Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 76

26 September 2025

7 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال:سرکار کی جانب سے ملنے والا پیسہ جو ساٹھ سال کے بعد لوگوں کو ملتا ہے (جسے ہمارے یہاں کی زبان میں بھتہ پیسہ کہتے ہیں) کیا وہ ہر ایک کے لئے لینا جائز ہے؟

جواب:سرکار کی طرف سے ساٹھ سال سے زائد عمر کے لوگوں کو حسب شرائط جو پیسہ ملتا ہے وہ خالص امداد ہے، اگر کوئی شخص حکومت کی طرف سے جاری شدہ تمام شرائط کو صحیح صحیح پر کرتا ہو تو اس کے لیے بھتہ پیسہ لینا جائزہے ورنہ نہیں۔

(۲)سوال:زید کی والدہ بیمار ہونے کے باوجود بھی دوا نہیں لیتی ہیں اس وہم کی وجہ سے کہ شاید زید کے والد لعن طعن کرینگے حالانکہ ایسا نہیں ہے تو کیا اس صورت میں زید اپنی والدہ سے تلخ لہجہ میں دوا لانے کو بول سکتا ہے یا نہیں وضاحت فرما کر ممنون ہوں

جواب:والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کا معاملہ کرنا شرعاً ضروری ہے، ان کے ساتھ بدکلامی کے ساتھ پیش آنے یا تلخ کلامی کرنے کی ممانعت بیان کی گئی ہے،والدین خواہ ظالم ہی کیوں نہ ہوں اور زیادتی اگرچہ ان کی طرف سے ہو رہی ہو تب بھی اولاد کا کام ان کا احتساب یا اصلاح نہیں ہے۔ یہ بات سمجھانے کے کوئی بہتر طریقہ اپنائیں۔

(۳)سوال:خالص ترین تانبے سے تیار جس پر طاقتور ترین روحانی الفاظ کنندہ ہیں۔ کڑے کو بازو میں پہننے سے ہر قسم کی بندش‘ کالاسفلی عمل‘ جادو‘ نظر بد‘جنات سے انسان محفوظ رہتا ہے۔ ایسا اس کے بارے میں کہا جاتا ہے۔ تو کیا اس کا پہننا جائز ہے؟

جواب:ہاتھ میں کڑا پہننے میں عورتوں کیساتھ مشابہت ہے نیز بعض غیر مسلموں کا بھی یہ شعار ہے؛ اس لیے مردوں کے لیے ہاتھ میں کڑا پہننا شرعا جائز نہیں ہے الا یہ کہ یہ کڑا علاج میں اس قدر مفید ہو کہ دیگر کوئی علاج اس درجے کا مفید نہ ہو نیز اس میں کندہ روحانی الفاظ میں خلاف شرع کوئی چیز نہ ہو، ورنہ بہ طور علاج بھی اسے پہنناجائز نہ ہوگا۔

(۴)سوال:ہمارا ایک عزیز ایک عیسائی کیتھولک لڑکی کے ساتھ رہ رہا ہے اور اس کی والدہ چاہتی ہے کہ ان کا نکاح ہو جائے، کیا اس سے نکاح جائز ہے اگر وہ لڑکی اسلام قبول نہ کرے؟

جواب:عیسائی لڑکی (یعنی کتابیہ) سے نکاح اگرچہ ناجائز نہیں ہے لیکن موجودہ زمانے کے عیسائی اپنے صحیح عقیدے پر قائم نہیں، اس بات کا قوی امکان ہے کہ مسلم لڑکا بھی اپنے دین ومذہب سے برگشتہ ہوجائے، بنا بریں احتیاط وسلامتی اسی میں ہے کہ عیسائی لڑکی سے شادی نہ کی جائے۔ الا یہ کہ وہ اسلام قبول کرلے۔

(۵)سوال:میرا سیمنٹ کا کاروبار ہے، ایک سیمنٹ کی بیگ کا خریدی ریٹ 300 روپے پر بیگ ہے آج کل کمپٹیشن کی وجہ سے اکثر دوکاندار ایک نئے کسٹمر کو خرید ریٹ سے بھی کم یعنی 300 کی جگہ 290 میں نقصان میں سیل کرتے ہیں تاکہ کہ کسٹمر دوسرے کے پاس نا جائے، ایک بار کسٹمر کو بھروسہ ہو گیا تو وہ برابر سیمنٹ لے گا، اور بعد میں ریٹ اوپر نیچے ہوتا ہے، اس وقت ہم منافع کما سکتے ہیں تو کیا خرید ریٹ سے کم میں بیچنا اسلام میں جائز ہے؟

جواب:دکان دار کا اپنا کوئی مال، خرید ریٹ سے کم پر بیچنا اُس کی اپنی مرضی ومصلحت پر مبنی ہے اور جائز مصلحت کے تحت ایسا کرنے میں شرعاً کچھ مضایقہ نہیں؛ البتہ دوسرے دکان دار وں کو نقصان پہنچانے کا قصد وارادہ نہیں ہونا چاہیے، صرف گاہک بنانا یا باقی رکھنا مقصود ہو، نیز آیندہ اُس (گاہک) کے ساتھ دھوکہ دھڑی وغیرہ بھی نہ کی جائے۔

(۶)سوال:خواتین کے لئے اپنے جسم کے بالوں کو صاف کرنے کا کیا حکم ہے؟

جواب:خواتین کے لیے اپنے چہرے کے غیر معتاد بال مثلاً داڑھی کی جگہ، مونچھ،  پیشانی وغیرہ کے بال یا کلائیوں اور پنڈلیوں کے بال یا دیگر جسم کے بال (کاٹ کر، یا ویکس کے ذریعہ یا پاؤڈر وغیرہ سے) صاف کرنا جائز ہے، البتہ ان بالوں کو نوچ کر نکالنا مناسب نہیں،  کیوں کہ اس میں بلاوجہ اپنے جسم کو اذیت دیناہے، کسی پاؤڈر وغیرہ کے ذریعہ صاف کر لیا جائے تو زیادہ بہتر ہے۔

(۷)سوال:صدقات بلاؤں کے ختم کرنے کا ذریعہ ہیں بعض لوگ بکرا ذبح کرنا صدقہ سمجھتے ہیں، مفتی صاحب صدقہ کی حقیقی تعریف کیاہے؟

جواب:صدق کے معنیٰ سچائی کے ہیں،غالباً صدقہ کا لفظ اسی سے ماخوذ ہے عندالشرع صدقہ ہر وہ عطیہ ہے جو بلامعاوضہ رضائے الٰہی کے لئے نادار فقیراور محتاج ومسکین کو دیاجائے۔ بہت سے ناواقف لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ صدقہ بکر ا ذبح کرنے کے ذریعہ ہوتاہے، بلکہ صدقہ نام ہے فقیروں کی ضرورت پوری کرنے کا اور فقیروں کے پیٹ بھرنے کا اور یہ روپیہ پیسہ کے ذریعہ بھی با آسانی پورا کیا جا سکتا ہے۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab