Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 47

22 November 2024

5 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال:سر پر جو سفید بال ہوتے ہیں ان کو اکھیڑنا جائز ہے یا نہیں؟

جواب:مومن کے لیے سفید بال زینت کا باعث ہیں، اور احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جو شخص دین اسلام پر قائم ہو اور اس حال میں وہ بڑھاپے میں داخل ہوجائے تو یہ سفید بال قیامت کے دن اس شخص کے لیے روشنی کا باعث ہوں گے، اس لیے داڑھی یا سر میں سے سفید بال اکھیڑنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ سفید بالوں کا رنگ متغیر کرنے کے لیے خالص سیاہ خضاب کے علاوہ کوئی اور خضاب لگانا جائز ہے۔البتہ اگر کسی شخص کے بال قبل از وقت سفید ہوگئے ہوں تو ضرورت کی بنا پر جب کہ محض زیب و زینت مقصود نہ ہو توسفید بال چننے کی بھی گنجائش ہے۔

(۲) سوال:جو پلاٹ اس نیت سے خریدا ہو کہ اس میں رہ بھی سکتے ہیں اور کرایہ پر بھی دے سکتے ہیں پھر اسکو کرایہ پر دیدیا اب اس پلاٹ کی اصل قیمت میں زکوٰۃ ہوگی یا اس ملنے والے کرایہ پر زکوٰۃ واجب ہوگی؟

جواب:پلاٹ پر زکاۃ صرف اس صورت میں واجب ہوتی ہے کہ جب یہ پلاٹ تجارت کی نیت سے خریدے جائیں، یعنی اسی پلاٹ کو بیچنے کی نیت ہو یا اس پر مکان یا فلیٹ بناکر بیچنے کی نیت ہو۔ اگر اس پر مکان بنا کر اسے کرایہ پر دینے کا ارادہ ہو تو ایسے پلاٹ پر زکاۃ لازم نہیں ہے۔ لہذا اس صورت میں کرایہ کی رقم نصاب میں ملنے کے بعد اگر صاحب نصاب ہوجاتا ہے تو اس پر زکوۃ واجب ہوگی۔

(۳) سوال:کیا نکاح میں ایک مرتبہ ’’قبول ہے‘‘ بولنے سے نکاح مکمل ہو جاتا ہے یا تین مرتبہ ہی قبول ہے بولنا لازم ہے؟

جواب:ملحوظ رہے کہ گواہوں کی موجودگی میں ایک بار ایجاب و قبول کرنا انعقادِ نکاح کے لیے کافی ہے تین بار ایجاب و قبول کرنا ضروری نہیں۔

(۴)سوال:اگر ہم فجر کی نماز میں جماعت میں قائدہ اخیرہ شامل ہوں اور سنت چھوڑ دی تو بعد میں قضا کس وقت کریں؟

جواب:ایسی صورت میں آپ آفتاب طلوع ہونے کے کم سے کم 20 یا 25 منٹ بعد سنت پڑھ لیں۔

(۵)سوال:مفتی صاحب ’’رائزہ‘‘ کے معنی کیا ہے اور یہ نام رکھنا کیسا ہے؟

جواب:یہ لفظ مجھے نہیں مل سکا۔ اگر آپ چاہیں تو ’’عائذہ‘‘ (ذال سے۔ پناہ چاہنے والی) نام رکھ سکتے ہیں۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab