Skip to content

   

Masail by topic

Death & Burial

27 masail · Ghusl and kafan, the janazah prayer, the grave, and isal-e-sawab.

جنازہ و تدفین

Jumuah 1004 September 2026

(۱) سوال:مفتی صاحب اگر كسی كا چالیسواں یا دسواں نہیں منایا تو كیا اس كی مغفرت نہیں ہوگی؟

جواب:دسواں، چالیسواں ، یہ سب امور بدعت ہیں، سلف صالحین کے عمل سے اس کا کوئی ثبوت نہیں ملتا ہے، اسلام میں ان سب کی کوئی اصل نہیں ہے۔ حدیث شریف میں آتا ہے:

کل بدعۃ ضلالۃ وکل ضلالۃ فی النار(صحیح ابن خزیمۃ)

ہر بدعت گمراہی ہے اور ہر گمراہی جہنم لے جانے والی ہے۔

کسی کا چالیسواں یا دسواں نہ منانے پر مغفرت نہ ہونے کی بات غلط ہے۔ اسلام میں سوگ کی مدت صرف تین دن ہے، اس کے علاوہ تمام باتیں خود ساختہ ہیں۔

خلاصہ کلام یہ سب امور بدعت ہیں، ان سب سے بچنا لازم ہے۔

Jumuah 8716 January 2026

(۲)  سوال:۔کیا قبرپر اذان دینا درست ہے اور اسکی طرف رخ کرکے دعاء مانگنا کیسا ہے؟

الجواب وباللہ التوفیق: یہ امور بدعت اور ناجائز ہیں۔(فتاوی محمودیہ جلد ۵ صفحہ ۲۴۴)

Jumuah 8426 December 2025

(۱) سوال:ایک شخص نے زہر کھایا، تو فی الحال انتقال نہیں ہوا، بلکہ ایک مہینہ بعد اس کا انتقال ہوا۔ اب وہ شخص خود کشی کی وعید میں شمار ہو گا یا نہیں ؟

جواب:زہر کھانا یا اس کی کوشش کرنا اگر چہ اس میں نا کامی ہو ۔ بہر کیف خودکشی کی وعید میں داخل ہے۔ اور اگر یہ بندہ اس زہر کی بناء پر ہی مرا ہے تو یہ خود کشی ہی شمار ہو گی ۔

Jumuah 7824 October 2025

(۲) سوال:حضرت، آپ کی خدمت میں یوں عرض ہے کہ کیا کفن پر عہد نامہ کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

جواب:قرآن و حدیث اور سلف صالحین سے عہد نامہ لکھنا ثابت نہیں ہے، بعض کتابوں میں بغیر روشنائی کے صرف انگلی سے کلمہ طیبہ وغیرہ لکھنے کی اجازت منقول ہے؛ لیکن حضرت فقیہ الامت رحمۃ اللہ علیہ نے لکھا ہے کہ یہ اجازت بھی مجتہدین فقہاء کی طرف سے نہیں ہے، اس لیے اس سے بھی احتیاط بہتر ہے۔

Jumuah 7710 October 2025

(۴)سوال:میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ کیا کسی کے لیے خود کشی کرنے کی گنجائش ہوتی ہے؟ میں اپنے حالات میں پھنسا ہوا ہوں، اور مجھے خوف ہے کہ آنے والے دن بہت ہی مشقت والے ہوں گے، اور یہ بات نہیں ہے کہ مجھے اللہ کی رحمت پہ شک ہے، بس یہ ہے کہ میں بہت خوف زدہ ہوں، اگر میں خود کشی کر لوں کیا میں یقینی طور پر جہنم میں جاؤں گا، یا پھر میری بھی بخشش ہو جائے گی؟

(۵)جواب:خود کشی حرام اور اس کو حلال سمجھنا بھی بڑے گناہ کی بات اور بسا اوقات کفر کا باعث بن جاتی ہے، اور ایسے شخص کا ٹھکانہ جہنم ہے، اس لیے سائل پر لازم ہے کہ بجائے ایسے باتوں کے سوچنے وغیرہ کے اہل اللہ کی صحبت اختیار کرے اور اپنے سابقہ تمام گناہوں پر ندامت کے ساتھ بصدقِ دل تو بہ واستغفار کر کے اپنے آپ کو اتباع سنت کا خوگر بنائے اور رجوع الی اللہ کرے۔

Jumuah 676 June 2025

(۱) سوال :یہ ہے کہ ایک بھائی کا انتقال ہوا۔ ان کے وارثین نے امام صاحب سے کسی نماز میں دن اور وقت کی تعیین کے بغیر قرآن خوانی کیلئے اعلان کرنے کو بولا۔ اور جس کے پاس جتنا وقت تھا اتنی دیر بیٹھا ، تلاوت کی اور دعاء ہوئی۔ تو اس طرح اعلان صحیح ہے؟

جواب:اعلان کئے بغیر وارثین اور رشتہ دار کسی نماز میں بیٹھ کر حسب استطاعت پڑھ کر بخش دیں اس میں کوئی قباحت نہیں ہے ؛لیکن اعلان کرنا چاہے وہ دن و وقت کی تعیین کے بغیر ہی کیوں نہ ہو صحیح نہیں ہے۔ اس لئے کہ اس طرح کا اعلان بھی آگے چل کر رواج پاجائیگا اور آنے والے پھر اسی طرح کے نئے عمل کو شریعت سمجھ کر کرنے لگیں گے جو کہ بدعت ہوگا۔

Jumuah 639 May 2025

(۴) سوال:ایک بات یہ عرض کرنی تھی ہم نے اکثر لوگوں کو قبر پر ہاتھ رکھ کر سورۂ تکاثر پڑھتے ہوئے دیکھا تو یہ بات درست ہے یا غلط؟

جواب:قبرستان جاکر کوئی بھی سورت پڑھ کر، اس کا ایصالِ ثواب کرنا شرعاً جائز اور درست ہے، اور اس میں کسی سورت کی تخصیص نہیں، بلکہ جو سورت چاہے پڑھ سکتا ہے، اگر چہ بعض سورتیں مثلاً فاتحہ، اخلاص، زلزال وغیرہ پڑھنے کو فقہاء نے مستحسن و مستحب قرار دیا ہے۔ اور قبر پر ہاتھ رکھ کر پڑھنا حدیث سے ثابت نہیں۔

Jumuah 624 May 2025

(۴) سوال :کیا فرماتے ہیں علماء کرام جس کپڑے پر نماز جنازہ پڑھی جاتی ہے اس کپڑے کا کیا کریں بہت سی جگہوں پر یہ رواج ہے کہ اس کو  گھر نہ لا کر قبرستان میں ہی چھوڑ دیتے ہیں؟

جواب:کسی ضرورت مند کو دیدینا چاہیے قبرستان میں چھوڑ کر آنا، مال کا ضیاع ہے جو شریعت میں جائز نہیں ہے ۔

Jumuah 577 March 2025

(۶) سوال :کیا عورتوں کو بھی جنازہ کی نماز پڑھنی ہوتی ہے حرم میں؟

جواب:عورت طواف یا عمرہ کی ادائیگی کے واسطے حرم میں پہلے سے موجود ہو اور جنازہ کی نماز کھڑی ہوجائے تو وہ عورتوں والے مخصوص حصے میں رہ کر پردہ کے ساتھ نمازِ جنازہ کی جماعت میں شرکت کرسکتی ہے، کیوں کہ نفسِ نمازِ جنازہ پڑھنا عورت کے لیے ممنوع نہیں ہے۔

Jumuah 5531 January 2025

(۲) سوال :جب میت کو غسل دے دیا جاتا ہے تو اس کے بعد لوگ کہتے ہیں کہ آپ کلمہ پڑھ لیں، کبھی آواز ملا کر اُونچا بھی پڑھا جاتا ہے اور کبھی آہستہ بھی بہرحال کلمہ کی تلقین کی جاتی ہے،پھر دعا کرائی جاتی ہے،تاکہ سب لوگ دعا میں شریک ہو جائیں،مستقل تو اسے اختیار نہیں کیا جاتا،لیکن اکثر ایسی صورت پیش آجاتی ہے تو اس صورت میں کیا کرنا چاہے؟

جواب:صورتِ مسؤلہ میں مردے کو غسل دینے کے بعداکٹھے ہوکرکلمہ طیبہ آواز ملاکراُونچا پڑھنااور اس کے بعد اجتماعی دعا کرناشرعا ًجائز نہیں ہے،البتہ غسل دینے کے بعد ایصال ِثواب کے لیے آہستہ آوازسے تلاوت کرنایاذکرکرنااور کلمہ طیبہ کا وردکرنا جائزہے،لیکن اس کو ایک اجتماعی شکل دینااور لوگوں سے کلمہ پڑھوانا، لوگوں کو دعامیں شریک ہونے کاکہنااور اس عمل کولازم سمجھناشرعا ًناجائز ہے، اس سے اجتناب کریں۔

