Skip to content

   

Masail by topic

Dress & Modesty

26 masail · Clothing, hair and adornment, and who must veil from whom.

لباس و پردہ

Jumuah 8716 January 2026

(۱) سوال:سوال: نیچورل براون کلر میں مہندی ملاکر بالوں میں لگانا کیسا ہے؟

الجواب وباللہ التوفیق:آپ اپنے سر اور داڑھی کے سفید بالوں میں جو خضاب استعمال کرتے ہیں اس کو لگانے کے بعد اگر بالوں کا کلر کالا (سیاہ) دِکھتا ہے تو اس طرح کے خضاب سے احتراز کریں، سرخ مہندی کا خضاب استعمال کریں یہ بہتر اور مستحب ہے۔

Jumuah 8716 January 2026

(۳)  سوال:۔کیا الکوحل سر میں بالوں کو بڑھانے کے لئے لگا سکتے ہیں یا نہیں؟

الجواب وباللہ التوفیق:نہیں۔(آپکے مسائل اور انکا حل ج ۸ ص ۳۷۶)

Jumuah 8228 November 2025

(۱) سوال:باپ کی دوسری بیوی (سوتیلی ماں) کا مجھ سے پردہ ہے یا نہیں؟

جواب:سوتیلی ماں پردہ نہیں کریگی، اگر فتنہ کا اندیشہ ہو تو پھر پردہ کریں۔

Jumuah 7626 September 2025

(۶)سوال:خواتین کے لئے اپنے جسم کے بالوں کو صاف کرنے کا کیا حکم ہے؟

جواب:خواتین کے لیے اپنے چہرے کے غیر معتاد بال مثلاً داڑھی کی جگہ، مونچھ،  پیشانی وغیرہ کے بال یا کلائیوں اور پنڈلیوں کے بال یا دیگر جسم کے بال (کاٹ کر، یا ویکس کے ذریعہ یا پاؤڈر وغیرہ سے) صاف کرنا جائز ہے، البتہ ان بالوں کو نوچ کر نکالنا مناسب نہیں،  کیوں کہ اس میں بلاوجہ اپنے جسم کو اذیت دیناہے، کسی پاؤڈر وغیرہ کے ذریعہ صاف کر لیا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔

Jumuah 7519 September 2025

(۱) سوال:حضرت میرا سوال ہے کہ خواتین کاچوڑی ناپہنناکیساہے، بعض خواتین کہتی ہیں کہ جوخواتین چوڑی نہیں پہنتیں ان کے ہاتھ کھانا پینا حرام ہے؟

جواب:خواتین کا چوڑی پہننا جائز درجے کا عمل ہے، اگر نہ پہنیں تو بھی کوئی حرج نہیں ہے؛ البتہ یہ بات جو مشہور ہے کہ جو خواتین چوڑی نہیں پہنتیں ان کے ہاتھ کھانا پینا حرام ہے یہ بالکل غلط ہے، اس کی کوئی اصل نہیں ہے۔ (اغلاط العوام)

Jumuah 7519 September 2025

(۲) سوال:عورت اگر کان میں بالی یا بندے نہ پہنے تو کیا حکم ہے؟

جواب:خواتین کا کان میں بالی یا بندے پہننا جائز درجے کا عمل ہے، اگر نہ پہنیں تو بھی کوئی حرج نہیں ہے۔

Jumuah 7519 September 2025

(۵) سوال:آج کل لوگ سر کے ٹوٹے ہوئے بالوں کو جمع کرکے بیچ رہے ہیں، کیا یہ جائز ہے؟

جواب:انسانی بالوں کی خرید و فروخت شرعاً جائز نہیں ہے، بلکہ بال انسانی جسم کا حصہ ہونے کی وجہ سے قابلِ احترام ہیں، اور اگر وہ بال عورت کے ہوں تو اجنبی مرد کے لیے عورت کے ٹوٹے ہوئے بالوں کو دیکھنا بھی جائز نہیں ہے، اس لیے سر میں کنگھی کرتے ہوئے عورتوں کے جو بال گر جائیں انہیں کسی جگہ دفنا دینا چاہیے، اگر دفنانا مشکل ہو تو کسی کپڑے وغیرہ میں ڈال کر ایسی جگہ ڈال دیے جائیں جہاں کسی اجنبی کی نظر نہ پڑے۔

