بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:عورت کی عدت کی مدت پوری ہونے کے بعد دعوت کرنی ضروری ہے یا نہیں؟
جواب:عدت کی تکمیل پر کوئی خاص عمل دعوت کرنا یا معتدہ کو تحائف دینا از روئے شرع لازم نہیں، بلکہ مباح عمل ہے، پس اگر کوئی خوشی سے تحفہ دے یا دعوت کرے تو حرج نہیں، تاہم اگر اس عمل کو لازمی سمجھا جائے یا اس کا رواج ہو تو ایسا رواج واجب الترک ہوگا۔
(۲) سوال:کیا مرد کے لئے لال کپڑا پہننا حرام ہے ؟
جواب:گاڑھا سرخ، شوخ گلابی اور جو رنگ زنانے شمار ہوتے ہیں ان رنگوں کے کپڑے مردوں کے لیے مکروہ تنزیہی ہیں۔
(۳) سوال:قبلہ کے رخ سے ہٹ کر نماز ادا کرلی، بعد میں معلوم ہوا کہ قبلہ کا رخ دوسرا ہے، تو نماز ہوئی یا نہیں؟
جواب:اگر کسی کو قبلہ کی سمت معلوم نہ ہو،تو اگر نزدیک میں کوئی موجود ہو،تو اس سے معلوم کرے،اور کوئی بتانے والا بھی نہ ہو توتحری(یعنی قبلہ معلوم کرنے میں حد درجہ کی سوچ بچار) کرکے جس طرف قبلہ کا گمان ہو اس طرف منہ کر کے نماز پڑھ لے،تو اس کی نماز درست جائے گی، اگرچہ بعد میں یہ معلوم ہو کہ اس نے غلط سمت کی طرف نماز پڑھی ہے، لیکن اگر بغیر تحری کے نماز پڑھ لی تواس کی نماز نہیں ہوگی اور دوبارہ لوٹانا ضروری ہے۔ الا یہ کہ نماز صحیح سمت میں پڑھی ہو۔
(۴) سوال:کیا شوال کے چھ روزے رکھنے کے لئے عید کے اگلے دن کا روزہ رکھنا ضروری ہے؟
جواب:پورے شوال کے مہینے میں چھ روزوں کی فضیلت وارد ہوئی ہے، یہ روزے عید کے دوسرے دن سے شروع کرنا لازمی نہیں ہے، بلکہ شوال کے مہینہ میں کبھی بھی رکھ سکتا ہے، چاہے لگاتار چھ روزے ایک ساتھ رکھے اور چاہے تو الگ الگ کر کے رکھے۔
(۵) سوال:نماز فجر کی اذان کے بعد کچھ لوگ قرآن کی تلاوت اور ذکر میں لگے رہتے ہیں بعد میں آنے والوں میں سے کچھ لوگ آواز سے سلام کرتے ہیں اس وقت کوئی جواب دیتا ہے اور کوئی نہیں دیتا تو کیا ایسی صورت میں جواب نہ دینے والا گناہ گار ہوگا اور مسجد میں آکر سلام کرنا چاہیے یا نہیں؟
جواب:مسجد میں موجود لوگوں کو سلام کرنا چاہیے۔ جو آدمی تلاوت قرآن میں مشغول ہو اس کے لیے سلام کا جواب دینا واجب نہیں ہے، اگر تلاوت روک کر سلام کا جواب دے تو جائز ہے۔
فقط واللہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
