بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:مفتی صاحب ، زمزم کو کھڑے ہو کر پینے میں راجح قول کیا ہے؟ کیا یہ مستحب عمل ہے یا صرف جائز ؟
جواب:زمزم کنویں کے پاس کھڑے ہو کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے زمزم کا پینا ثابت ہے اسی بنا پر فقہاء نے اسے کھڑے ہو کر پینا مستحب لکھا ہے۔ اور یہ محض اس پانی کے احترام کی وجہ سے ہے۔
سوال:مفتی صاحب یہ معلومات کرتی ہے کہ سسر کے مرنے کے بعد دامادوں کا ساس سے پردہ ہے کہ نہیں؟
جواب:ساس کا دامادوں سے پردہ نہیں ہے۔ کیونکہ ساس محرمات ابدیہ (ایسی عورتیں جن سے كبھی نکاح نہیں ہو سکتا) میں سے ہے۔
سوال:فرض نماز کے بعد سنت و نوافل کے لیے جگہ بدلنا مستحب ہے یا واجب؟
جواب:فرض نماز کے بعد سنتوں کے لیے جگہ بدلنا لازم و ضروری نہیں ہے، صرف مستحب ہے؛ تا کہ نماز پڑھنے والے کے لیے دو مقام گواہ بن جائیں یا فرائض وسنن میں امتیاز ہو جائے۔
سوال:اگر غسل کرنے کے بعد دانتوں میں کچھ پھنسا رہ جائے تو کیا غسل ہو جائے گا؟
جواب:غسل سے پہلے دانتوں میں پھنسی ہوئی چیز یاد آجائے اور اسے بآسانی نکالنا ممکن ہو تو نکال لینا چاہئے اور اگر نکالے بغیر ہی غسل کر لیا تو بھی غسل درست ہو جاتا ہے کیوں کہ دانتوں میں پھنسی ہوئی کھانے کی چیز نرم اور قلیل مقدار میں ہونے کی وجہ سے پانی پہونچنے سے مانع نہیں ہوتی ۔
سوال:مفتی صاحب نماز میں ثناء پڑھنا کیسا ہے اسکے ترک سے نماز ہو جائے گی؟
جواب:نماز میں تکبیر تحریمہ کے بعد قراء ت سے پہلے امام ، مقتدی اور منفر د سب کے لئے ثناء پڑھنا سنت ہے۔ جان بوجھ کر اسے چھوڑ نا خلاف ادب ہے۔ لیکن نماز ہو جائے گی۔
سوال:ایک حاجی پر نصاب والی قربانی واجب تھی، وہ قربانی نہیں کی صرف حج والی کی تو حج ہوا کی نہیں رہنمائی کریں؟
جواب:اس صورت میں حج تو ادا ہو جائے گا لیکن نصاب والی قربانی نہ کرنے کا گناہ ہوگا۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
