Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 63

9 May 2025

4 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال :اگر چار رکعت والی نماز جیسے ظہر کی نماز جس کو پڑھتے ہوئے کنفیوزن ہو جائے کہ ہم کون سی رکعت پڑھ رہے ہیں تو ہمیں کیا کرنا چاہئے؟

جواب:اگر شک پہلی مرتبہ ہو تو نماز کا لوٹا لینا ہی بہتر ہے اور اگر اکثر شک کی حالت پیش آتی ہے، تو غور و فکر کرنے کے بعد جس جانب ذہن کا رجحان غالب ہو، اسی کے مطابق عمل کرنا چاہیے، مثلا: اگر تین اور چار میں شک ہوا اور چار رکعت کا ظن غالب ہو، تو چارہی رکعات مان کر عمل کرنا چاہیے اور اگر غور و فکر کے باجود کسی جانب غالب گمان نہ ہو، تو کم رکعت پر بناء کرنی چاہیے، مثلا: اگر تین اور چار میں شک ہو ا، تو تین رکعات مان کر چوتھی رکعات پوری کرنی چاہیے؛ البتہ تیسری اور چوتھی دونوں رکعات پر قعدہ کرنا ضروری ہے اور آخر میں سجدہ سہو بھی لازم ہے۔

(۲) سوال:آج کل بھارت کے اندر مسلمانوں میں بائیکاٹ کی مہم چل رہی ہے۔ اس میں یہ بولا جا رہا ہے کہ اسرائیل کی مصنوعات اب ہمارے لیے ویسے ہی حرام ہیں جیسے سور کا گوشت کھانا اور سود بیاج کھانا۔ کیا یہ بات صحیح ہے؟

جواب:صورتِ مسئولہ میں مصنوعات کے بائیکاٹ کا مقصد یہ ہے کہ مسلمانوں کے دشمنوں کو ہماری وجہ سے کوئی فائدہ نہ پہنچے، لہذا ان کی مصنوعات کو خریدنا درحقیقت انہیں قوت پہنچانا ہے جو کہ نہ صرف مکروہ ہے بلکہ ایمانی غیرت کے خلاف ہے؛ اس لیے ایک مسلمان کو چاہیے کہ مسلمانوں پر مظالم ڈھانے والے ممالک اور ریاستوں کو فائدہ پہنچانے سے مکمل طور پر گریز کرے، اس نوعیت کا بائیکاٹ کرنا اسلامی غیرت، اہلِ اسلام سے یک جہتی اور دینی حمیت کا مظہر ہوگا۔

(۳) سوال:ہمارے بیڈروم میں دیوار پر ننانوے نام اور آیت الکرسی وغیرہ لکھے ہوئے ہیں، اور اس طرف ہمارے پیر ہوتے ہیں تو یہ ٹھیک ہے یا غلط؟

جواب:اگر وہ پیروں سے چار پانچ فٹ اونچائی پر ہیں یعنی پھیلے ہوئے پیر چار پانچ فٹ نیچے رہتے ہیں تو کچھ حرج نہیں عرفاً بھی اس کو بے ادبی میں شمار نہیں کیا جاتا۔ لیکن اگر دوسری طرف ممکن ہو تو ہٹالیں تاکہ اس وہم سے بھی بچ جائیں۔

(۴) سوال:ایک بات یہ عرض کرنی تھی ہم نے اکثر لوگوں کو قبر پر ہاتھ رکھ کر سورۂ تکاثر پڑھتے ہوئے دیکھا تو یہ بات درست ہے یا غلط؟

جواب:قبرستان جاکر کوئی بھی سورت پڑھ کر، اس کا ایصالِ ثواب کرنا شرعاً جائز اور درست ہے، اور اس میں کسی سورت کی تخصیص نہیں، بلکہ جو سورت چاہے پڑھ سکتا ہے، اگر چہ بعض سورتیں مثلاً فاتحہ، اخلاص، زلزال وغیرہ پڑھنے کو فقہاء نے مستحسن و مستحب قرار دیا ہے۔ اور قبر پر ہاتھ رکھ کر پڑھنا حدیث سے ثابت نہیں۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab