بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال :معلوم یہ کرنا ہے کہ قسم کے کفارہ یا نذر کے پیسے سید کو دے سکتے ہیں یا نہیں؟
جواب:واضح رہے کہ زکوۃ اور دیگر صدقاتِ واجبہ کی طرح قسم کے کفارہ کی رقم بھی سید کو دینا جائز نہیں ہے۔
(۲) سوال :جب میت کو غسل دے دیا جاتا ہے تو اس کے بعد لوگ کہتے ہیں کہ آپ کلمہ پڑھ لیں، کبھی آواز ملا کر اُونچا بھی پڑھا جاتا ہے اور کبھی آہستہ بھی بہرحال کلمہ کی تلقین کی جاتی ہے،پھر دعا کرائی جاتی ہے،تاکہ سب لوگ دعا میں شریک ہو جائیں،مستقل تو اسے اختیار نہیں کیا جاتا،لیکن اکثر ایسی صورت پیش آجاتی ہے تو اس صورت میں کیا کرنا چاہے؟
جواب:صورتِ مسؤلہ میں مردے کو غسل دینے کے بعداکٹھے ہوکرکلمہ طیبہ آواز ملاکراُونچا پڑھنااور اس کے بعد اجتماعی دعا کرناشرعا ًجائز نہیں ہے،البتہ غسل دینے کے بعد ایصال ِثواب کے لیے آہستہ آوازسے تلاوت کرنایاذکرکرنااور کلمہ طیبہ کا وردکرنا جائزہے،لیکن اس کو ایک اجتماعی شکل دینااور لوگوں سے کلمہ پڑھوانا، لوگوں کو دعامیں شریک ہونے کاکہنااور اس عمل کولازم سمجھناشرعا ًناجائز ہے، اس سے اجتناب کریں۔
(۳) سوال :کیا جمعہ کی نماز کے بعد چار رکعت احتیاطاً ظہر پڑھنی چاہیے؟
جواب:جن علاقوں میں جمعہ کی شرائط پائی جاتی ہیں وہاں جمعہ کی نماز ادا کی جائے گی اور جن علاقوں میں جمعہ کی شرائط نہیں پائی جاتیں، وہاں ظہر کی نماز ادا کی جائے گی، جمعہ کی نماز کے بعد احتیاط ظہر پڑھنا درست نہیں، جمعہ یا ظہر میں سے کوئی ایک نماز پڑھی جائے گی، دونوں نمازیں ادا کرنا درست نہیں ہے۔
(۴) سوال :اگر کسی نے اپنی زندگی میں اپنی اولاد کو وصیت کی ہو کہ ہمارے فلاں رشتہ دار سے رشتہ داری نہیں رکھنی، کیوں کہ ان سے ہمارا کسی دنیاوی معاملات پر لڑائی جھگڑا ہوا تھا، بس مجبوری کے تعلقات رکھنے ہیں جیسے خوشی غمی وغیرہ جو کہ نہ ہونے کے برابر ہیں تو پوچھنا یہ تھا کہ کیا اس وصیت پر عمل کرنا جائز ہے؟ اور کیا ایسا کرنا صلہ رحمی کے خلاف نہیں؟
جواب:صورتِ مسؤلہ میں مذکورہ وصیت چوں کہ بغیر شرعی وجہ کے قطع تعلقی پر مبنی ہے لہذا یہ شرعاً ناجائز ہے، لہذا اس پر عمل کرنا جائز نہیں ہے، ایسی وصیت کرنے والا بھی گناہ گار تھا، اس کے ورثاء کو اس کی ناجائز وصیت کی تلافی صلہ رحمی کر کے کرنی چاہیے اور اس کے لیے توبہ و استغفار کرنا چاہیے۔
(۵) سوال :ایک پٹرول پمپ والا اعلان کیا کہ میرے پاس ۰۰۳/ کا پٹرول جتنے افراد خریدینگے ان کے ناموں کو قرع میں ڈالکر جسکا نام نکلے اسکو بڑا گفٹ دیا جاے گا تو اب اس گفٹ کے اندر آنے والی چیز استعمال کرنا کیسا ہے؟
جواب:اگر پٹرول پمپ والا اس کی وجہ سے قیمت میں اضافہ نہیں کرتا ہے اور نہ ہی اس کی کوالٹی میں کمی کرتا ہے تو اس کا قرعہ اندازی کے ذریعہ گاہک کو انعام دینا اس کی طرف سے تبرع اور احسان شمار ہوگا اور گاہک (کسٹمر) کے لیے اس انعام کا لینا اور اس کا استعمال کرنا جائز ہوگا۔ ورنہ نہیں۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
