بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:کیا اولاد کے نکاح کے فیصلے والدین کے علاوہ رشتہ داروں کو لینے کا بھی حق حاصل ہے شریعت میں؟
جواب:اولاد کے بارے میں والدین کوہی اختیار ہوتا ہے ، بلکہ والدین کے فرائض میں یہ بات داخل ہے۔ جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’جس کے ہاں بچہ پیدا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ اس کا اچھا نام رکھے، اسے ادب سکھائے اور جب وہ بالغ ہو جائے تو اس کی شادی کر دے، اگر وہ بالغ ہو جائے اور وہ (والد) اس کی شادی نہ کرے اور وہ کسی گناہ (زنا وغیرہ) کا ارتکاب کر لے تو اس کا گناہ اس کے والد پر ہے۔ (مشکوۃ)۔‘‘ ہاں اگر بڑے لوگ مشورے کے طور پر مصلحتاً کسی وجہ سے منع کریں اور اس میں خیر ہو تو الگ بات ہے۔
(۲) سوال:السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ مفتی صاحب حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے قاتل کا نام کیا تھا؟
جواب:حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے بدن مبارک پر نیزے اور تلوار کے متعدد زخم آئے تھے لیکن آخر میں جس شقی و بدبخت نے سرِمبارک کو تن سے جدا کیا اس کا نام ’’سنان بن انس‘‘ تھا۔
(۳) سوال:دفن کے بعد کب تک مٹی دے سکتے ہیں؟
جواب:دفن کے بعد کب تک مٹی ڈال سکتے ہیں، اس کی صراحت بسیار تلاش کے بعد بھی نہیں مل سکی، بس کتب فقہ میں یہ مذکور ہے کہ جس قدر مٹی قبر کھودتے وقت باہر نکالی گئی ہو،اسی قدر مٹی دفن کے بعد ڈال دی جائے، مزید مٹی ڈال کر قبر کو زیادہ اونچی کرنا شرعا مکروہ ہے۔
(۴) سوال:میرے ایک دوست نے میری گاڑی کسی کام کی وجہ سے ایک دو دن کے لیے لی تھی،اس نے گاڑی بازار میں نوپارکنگ میں کھڑی کی،حالانکہ وہاں پارکنگ کی جگہ موجود تھی،جب وہ واپس آیا تو گاڑی نہیں تھی،معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ چوری ہو گئی ہے تو اب کون ذمہ دار ہوگا؟
جواب :آپ کے دوست نے گاڑی چونکہ استعمال کے لیے عاریۃًلی تھی،اس لیے وہ اس کے پاس امانت تھی اور امانت کی حفاظت میں کوتاہی کرنے کی صورت میں امانت دار نقصان کا ذمہ دار ہوتا ہے،چونکہ صورت مذکورہ میں پارکنگ میں جگہ ہوتے ہوئے نو پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنا آپ کے دوست کی لا پروائی اور غفلت ہے، اس لیے اس غفلت کی وجہ سے وہ گاڑی کی بازاری قیمت کاضامن(ذمہ دار) ہوگا۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
