بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:کیا مسجد کے لیے غیر مسلم کا پیسہ استعمال کرنا جائز ہے؟اور استعمال کرسکتے ہیں تو کن چیزوں میں استعمال کرسکتے ہیں؟
جواب:غیر مسلم اگر نیک کام سمجھ کر مسجد کو رقم دے اور اس سے رقم لینے میں کسی قسم کا ندیشہ بھی نہ تو اس کا پیسہ مسجد کے لیے استعمال کرنے کی گنجائش ہوگی، اور مسجد کے کسی بھی کام میں اس کی رقم لگانے کی اجازت ہوگی۔
(۲) سوال:سود خور کا پیسہ بھی مسجد کے لیے استعمال کرنا جائزہے کیا؟
جواب:سود خور اگر سود کی رقم مسجد کو دے تو اس کا لینا اور مسجد میں ا ستعمال کرنا جائز نہ ہوگا؛ البتہ اگر حلال رقم مسجد کو دے تو استعمال کرنا درست ہوگا۔ رقم مخلوط ہونے کی صورت میں بھی احتراز کرنا بہتر ہوگا۔
(۳) سوال:کیا قبرستان میں کسی قبر کی موبائل فون سے تصویر کھینچنا جائز ہے؟
جواب:شریعت میں جان دار کی تصویر کشی بغیر کسی ضرورت کے حرام ہے، غیر جان دار کی نہیں؛ اس لیے قبرستان میں موبائل فون کے کیمرہ سے یا کسی بھی کیمرہ سے کسی قبر کی تصویر لینا جائز ہے؛ لیکن بہ ظاہر یہ ایک بے فائدہ کام ہے۔ اور اگر کسی بزرگ کی قبر کی تصویر لی جائے تو اس میں آئندہ جاہلوں کی طرف سے غلو کا اندیشہ ہے؛ اس لیے یہ سب کام نہیں کرنا چاہیے۔
(۴) سوال:ہمارا بار بی کیو، فاسٹ فوڈ، چائنیز کھانوں کا ریسٹورنٹ ہے۔ کیا اجینوموتو نمک کا کھانوں میں استعمال کرسکتے ہیں؟
جواب:’’اجینو موتو‘‘ کمپنی کا نام ہے جو مصنوعی ذائقہ بڑھانے کا نمک بناتی ہے، اس کا کیمیکل نام اور کوڈ Monosodium Glutamate (E621)) ہے۔اور یہ بازار میں اجینوموتو نمک کے نام سے معروف ہے۔ شرعی لحاظ سے اس میں ایسا کوئی جزء ترکیبی نہیں پایا جاتا جو حرام ہو، البتہ صحت کے اعتبار سے اگر کچھ نقصان ہو تو اس بارے میں ماہرین و ڈاکٹروں سے رجوع کیا جائے۔۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
