بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:یا خاص دنوں (ایام حیض) میں عورت کے لیے (تسبیحا ت) ذکر اللہ کرنا جائز ہے؟
جواب:جی ہاں! ایام حیض میں عورت کے لیے تسبیحات و ذکر اللہ جائز ہے۔
(۲)سوال:براہ مہربانی میری رہنمائی فرمائیں کہ اگر ایک عورت کی کوئی اولاد نہ ہو تو کیا وہ اپنے حقیقی بھتیجے کو لے پالک (منہ بولا بیٹا) بناسکتی ہے؟ اور کیا وہ بھتیجا اس کا محرم ہوگا؟
جواب:عورت کے لئے اپنے بھتیجے کو لے پالک بنانے میں شرعاً کوئی قباحت نہیں، جبکہ بھتیجا لے پالک (منہ بولا بیٹا) بننے سے پہلے بھی اپنی پھوپھی کے لئے محرم ہی ہوتا ہے۔
(۳)سوال:کچھ لوگ کہتے ہی کہ چونکہ سالی سے نکاح بیوی کی زندگی میں نہیں ہو سکتا اس لئے وہ بیوی کی حیات میں محرم اور بیوی کی وفات کے بعد نا محرم ہے لہذا بیوی کی حیات میں اس سے وہ تمام روابط رکھے جائیں جو دیگر محارم سے رکھے جاتے ہیں، جواب عطا فرما کر ممنون فرمائیں؟
جواب:واضح ہو کہ شرعاً محرم وہ عورت ہے جس سے نکاح کرنا ہمیشہ کیلئے حرام ہو جبکہ سالی ایسی نہیں ہے لہذا سالی اور بہنوئی غیر محرم ہیں، ان کا باہم پردہ کرنا لازم ہے۔
(۴)سوال:میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا کسی کے لیے خود کشی کرنے کی گنجائش ہوتی ہے؟ میں اپنے حالات میں پھنسا ہوا ہوں، اور مجھے خوف ہے کہ آنے والے دن بہت ہی مشقت والے ہوں گے، اور یہ بات نہیں ہے کہ مجھے اللہ کی رحمت پہ شک ہے، بس یہ ہے کہ میں بہت خوف زدہ ہوں، اگر میں خود کشی کر لوں کیا میں یقینی طور پر جہنم میں جاؤں گا، یا پھر میری بھی بخشش ہو جائے گی؟
(۵)جواب:خود کشی حرام اور اس کو حلال سمجھنا بھی بڑے گناہ کی بات اور بسا اوقات کفر کا باعث بن جاتی ہے، اور ایسے شخص کا ٹھکانہ جہنم ہے، اس لیے سائل پر لازم ہے کہ بجائے ایسے باتوں کے سوچنے وغیرہ کے اہل اللہ کی صحبت اختیار کرے اور اپنے سابقہ تمام گناہوں پر ندامت کے ساتھ بصدقِ دل تو بہ واستغفار کر کے اپنے آپ کو اتباع سنت کا خوگر بنائے اور رجوع الی اللہ کرے۔
(۶)سوال:حضرت ایک مسئلہ پوچھنا ہے کہ میری ایک مہینہ پہلے منگنی ہوئی ہے، تو کیا ہم میسیج کے ذریعہ لڑکی سے بات کرسکتے ہیں؟ بعض لوگ کہہ رہے ہیں کال پر جائز نہیں ہے۔ میسیج کے ذریعہ کر سکتے ہیں؟
جواب:سائل کے لیے اپنی منگیتر سے میسج پر بھی غیر ضروری بات کرنا درست نہیں،بلکہ سائل کو چاہیے کہ نکاح ہوجانے سے قبل اپنی منگیتر کے ساتھ غیر ضروری بات کرنے سے اجتناب کرے۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
