Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 4

Jumuah Session 4

5 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال:ایک شخص نے قربانی کی نیت سے جانور پالا لیکن اب وہ یہ چاہتا ہے کہ اس کو فروخت کرکے ایک حصہ بڑے جانور میں لے لے تو کیا اس کا اس طرح کرنا درست ہے یا نہیں؟ جواب دیکرشکریہ کا موقع عنایت فرمائیں۔

جواب:قربانی کا جانور متعین کرنے کے بعد اسے تبدیل کرنا مناسب نہیں ہے، تاہم اگر صاحب نصاب شخص قربانی کا متعین شدہ جانور تبدیل کرکے دوسرے جانور کی قربانی کرے تو قربانی درست ہوجائے گی، البتہ اگر جانور تبدیل کرنے کے لیے پہلے جانور بیچ دے تو دوسرا جانور پہلے سے کم قیمت والا نہ ہو، یا اگر حصہ لے رہا ہے تو اس سے کم قیمت کا نہ ہو۔ اور اگر دوسرا جانور یا حصہ اس سے کم قیمت والا ہو تو بقیہ اضافی رقم بھی صدقہ کردے۔

اور فقیر کے لئے قربانی کا جانور بیچ کر کسی بڑے جانور میں ایک حصہ لینا جائز نہیں ہے، بلکہ اس جانور کی قربانی لازم ہے لیکن اگر بیچ دیا تو مکروہ ہوگا، اور جو زائد قیمت ہے اس کو اپنے استعمال میں نہیں لاسکتا ہے، اس کا صدقہ کرنا واجب ہے۔

(۲) سوال:معلوم یہ کرنا ہے کہ ایک شخص نے بیوی کا مہر ادا نہیں کیا تھا اور اس کا انتقال ہوگیا تو اب ادا کرنے کی صورت کیا ہوگی؟

جواب :بیوی کا مہر شوہر کے ذمہ قرض ہے جس کا اداکرنا واجب ہے۔ اگر ادا نہیں کیا اور مرگیا تو شوہر نے جو کچھ ترکہ چھوڑا ہے اس میں سے پہلے بیوی کا پورا مہر ادا کرنا واجب ہے۔ اس کے بعد ترکہ میں چوتھائی یا آٹھواں حصہ جو کچھ بھی حصہ بیوی کا بنتا ہو وہ حصہ بھی دینا واجب ہے۔

(۳) سوال :ایک بندہ میقات سے بغیر احرام کے مکۃ المکرمہ پہنچا، حج وعمرہ کا ارادہ نہیں تھا؛ بلکہ کام کرنے کا ارادہ تھا۔ اسکو اب میقات واپس جانا اگر مشکل ہو تو مکہ مکرمہ میں نفلی طواف کرسکتے ہیں یا نہیں؟

جواب:مکۃ المکرمہ میں نفلی طواف کرنا ہر حال میں جائز ہے لیکن وہ میقات سے بغیر احرام کے جو مکۃ المکرمہ پہنچا ہے اس کو دو کاموں میں سے ایک کام کرنا لازم ہے یا تو وہ کسی بھی میقات سے جاکر عمرہ کا احرام باندہ کر ارکان عمرہ ادا کرے یا نہ کرسکے تو ایک دم دے دے۔

(۴) سوال:حرام مال جیب میں رکھ کر نماز پڑھنے سے نماز ہوگی یا نہیں؟

جواب:نماز درست ہوجائے گی؛ البتہ حرام ذریعہ سے ملنے والی رقم متعین اور ممتاز ہے تو نماز کے وقت اپنے سے جدا کردیں تو بہتر ہے۔

(۵) سوال:دانت کو کور (Tooth Cap) لگانے سے غسل یا وضو ہو جاتا ہے یا نہیں؟

جواب:دانتوں پر کور وغیرہ اس طرح چڑھایا گیا ہو کہ وہ بالکل فکس ہوگیا ہوتو وہ دانت کے حکم میں ہوجائے گا اور اس حالت میں کلی کرنے سے غسل صحیح ہوجائے گااور وضو میں کلی کرنے کی سنت  بھی ادا ہوجائے گی۔

اور اگر کور کو دانت سے اتارکر دوبارہ چڑھایا جاسکتا ہو یعنی فکس نہ ہو، تو اس صورت میں واجب غسل کے لیے کور کو نکال کر کلی کرنا لازم ہوگا اور وضو میں بھی سنت پر عمل کرنے کے لیے کور اتارنا ضروری ہوگا۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab