Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 56

28 February 2025

5 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال :کیا شب برأت کے دن نئے کپڑے پہننا درست ہے؟

جواب:نئے کپڑے پہننے کی کوئی روایت نظر سے نہیں گزری۔ البتہ بغیر کسی اہتمام کے فرض یا وجب وغیرہ سمجھے بغیر پہن لے تو کوئی حرج نہیں ہے، لیکن اہتمام کرنا صحیح نہیں ہے۔

(۲) سوال :کیا میں سورہ یٰس، واقعہ اور سورہئ ملک دکان پر موبائل میں تلاوت کر سکتا ہوں؟

جواب:موبائل میں قرآنِ کریم کی تلاوت کرنا جائز ہے، البتہ موبائل کی اسکرین پر قرآنِ کریم کھلا ہوا ہو تو اس (اسکرین) کو وضو کے بغیر چھونا جائز نہیں ہے، اس کے علاوہ موبائل کے دیگر حصوں کو مختلف اطراف سے وضو کے بغیر چھونے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔ باقی قرآنِ مجید مصحف میں دیکھ کر پڑھنا افضل ہے، اس لیے مصحف کو دیکھنا، اس کو چھونا اور اس کو اٹھانا یہ اس کا احترام ہے۔

(۳) سوال :بحالت روزہ تھوڑی سی قے منہ میں آئی اور قصداً اسے نگل لیا توکیا روزہ فاسد ہوجائے گا؟

جواب:اگر روزے کی حالت میں تھوڑی سی قے (vomit) خودبخود منہ میں آگئی اور آپ نے جان بوجھ کر اسے نگل لیا تو اس سے روزہ فاسد ہو جائے گا، کیونکہ قے کو عمداً نگلنا ایسی چیز کو دوبارہ اندر لے جانے کے مترادف ہے جو باہر نکل چکی تھی، اور یہ روزے کو توڑنے کا سبب بنتا ہے۔ البتہ اگر قے خودبخود آئی اور غیر ارادی طور پر حلق سے نیچے چلی گئی، تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ اگر روزہ فاسد ہو جائے تو اس دن کا روزہ قضا کرنا ضروری ہوگا، لیکن کفارہ لازم نہیں آئے گا۔

(۴) سوال :نفلی روزہ بغیر شرعی عذر کے توڑنے کا کفارہ کیا ہے؟

جواب:نفلی روزہ بغیر کسی عذر کے توڑنا ظاہرِ روایت کے مطابق درست نہیں ہے، اس لیے اس میں ایک عمل کو باطل کرنا ہے، ہاں کوئی عذر ہو تو توڑ دینے کی گنجائش ہے، بہر صورت عذر ہو یا نہ ہو نفلی روزہ توڑنے سے ایک روزہ کی قضا کرنا لازم ہوتا ہے، اس کے علاوہ نفلی روزہ توڑنے والے پر کفارہ لازم نہیں ہوتا۔

(۵) سوال :ایک ہال میں مرد اور حافظ اور دوسرے ہال میں خواتین ہو تو تراویح پڑھنا کیسا ہے؟

جواب:اگر ان دونوں ہالوں میں فاصلہ نہیں ہے، متصل ہیں نیز امام کی آواز دوسرے کمرے میں خواتین تک پہنچ جاتی ہے یا امام کے ایک رکن سے دوسرے رکن کی طرف منتقل ہونے کا علم ہوجاتاہے تو ایسی صورت میں اقتدا درست ہے، اور اگر دونوں کمروں کے درمیان دو صف کے بقدر فاصلہ ہے یا امام کی آواز دوسرے کمرے تک نہیں پہنچ پاتی اور نہ ہی امام کے حال کا علم ہوتاہے تو ایسی صورت میں اقتدا درست نہ ہو گی۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab