بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:نماز میں ثنا پڑھنے کا کیا حکم ہے؟
جواب:نماز میں تکبیر تحریمہ کے بعد قراء ت سے پہلے امام، مقتدی اور منفرد سب کے لیے ثناء پڑھنا سنت ہے۔ اگر کوئی شخص امام کے نماز شروع کرنے کے بعد آکر نماز میں شامل ہو تو اس کے لیے یہ حکم ہے کہ اگر امام نے بلند آواز سے قراء ت شروع کردی ہو تو وہ ثناء نہ پڑھے، اگر امام نے بلند آواز سے قراء ت شروع نہیں کی، یا امام نے قراء ت شروع کردی، لیکن سری نماز ہونے کی وجہ سے بلند آواز سے نہیں، جیسا کہ ظہر اور عصر کی نماز میں تو بعد میں شامل ہونے والا ثناء پڑھ کر شامل ہوجائے۔
سوال:لبیبہ نام کا مطلب کیا ہے؟ کیا یہ نام رکھا جا سکتا ہے؟
جواب:واضح رہے کہ’’ لَبِیْبَہ ‘‘ لُبٌّ (لام کے ضمہ اور باء کی تشدید کے ساتھ) سے ہے، جس کا معنی ہر چیز کا خالص، لَبِیْبَہ کا معنی عقلمنداور ہوشیار ہے اور اس کا ایک معنی تلبیہ پڑھنے والی بھی ہے اور ان سب سے بڑھ کر ایک صحابیہ رضی اللہ عنہا کا نام بھی ہے، لہذا یہ نام رکھنا درست ہے۔
سوال:مردوں کیلیے ریشمی لباس استعمال کرنا کیسا ہے؟
جواب:حدیث شریف میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن اس حال میں باہر تشریف لائے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک دستِ مبارک میں ریشم اور دوسرے میں سونا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ دونوں چیزیں میری امت کے مردوں پر حرام ہیں اور میری امت کی عورتوں کے لیے حلال ہیں۔ لہذا صورت مسئولہ میں خالص ریشمی لباس کا استعمال مردوں کے لیے جائز نہیں اور عورتوں کے لیے جائز ہے۔
سوال:اگر عورت رات میں بغیر دوپٹہ کے سوئے اور اسی حالت میں فجر کی اذان تک سوتی رہے تو کیا اس کے سر پر شیطان پیشاب کردیتا ہے، اور ایسی عورت کو کل فرشتے جنت میں بھی جانے سے روک دیں گے، کہ اس کے سر سے بدبو آرہی ہوگی۔ کیا یہ صحیح ہے؟
جواب:کافی تلاش کے باوجود یہ روایت ہمیں کتبِ احادیث میں نہیں مل سکی، لہذا جب تک کسی معتبر سند کے ساتھ یہ الفاظ بطورِ حدیث کے نہ مل جائیں، انہیں بیان کرنے سے احتراز کیا جائے۔
سوال:کیا قربانی کے لئے نصاب پر زکوۃ کی طرح سال کا گزرنا شرط ہے؟
جواب:قربانی واجب ہونے کے لیے نصاب کے مال، رقم یا ضرورت سے زائد سامان پر سال گزرنا شرط نہیں ہے، اور تجارتی ہونا بھی شرط نہیں ہے، ذی الحجہ کی دس تاریخ سے بارہویں تاریخ کے سورج غروب ہونے سے پہلے اگر نصاب کا مالک ہوجائے تو ایسے شخص پر قربانی واجب ہے۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