Jumuah 5317 January 2025

(۵) سوال :حضرت مردہ کو سفید رنگ کا کفن ہی کیوں پہنایا جاتا ہے اس کی کیا وجہ ہے کیا مردہ کو کسی اور کلر کے کپڑوں میں بھی دفنایا جا سکتا ہے؟

جواب:سفید کپڑے میں کفن دینا مستحب ہے اگر سفید کپڑا دستیاب نہ ہو تو دوسرے کپڑوں میں بھی کفن دیا جاسکتا ہے بس یہ خیال رکھا جائے کہ کپڑا پاک وصاف ہو۔

Jumuah 4920 December 2024

(۱) سوال:ایک شخص کی کمائی پوری کی پوری حرام ہے، اور وہ شخص اپنا پیسہ قبرستان میں دینا چاہتا ہے جو کہ فی الحال قبرستان کی حفاظت کیلئے چہار دیواری کا کام چل رہا ہے، تو کیا اس شخص کا پیسہ لینا جائز ہوگا؟

جواب:اگر وہ شخص اپنے حرام کمائی کے پیسے قبرستان کی چہار دیواری اور حفاظت کے لیے دے رہا ہے، تو اس کے پیسے قبول کرنا جائز نہیں ہوگا۔ اسلام میں حرام کمائی سے حاصل کردہ مال کو استعمال کرنا یا اس کے ذریعے کسی مذہبی یا خیراتی کام میں مدد کرنا درست نہیں ہے۔ حرام کمائی کا پیسہ پاک نہیں ہوتا، چاہے اسے کسی اچھے کام میں لگایا جائے۔ قبرستان کی چہار دیواری اور حفاظت ایک اچھا اور ضروری کام ہے، لیکن اس کو حرام کمائی سے نہیں کیا جانا چاہیے۔ اس شخص کو چاہیے کہ وہ اپنی کمائی کو حلال طریقے سے کمائے اور پھر اس مقصد کے لیے مدد کرے۔ واللہ اعلم۔

Jumuah 416 September 2024

(۱) سوال:نمازِ جنازہ میں کتنی صفیں ہونی چاہئیں؟

جواب:نماز جنازہ میں قطار (صفیں) طاق ہونا بہتر ہے، لہٰذا اگر لوگ کم ہوں تو کم از کم تین صفیں بنالی جائیں، اور اگر اس سے زائد صفیں بنانے کی ضرورت پڑ جائے، تو پانچ یا سات اسی طرح آگے صفیں بنالی جائیں۔

Jumuah 416 September 2024

(۲) سوال:دوسرا سوال یہ ہے کہ جب میت کو دفن کرے تو مٹی بیٹھ کر دے یا کھڑا ہو کر دے؟

جواب:میت کو دفن کرتے وقت مٹی جس طرح سہولت ہو دے سکتے ہیں، بیٹھ کردے یا کھڑے ہوکر بہر صورت ٹھیک ہے۔

Jumuah 416 September 2024

(۳) سوال:میت کو دفن کرنے کے بعد قبر کے اوپر کھجور کے لکڑی گاڑ دیتے ہیں اس طرح کھجور کی لکڑی گاڑ جائز ہے یا نہیں؟ دلیل کے ساتھ ضرور بتائیے۔

جواب:قبر کے اوپر کھجور کی لکڑی گاڑنے کا شریعت میں حکم نہیں ہے اس لئے نہ گاڑنا چاہئے۔

Jumuah 3619 July 2024

(۱) سوال:اہل میت کا تین دن کے بعد دعوت قبول کرنا شرعا کیسا ہے؟

جواب:جس گھر میں فوتگی ہو جائے تو اہل میت کے قریبی رشتہ داروں اور ہمسایوں کے لیے مستحب ہے کہ اہل میت کے لیے دو وقت (ایک دن) کا کھانا تیار کر کے بھیجیں اور اس غم کی گھڑی میں ان کے ساتھ بیٹھ کر کھائیں اور ان کو بھی کھلائیں ، اور ایک دن کے بعد تین دن تک کھانا بھیجنا بھی جائز ہے، اور اگر کسی معاشرے میں اس موقع پر اہل میت کی دعوت کرنے کو رواج نہ بنالیا ہو تو تین دن کے بعد بھی اہل میت کو کھانا کھلایا جا سکتا ہے۔

Jumuah 3010 May 2024

(۳) سوال:حضرت ایک مسئلہ ہے جو کافی ٹائم سے پریشان کر رہا ہے، جب کسی شخص کا انتقال ہوجاتاہے تو اس کو غسل کب دیا جائے، مثال کے طور پر کسی کا انتقال ہوا مغرب کے بعد اس کی تدفین ہونی ہے صبح فجر کے بعد، تو اب غسل اور کفن کب کرایا جائے، مغرب کے بعد یا فجر کے بعد؟

جواب:میت کی تجہیز و تکفین وغیرہ میں جلدی کرنا سنت ہے اس لیے میت کے انتقال کے بعد فوراً اس کے کفن دفن کی تیاری میں لگ جانا چاہئے، اور جب غسل و کفن کا انتظام ہوجائے تو فوراً غسل دے دینا چاہئے اور اس کے بعد نماز جنازہ پڑھ کر جلد دفنا دینا چاہئے۔

Jumuah 3010 May 2024

(۴) سوال:حضرت سوال یہ ہے قبرستان میں کچھ درخت ہیں ان درختوں کو بیچ کر عید گاہ میں پیسا لگا دیا اب کچھ لوگوں کا کہنا ہیں کہ قبرستان کا جو روپیہ تھا اس کو عیدگاہ میں لگانا درست نہیں ہے ؟

جواب:اگر قبرستان موقوفہ ہے تو اس درخت کے پیسے عیدگاہ میں لگانا شرعا درست نہیں ہے اور اگر وہ قبرستان کسی کی ملکیت میں ہے تو مالک سے پوچھ کر عید گاہ میں اس کے پیسے دیے جا سکتے ہیں۔

Jumuah 285 April 2024

(۲) سوال:کچی قبر پر (جو کہ تازہ بنی ہو ) اس کو بارش سے بچانے کے لیے اس پر پلاسٹک ڈالنا شریعت میں اس کی کیا حیثیت ہے؟

جواب:قبر تازہ بنی ہو اور بارش ہورہی ہو یا بارش کا امکان ہو تو وقتی طور پر قبر پرپلاسٹک ڈالنا؛ تاکہ بارش کی وجہ سے مٹی  پانی میں بہہ نہ جائے، درست ہے،  تاہم مستقل طورپر ایسا کرنا درست نہیں۔

اگر بارش کی وجہ سے مٹی کے پانی میں بہہ جانے کا اندیشہ ہوتو  اصل قبر  کو چھوڑ کر اطراف سے پختہ کرنا یا اطراف میں اینٹوں کی باڑ لگانا اس طرح کہ میت کے محاذ  (برابری) میں نیچے سے اوپر تک قبر کچی رہے، جائز اور درست ہے،  یعنی میت کا جسم چاروں جانب سے مٹی کے اندر رہے،  تاہم اس صورت میں بہتر یہ ہے کہ آگ پر پکی ہوئی اینٹیں استعمال نہ کی جائیں۔ (کفایت المفتی ، 4/50) اور اگر قبر کچی ہو اور بارش میں بہہ جائے یا بیٹھ جائے تو بارش کے بعد اس پر مٹی ڈال کر کوہان نما کردیا جائے، البتہ بالشت سے زیادہ اسے اونچا نہ کیا جائے۔

Jumuah 241 March 2024

سوال:میرے والد صاحب کے انتقال کے وقت گھر میں میت پر کزن آ جا رہے تھے میں نے ابو کی میت کے پاس بیٹھ کر حجاب کیا ہوا تھا،میری بھابھیاں طعنے دیتی ہیں کہ اس نے حجاب کیوں کیا تھا،راہنمائی فرمائیں کہ ایسے حالات میں جہاں ابو کی میت پر غیر محرم بھی چکر لگا رہے تھے حجاب کرنا ضروری تھا یا غیر ضروری؟

جواب:سائلہ کا اپنے والد کے انتقال کے موقع پر غیر محرم لوگوں کے آنے جانے کی وجہ سے چہرہ کا پردہ کرناصحیح اور ضروری تھا،سائلہ کی بھابھیوں کا اس عمل پر طعنہ دینا غلط اورقابل مؤاخذہ عمل ہے،جس پر ان کو توبہ و استغفار کرنا چاہیے۔