Jumuah 624 May 2025

(۲) سوال :مسلہ یہ ہے کہ سگے داماد سے پردہ ہے یا نہیں؟

جواب:واضح رہے داماد و ساس کے درمیان محرم کا رشتہ ہے اور شادی کے بعد ساس مثل ماں اور داماد مثل بیٹا کے ہوتا ہے اسی وجہ سے ان دونوں کے درمیان کوئی پردہ نہیں ہے۔

Jumuah 5210 January 2025

(۴) سوال :کیا غیر شادی شدہ لڑکی پردے میں رہ کر نامحرم لڑکے کو دیکھ سکتی ہے؟ کیونکہ لڑکی کا کہنا ہے کہ بغیر دیکھے نکاح کر لیا جائے تو بعد میں ناپسندیدہ کی وجہ سے تنازعات ہوتے ہیں۔

جواب:پہلے رشتہ کی بات کریں۔پھر بعد میں دیکھیں ورنہ تو ہر کوئی ہر کسی کو اسی طرح سے دیکھنے کی شکل نکال لیگا۔پردہ کا حکم مرد اور عورت دونوں کو ہے نا کہ صرف ایک کو۔

Jumuah 4920 December 2024

(۴) سوال:کیا پہنے ہوئے اپنے یا بچوں کے کپڑے پرانے ہو جائیں تو کاٹ کر صفائی یا پوچھا کے لئے استعمال کرسکتے ہیں؟

جواب:پہننے کے کپڑے جب پرانے ہوجائیں اور قابلِ استعمال ہوں تو کسی غریب کو استعمال کے لیے دیئے جاسکتے ہیں، اگر وہ قابلِ استعمال نہ ہوں تو انہیں صفائی کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

Jumuah 4722 November 2024

(۱) سوال:سر پر جو سفید بال ہوتے ہیں ان کو اکھیڑنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب:مومن کے لیے سفید بال زینت کا باعث ہیں، اور احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جو شخص دین اسلام پر قائم ہو اور اس حال میں وہ بڑھاپے میں داخل ہوجائے تو یہ سفید بال قیامت کے دن اس شخص کے لیے روشنی کا باعث ہوں گے، اس لیے داڑھی یا سر میں سے سفید بال اکھیڑنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ سفید بالوں کا رنگ متغیر کرنے کے لیے خالص سیاہ خضاب کے علاوہ کوئی اور خضاب لگانا جائز ہے۔البتہ اگر کسی شخص کے بال قبل از وقت سفید ہوگئے ہوں تو ضرورت کی بنا پر جب کہ محض زیب و زینت مقصود نہ ہو توسفید بال چننے کی بھی گنجائش ہے۔

Jumuah 441 November 2024

(۱) سوال:سوال: کیا اسلام میں جعلی بال (وگ) بیچ کر کمایا جا سکتا ہے؟

جواب:اگر بنائی جانے والی وگ انسانی بالوں پر مشتمل ہو، یعنی: وہ مصنوعی بال نہ ہوں، بلکہ کسی انسان کے بالوں کو کاٹ کر وگ بنائی گئی ہو تو اس کی خرید و فروخت ناجائز اور حرام ہے اور انسانی بالوں کی خرید و فروخت سے جو کمائی حاصل ہوگی وہ بھی ناجائز اور حرام ہوگی، یہی حکم خنزیر کے بالوں سے بنائی گئی وگ کا ہے۔ اور اگر وہ بال انسان یا خنزیر کے نہ ہوں بلکہ مصنوعی طور پر وگ بنائی گئی ہو تو ایسی وگ کو فروخت کرنے کی شرعاً اجازت ہے۔

Jumuah 3923 August 2024

(۵) سوال:داڑھی کا خط بناتے وقت حلق کے اوپر جو بال ہیں انکو کاٹ سکتے ہیں؟

جواب:رخسار اور حلق کے بال داڑھی میں داخل نہیں؛ لہٰذا رخسار اورحلق کے بالوں کو منڈانے کی گنجائش ہے، لیکن نہ منڈانا بہتر ہے۔

Jumuah 3816 August 2024

(۳) سوال:خواتین کیلئے بیلٹ کی شلوار پہننا کیسا ہے؟

جواب:بیلٹ والی شلوار جو خواتین پہنتی ہیں وہ عام شلوار کے مقابلہ میں کچھ زیادہ چوڑی ہونے کی وجہ سے زیادہ آرام دہ ہوتی ہے، اس تفصیل کے مطابق خواتین کے لیے بیلٹ والی شلوار پہننے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

Jumuah 3512 July 2024

(۲)سوال:مفتی صاحب معلوم یہ کرنا ہے کہ کیا مرد حضرات ریشمی لباس نہیں پہن سکتے ہیں؟ ریشم کا کپڑا کیا ہوتا ہے؟ اور ریشم کو کیا سلک کے نام سے بھی بولا جاتا ہے؟

جواب:ریشم کا کپڑا پہننا مسلمان مردوں کے لیے حرام ہے، سلک بھی ریشم کوکہتے ہیں، لہٰذا اس کا بھی وہی حکم ہوگا۔ اگر آپ کی مراد سلک سے کچھ اور ہے تو اس کی وضاحت فرمائیں۔ اس کے بعد جواب تحریر کیا جائے گا۔ ریشم وہ کہلاتا ہے جو ریشم کے کیڑوں سے تیار کیا گیا ہو۔

Jumuah 345 July 2024

(۲) سوال:میری والدہ عدت میں ہیں۔ تو کیا ان کا اپنے دیور اور نند کے بیٹوں سے پردہ ہے؟ اور کیا ان کو اپنے سگے بھتیجے کے بیٹے سے بھی پردہ کرنا ہوگا؟

جواب:محرم شرعی بحق عورت وہ مرد ہوتا ہے کہ جس سے ہمیشہ ہمیش کے لیے نکاح حرام ہو، جیسے بیٹا، بھائی، چچا عورت کا اپنا سگا بھتیجہ اپنا سگا بھانجہ وغیرہ اور شوہر کا سگا بھتیجہ (دیور کا لڑکا) اور بھانجہ (نند کا لڑکا) چچی اور ممانی کے حق میں محرمِ شرعی نہیں ہوتے کیونکہ چچا اور ماموں کے انتقال اورعدت گذرنے کے بعد چچی اور ممانی سے نکاح درست وحلال ہوجاتا ہے۔ اس لئے ان سے پردہ ہوگا۔

عورت کے اپنے سگے بھتیجے اور بھتیجیاں، بھانجے اور بھانجیاں محرم ہیں،ان سے شرعی پردہ نہیں ہے،اور جس طرح یہ محرم ہیں اور ان سے پردہ نہیں ہے اسی طرح ان کی اولاد بھی محرم ہے اور اُن سے شرعی پردہ نہیں ہے،اور پھر اسی طرح ان کی اولادوں سے بھی پردہ نہیں ہے۔

Jumuah 293 May 2024

(۲) سوال:کیا مرد کے لئے لال کپڑا پہننا حرام ہے ؟

جواب:گاڑھا سرخ، شوخ گلابی اور جو رنگ زنانے شمار ہوتے ہیں ان رنگوں کے کپڑے مردوں کے لیے مکروہ تنزیہی ہیں۔

Jumuah 2622 March 2024

(۱) سوال:روزے کی حالت میں عورتوں کے لئے لپ اسٹک لگانا کیسا ہے؟ یا رمضان کے بعد میں بھی عورتوں کے لئے لپ اسٹک لگانا جائز ہے یا نہیں اس کی شرعی حقیقت کیا ہے؟

جواب:لپ اسٹک کے اجزاء کا منہ میں جانے کا خطرہ رہتا ہے؛ لہذا روزہ میں لپ اسٹک لگانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ لپ اسٹک لگانے کے بارے میں یہ ہے کہ اگر کوئی حرام یا ناپاک چیز کی آمیزش نہ ہو تو استعمال کرنا جائز ہے، اگر تحقیق سے ثابت ہو جائے کہ کسی لپ اسٹک میں حرام اجزاء شامل ہیں تو اس کا لگانا جائز نہیں ہوگا۔ واللہ اعلم

Jumuah 19Jumuah Session 19

سوال:كیاحائضہ بالوں میں کنگھی لگا سکتی ہے ؟ اور کنگھی لگاتے وقت بال گر جائیں تو ان گرے ہوئے بالوں کا کیا حکم ہے ؟

جواب :واضح رہے کہ حیض و نفاس نجاست حکمی ہیں۔ جس کی وجہ سے حائضہ وغیرہ  کا ظاہری جسم ناپاک نہیں ہو تا۔ نیز حائضہ کے لئے حالت حیض میں صرف نماز روزے کی ادائیگی، قرآن مجید کی تلاوت ، مسجد میں داخلہ اور ازدواجی تعلقات قائم کرنے کی ممانعت ہے، اس کے علاوہ دنیا کے تمام امور سر انجام دے سکتی ہے اور صفائی ستھرائی وزیب و زینت بھی اختیار کر سکتی ہے۔

لہذا مسئولہ صورت میں حائضہ کے لئے سر کے بالوں میں کنگھی کرنا جائز ہے۔ اس میں کوئی مضائقہ نہیں نیز چوں کہ اجنبی مرد کیلئے عورت کے ٹوٹے ہوئے بالوں کو دیکھنا بھی جائز نہیں ہے۔ اس لئے سر میں کنگھی کرتے ہوئے عورتوں کے جو بال گر جائیں انہیں کسی جگہ دفنا دینا چاہئے، اگر دفنانا مشكل ہو تو کسی ایسی جگہ پر ڈالے جہاں اجنبی کی نظر نہ پڑے۔

Jumuah 19Jumuah Session 19

سوال :بعض عورتیں پر دہ ایسی چادروں سے کرتی ہیں جن پر ڈیزائن وغیرہ بنائے گئے ہوں کیا باہر ایسی چادروں یا ایسے عبایہ، برقعہ استعمال کرنے کی امانت ہے ؟ جس پر پھول اور دیگر قسم کے ڈیزائن اور نقش و نگار بنائے گئے ہوں۔

جواب :برقعہ سادہ ہوں اس میں نقش و نگار اور زیب وزینت نہ ہو، اور نہ ہی ایسا رنگ ہو جو جاذب نظر ہونے کی وجہ سے مردوں کی توجہ کا سبب بنے۔

برقعہ چست نہ ہو کہ اس سے جسم کی ہیئت اور نشیب و فراز ظاہر ہو بلکہ ڈھیلا ڈھالا ہو جس سے جسم ظاہر نہ ہو۔

بر قه باریک نہ ہو جس سے جسم یا جسمانی ساخت ظاہر ہو۔

برقعہ اس قدر بڑا ہو جس میں جسم اچھی طرح چھپ جانے۔

برقعہ مردوں کے لباس کے مشابہ نہ ہو اسی طرح کافروں یا بے دین بیزار عورتوں کے فیشنی برقعہ کے مشابہ نہ ہو کیوں کہ ان لوگوں کی مشابہت اختیار کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

بر قعہ پر مہكنے والی خوشبو نہ لگائی جائے، جو مردوں کیلئے فتنے کا سبب بنے۔

لہذا مسئولہ صورت میں عورتوں کے باہر نکلنے کے وقت نقش و نگار اور مزین اور ایسا جاذب نظر برقعہ، عبایہ، چادر پہننا جو نامحرموں کواس کی طرف دیکھنے پرمجبور کرے جائز نہیں برقعہ سادہ اور ڈھیلا ڈھالا ہو نا چاہئے جس میں جسم یا اندر کا زنانہ لباس نظر نہ آئے اور اس سے اعضاء کی ساخت و ہیئت نظر نہ آئے۔ نیز رنگ بھی ایسا ہو جو دیکھنے والوں کو مائل نہ کرے۔

Jumuah 16Jumuah Session 16

سوال:آج کل میکپ کی چیزوں میں بھی حلال پروڈکٹ کا استعمال ہوتا ہے اور لپسٹک وغیرہ میں رنگ بھی ہوتے ہیں تو کیا یہ جائز ہے؟

جواب:حلال چیز تو استعمال کر ہی سکتے ہیں۔ حرام اشیاء و آمیزش والی سے بچنا ہے۔ میک اپ صرف شوہر کے لئے جائز ہے۔ اس کے علاوہ کے لئے ناجائز و حرام ہے۔ لپسٹک جس میں پرت و تہ نہ جمتی ہو۔ صرف مہندی کی طرح سرخی آتی ہو۔ تو وہ درست ہے۔ باقی نا جائز ہیں۔

Jumuah 15Jumuah Session 15

سوال:بال سنوار تے وقت بال ٹوٹتے ہوں تو ان کو سنبھالنا چاہئے یا کوڑا دان میں پھینک دینا چاہئے؟ اس طرح ناخن وغیرہ کا کیا حکم ہے؟ ان کو کوڑا دان میں پھینک سکتے ہیں؟

جواب:کٹے ہوئے بال اور ناخن جز انسانی ہونے کی وجہ سے قابل احترام ہیں۔ اسلئے بہتر ہے کہ انہیں دفن کر دیا جائے ، یا کسی پاک جگہ میں ڈال دیا جائے۔ کوڑا دان میں ڈالنے میں ان کی بے احترامی ہے۔

Jumuah 7Jumuah Session 7

سوال:کیا چہرے کے غیر ضروری بال نکال سکتے ہیں یا نہیں ؟

جواب:خواتین کے لیے چہرے کے بالوں سے متعلق حکم : خواتین کے لیے اپنے چہرے کے خلاف عادت آنے والے بال مثلا داڑھی مونچھ، پیشانی وغیرہ کے بال یا کلائیوں اور پنڈلیوں کے بال یا جسم کے دیگر بال ( سر کے علاوہ ) صاف کرنا جائز ہے، البتہ ان بالوں کو نوچ کر نکالنا مناسب نہیں، کیوں کہ اس میں بلاوجہ اپنے جسم کو اذیت دینا ہے، کسی پاؤڈر وغیرہ سے کے ذریعہ یا کسی ایسے طریقہ سے جس سے تکلیف نہ ہو، یہ بال صاف کر لیے جائیں تو زیادہ بہتر ہے۔

مردوں کے لیے چہرے کے زائد بالوں سے متعلق حکم: اسی طرح مردوں کے داڑھی کے بال ایک مشت سے زائد ہو جا ئیں تو ان کا کاٹنا جائز ہے۔ اور ڈاڑھی کے علاوہ مثلاً جبڑوں کی ہڈی سے اوپر گال پر آنے والے بال کا ٹنا بھی جائز ہے۔

Jumuah 5Jumuah Session 5

سوال:مفتی صاحب یہ معلومات کرتی ہے کہ سسر کے مرنے کے بعد دامادوں کا ساس سے پردہ ہے کہ نہیں؟

جواب:ساس کا دامادوں سے پردہ نہیں ہے۔ کیونکہ ساس محرمات ابدیہ (ایسی عورتیں جن سے كبھی نکاح نہیں ہو سکتا) میں سے ہے۔

Jumuah 3Jumuah Session 3

سوال:مردوں کیلیے ریشمی لباس استعمال کرنا کیسا ہے؟

جواب:حدیث شریف میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن اس حال میں باہر تشریف لائے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک دستِ مبارک میں ریشم اور دوسرے میں سونا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ دونوں چیزیں میری امت کے مردوں پر حرام ہیں اور میری امت کی عورتوں کے لیے حلال ہیں۔ لہذا صورت مسئولہ میں خالص ریشمی لباس کا استعمال مردوں کے لیے جائز نہیں اور عورتوں کے لیے جائز ہے۔

Jumuah 1Jumuah Session 1

سوال:ماڈرن برقعہ کے بارے میں شریعت میں کیا حکم ہے؟

جواب:برقعہ کا مقصد ستر اور پردہ پوشی ہے۔ چنانچہ نقش ونگار سے مزین اور ایسا جاذب نظر برقع پہننا جو نامحرموں کو اس کی طرف دیکھنے پر راغب کرے؛ درست نہیں ہے، برقعہ انتہائی سادہ اور ڈھیلا ڈھالا ہونا چاہیے جس میں جسم یا اندر کا زنانہ لباس نظر نہ آئے اور اس سے بدن کے نشیب وفراز اور اعضاء کی ساخت و ہیئت بھی ظاہر نہ ہو، حضرت مفتی محمد شفیعؒ صاحب فرماتے ہیں: امام جصاصؒ نے فرمایا: جب زیور کی آواز تک کو قرآن نے اظہار زینت میں داخل قرار دے کر ممنوع کیا ہے، تو مزین رنگوں کے برقعے پہن کر نکلنا بدرجہ اولیٰ ممنوع ہوگا۔

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab