بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:مسافر مسبوق آخری رکعت کے قعدہ میں شریک ہوا تو اسے اب کتنی رکعت پڑھنی چاہیے؟ اور اگر ۲؍ پڑھنی پڑیں گی اور ۴؍ پڑھ لیا تو اسکا کیا حکم ہے؟
جواب:مذکورہ صورت میں اگر مسافر امام کو قعدہ ٔاخیرہ میں پالے تو اس پر امام کی اقتداء کی وجہ سے چار رکعت لازم ہوگئیں، اب اگر دو رکعت پڑھے گا تو اس کی نماز فاسد ہوجائے گی اور اگر چار پڑھ لی ہیں تو نماز صحیح ہوگئی۔
سوال:مسئلہ یہ معلوم کرنا ہے کہ جس زیور کی زکوٰۃ نہ نکلی ہو اس کو بیچ کر کاروبار میں لگانا کیسا ہے؟جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی۔
جواب:صورت مسئولہ میں اس زیور کی قیمت کاروبار میں لگانے کے بعد آمدنی حلال ہے البتہ زکوۃ نہ نکالنے کا گناہ ہوگا۔
سوال:شکرانہ کی نماز پڑھنا سنت ہے یا نہیں؟ بعض لوگ بدعت کہہ رہے ہیں کیا یہ کہنا درست ہے؟
جواب:بطور شکرانہ کے دورکعت نفل پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے، لیکن ان دورکعتوں کے پڑھنے کو ضروری سمجھنا اور نہ پڑھنے والے کو لعن وطعن کرنا، بے اصل ہے۔
سوال:جمعہ کی جو چار رکعت سنت پہلے رہتی ہے اگر وہ چھوٹ جائے وقت کی قلت کی وجہ سے تو کیا بعد میں پڑھنا پڑیگا؟
جواب:جمعہ سے پہلے کی چار رکعت سنت اگر کسی وجہ سے جمعہ سے پہلے پڑھ نہ سکے تو نمازِ جمعہ اور اس کے بعد کی سنتیں پڑھ لینے کے بعد پڑھ لے۔
سوال:جمعہ کی دوسری اذان کا جواب دینا چاہیئے یانہیں؟
جواب:اذانِ ثانی کا جواب دے سکتے ہیں لیکن خطیب کے علاوہ حضرات دل ہی دل میں جواب دیں۔
سوال:ماڈرن برقعہ کے بارے میں شریعت میں کیا حکم ہے؟
جواب:برقعہ کا مقصد ستر اور پردہ پوشی ہے۔ چنانچہ نقش ونگار سے مزین اور ایسا جاذب نظر برقع پہننا جو نامحرموں کو اس کی طرف دیکھنے پر راغب کرے؛ درست نہیں ہے، برقعہ انتہائی سادہ اور ڈھیلا ڈھالا ہونا چاہیے جس میں جسم یا اندر کا زنانہ لباس نظر نہ آئے اور اس سے بدن کے نشیب وفراز اور اعضاء کی ساخت و ہیئت بھی ظاہر نہ ہو، حضرت مفتی محمد شفیعؒ صاحب فرماتے ہیں: امام جصاصؒ نے فرمایا: جب زیور کی آواز تک کو قرآن نے اظہار زینت میں داخل قرار دے کر ممنوع کیا ہے، تو مزین رنگوں کے برقعے پہن کر نکلنا بدرجہ اولیٰ ممنوع ہوگا۔
فقط واللّہ اعلم
Page details
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