Jumuah 23Jumuah Session 23

سوال:میرے والد صاحب کے انتقال کے وقت گھر میں میت پر کزن آ جا رہے تھے میں نے ابو کی میت کے پاس بیٹھ کر حجاب کیا ہوا تھا،میری بھابھیاں طعنے دیتی ہیں کہ اس نے حجاب کیوں کیا تھا،راہنمائی فرمائیں کہ ایسے حالات میں جہاں ابو کی میت پر غیر محرم بھی چکر لگا رہے تھے حجاب کرنا ضروری تھا یا غیر ضروری؟

جواب:سائلہ کا اپنے والد کے انتقال کے موقع پر غیر محرم لوگوں کے آنے جانے کی وجہ سے چہرہ کا پردہ کرناصحیح اور ضروری تھا،سائلہ کی بھابھیوں کا اس عمل پر طعنہ دینا غلط اورقابل مؤاخذہ عمل ہے،جس پر ان کو توبہ و استغفار کرنا چاہیے۔

Jumuah 21Jumuah Session 21

سوال:کیا شوہر اپنی بیوی کی میت کو غسل دے سکتا ہے؟

جواب:بیوی کے انتقال کے بعد شوہر بیوی کو صرف دیکھ سکتا ہے۔ ہاتھ لگانے اور غسل و کفن کی اجازت نہیں۔

Jumuah 17Jumuah Session 17

سوال:کیا میت کو غسل دینے والے کے لئے بعد میں غسل کرنا ضروری ہے؟

جواب:میت کو غسل دینے والے کے لئے مستحب ہے کہ میت کو غسل دینے کے بعد خود بھی غسل کرلے البتہ اس کے لئے غسل کرنا واجب اور ضروری نہیں ہے۔

Jumuah 13Jumuah Session 13

(۳) سوال:کیا قبرستان میں کسی قبر کی موبائل فون سے تصویر کھینچنا جائز ہے؟

جواب:شریعت میں جان دار کی تصویر کشی بغیر کسی ضرورت کے حرام ہے، غیر جان دار کی نہیں؛ اس لیے قبرستان میں موبائل فون کے کیمرہ سے یا کسی بھی کیمرہ سے کسی قبر کی تصویر لینا جائز ہے؛ لیکن بہ ظاہر یہ ایک بے فائدہ کام ہے۔ اور اگر کسی بزرگ کی قبر کی تصویر لی جائے تو اس میں آئندہ جاہلوں کی طرف سے غلو کا اندیشہ ہے؛ اس لیے یہ سب کام نہیں کرنا چاہیے۔

Jumuah 11Jumuah Session 11

(۱) سوال:کیا قبرستان میں جوتے، چپل پہن کر جانا چاہیے یا نہیں؟

جواب:قبروں پر نہ چلیں بلکہ قبور سے بچ کر چلیں تو جوتا چپل پہن کر چلنے میں بھی کچھ حرج نہیں نہ ہی مکروہ ہے۔

Jumuah 10Jumuah Session 10

(۳) سوال:دفن کے بعد کب تک مٹی دے سکتے ہیں؟

جواب:دفن کے بعد کب تک مٹی ڈال سکتے ہیں، اس کی صراحت بسیار تلاش کے بعد بھی نہیں مل سکی، بس کتب فقہ میں یہ مذکور ہے کہ جس قدر مٹی قبر کھودتے وقت باہر نکالی گئی ہو،اسی قدر مٹی دفن کے بعد ڈال دی جائے، مزید مٹی ڈال کر قبر کو زیادہ اونچی کرنا شرعا مکروہ ہے۔

Jumuah 9Jumuah Session 9

(۱) سوال:کیا میت کے پاس بیٹھ کر قرآن کریم پڑھنا جائز ہے جب کہ نعش گھر پہ ہی ہو ؟

میت کو غسل دینے سے پہلے اُس کے پاس تیز آواز سے قرآن کریم کا پڑھنا مکروہ ہے، ہاں آہستہ پڑھنے کی گنجائش ہے۔

تکرہ القرا ء ة عندہ حتی یغسل ۔ قال ابن عابدین:وکذا ینبغي تقیید الکراہة بما اذا قرأ جہراً۔ ( شامی: ۳/۸۴، ۸۵، کتاب الصلاة، باب صلاة الجنازة ، ط: زکریا )

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab