بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:نماز کی حالت تھوک یا بلغم آئے تو کیا کرے؟
جواب:اگر دورانِ نماز بلغم آجائے اور اس کو نگلنا ممکن ہو تو نگل لینے میں مضائقہ نہیں ہے، اگر بار بار بلغم آئے تو ہرمرتبہ نگل لینے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔
(۲) سوال:حضرت مفتی صاحب معلوم یہ کرنا تھا کہ حاجی حضرات جو حج کے سفر پر جا رہے ہیں وہ برادری کا رشتہ داروں کا کھانا کرنا چاہتے ہیں توحضرت انکا کھانا کرنا کیسا ہے صحیح ہے یاغلط ہے اس کھانے کی کہاں تک گنجائش ہے؟
جواب:فی نفسہ کھانا کھلانے میں کوئی حرج نہیں۔لیکن حج کے عنوان پر سب کو بلانا اور یہ ایک رسم بن جاتی ہے۔جس کو پورا کرنا پھر ضروری سمجھا جاتا ہے۔اس لیے دعوت نہ کرے تو بہتر ہے۔
(۳) سوال:حضرت ایک مسئلہ ہے جو کافی ٹائم سے پریشان کر رہا ہے، جب کسی شخص کا انتقال ہوجاتاہے تو اس کو غسل کب دیا جائے، مثال کے طور پر کسی کا انتقال ہوا مغرب کے بعد اس کی تدفین ہونی ہے صبح فجر کے بعد، تو اب غسل اور کفن کب کرایا جائے، مغرب کے بعد یا فجر کے بعد؟
جواب:میت کی تجہیز و تکفین وغیرہ میں جلدی کرنا سنت ہے اس لیے میت کے انتقال کے بعد فوراً اس کے کفن دفن کی تیاری میں لگ جانا چاہئے، اور جب غسل و کفن کا انتظام ہوجائے تو فوراً غسل دے دینا چاہئے اور اس کے بعد نماز جنازہ پڑھ کر جلد دفنا دینا چاہئے۔
(۴) سوال:حضرت سوال یہ ہے قبرستان میں کچھ درخت ہیں ان درختوں کو بیچ کر عید گاہ میں پیسا لگا دیا اب کچھ لوگوں کا کہنا ہیں کہ قبرستان کا جو روپیہ تھا اس کو عیدگاہ میں لگانا درست نہیں ہے ؟
جواب:اگر قبرستان موقوفہ ہے تو اس درخت کے پیسے عیدگاہ میں لگانا شرعا درست نہیں ہے اور اگر وہ قبرستان کسی کی ملکیت میں ہے تو مالک سے پوچھ کر عید گاہ میں اس کے پیسے دیے جا سکتے ہیں۔
(۵) سوال:ایک صاحب نے مسجد میں اذان دی اور دوسری مسجد چلے گئے تو دوسری مسجد میں بھی اذان نہیں ہوئی تھی یعنی کوئی بھی نہیں تھا، تو کیا اب وہ صاحب دوسری مسجد میں بھی اذان دے سکتے ہیں؟ کوئی حرج تو نہیں؟
جواب:بوقت ضرورت دوسری مسجد میں بھی اذان دے سکتے ہیں بہتر یہ ہے کہ جس مسجد میں اذان دی ہو تو اسی میں نماز ادا کریں بلا ضرورت ایسا کرنا مکروہ ہے۔
فقط واللہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
