ سکتے ہیں اور آہستہ بھی پڑھ سکتے ہیں، چاہیں کوئی سننے والا ہو یا نہ ہو۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
