Skip to content

   

Masail by topic

Marriage & Divorce

39 masail · Nikah and mahr, who may marry whom, and talaq and iddat.

نکاح و طلاق

Jumuah 1004 September 2026

(۵) سوال:والدین كی مرضی كے بغیر نكاح كرنا كیسا ہے؟

جواب:اپنے والدین اور لڑکی یا لڑكے کے سرپرست حضرات کو راضی کرکے باہمی خوشی سے نکاح کرنا بہتر ہے؛ کیوں کہ والدین کی رضامندی کے بغیر نکاح کرنا شرعًا و اخلاقًا انتہائی ناپسندیدہ ہے،گو عاقل بالغ لڑکے یا لڑکی کے اپنے والدین کی اجازت کے بغیر، گواہوں کی موجودگی میں نکاح کرنے سے شرعًا نکاح منعقد ہوجاتاہے۔ شریعت نے عاقل بالغ لڑکے اور لڑکی کو اپنی رائے کے استعمال کا حق دیا ہے، لیکن اس میں خاندان والوں کی عزت کا پاس رکھنابھی ضروری ہے، بہر حال یہ حرکت ناپسندیدہ ہے کہ لڑکی اور لڑکا گھر والوں کو لاعلمی میں رکھ کر نکاح کرلیں۔

Jumuah 9817 July 2026

(۱) سوال:مفتی صاحب ا گر کسی عورت نے ایسی دوائی کھائی کہ اس دوائی سے بچہ نہیں ہوتا تو کیا گناہ ہے یا نہیں ؟

جواب:بغیر کسی مجبوری کے مانع حمل اشیاء کا استعمال مقصد شرع وشارع کے خلاف ہونے کی وجہ سے مکروہ ہے؛ البتہ اگر عورت کی صحت خراب ہو، تکالیف حمل برداشت کرنے کی طاقت نہ ہو، یا استقرار حمل میں ایسی تکالیف کا اندیشہ ہو جو ناقابل تحمل وبرداشت ہو، پہلے سے موجود بچے کی صحت خراب ہونے کا خطرہ ہو تو ان صورتوں میں عارضی طور پر قوت وصحت کی بحالی کے لیے مانع حمل دوا استعمال کرنے کی گنجائش ہوگی؛ البتہ کوئی ایسی صورت اختیار کرنا جس کی وجہ سے دائمی طور پر قوت تولید ختم ہوجائے ناجائز اور حرام ہوگا؛ اس لیے اگر یہ عوارض نہیں ہیں تو آپ کے لیے بلاوجہ عارضی طور پر منع حمل کا استعمال بھی مناسب نہیں اور اگر یہ نیت ہو کہ بچہ ہونے کی صورت میں ان کے خرچے کا انتظام کیسے ہوگا تو اس نیت سے استقرار حمل نہ ہونے دینا جائز نہیں قرآن شریف میں اس کی مذمت آئی ہے۔

وَلَا تَقْتُلُوا أَوْلَادَکُمْ خَشْیَۃَ إِمْلَاقٍ نَحْنُ نَرْزُقُہُمْ وَإِیَّاکُمْ

”تم اپنے بچوں کو فقر وفاقہ کے ڈر سے قتل نہ کرو، ہم ان کو بھی رزق دیتے ہیں اور تم کو بھی“۔

Jumuah 9817 July 2026

سوال:(1) مفتی صاحب کیا کوئی عورت کسی غیر محرم مرد کو سلام کرسکتی ہے چاہے وہ چھوٹی ہو یابڑی ہو اور ہاتھ ملاسکتی ہے؟

(2) اور کیا کوئی عورت کسی غیر محرم مرد سے فون پرباتیں کرسکتی ہے؟

(3) اور کیاکوئی ایسی عورت کسی غیر محرم مرد سے باتیں کر سکتی ہے جنکی ابھی بات چل رہی ہو نکاح کے متعلق ابھی نکاح نہ ہوا ہو؟

(4) اور کیا کوئی مرد کسی غیر محرم عورت کے سرپر ہاتھ رکھ کر پھونک دے سکتاہے یانہیں کیونکہ وہ مجبور کر تی ہے کہ آ پ ہمارے بھائی ہو؟

جواب(۱)جائز نہیں ، البتہ اگر کوئی ضروری بات کرنا ہو اور سلام کرلیں تو گنجائش ہے۔ غیر محرم عورتوں سے مصافحہ کرنا (ہاتھ ملانا) شرعاً جائز نہیں ہے، ہاں اپنی محرم خواتین سے مصافحہ کرسکتا ہے، لیکن اگر فتنہ کا اندیشہ ہو تو ہاتھ نہ ملائے۔

(2) غیر محرم کا آپس میں بغیر کسی ضرورت کے بات چیت کرنا حرام ہے۔ چاہے کوئی بھی صورت ہو، چیٹ یا میسج کے ذریعے سے ہو یا کال کے ذریعے یا آسمنے سامنے ہو، کسی بھی صورت میں یہ جائز نہیں ہے۔ بلکہ حرام ہے۔

(3) منگیتر بھی دیگر اجنبی لڑکیوں کی طرح نامحرم ہوتی ہے، اور نامحرم لڑکی سے تعلقات رکھنا، ملنا جلنا، اور ہنسی مذاق یا بغیر ضرورت بات چیت کرنا جائز نہیں ہے، اور میسج موبائل وغیرہ پر تعلقات رکھنے کا بھی یہی حکم ہے،

(4) ہاتھ رکھنے والا بزرگ ہو اور سامنے لڑکی غیر محرم بالغہ یا قریب البلوغ ہو اس صورت میں بہتر یہ ہے کہ اس عمل سے اجتناب کیا جائے، بلکہ ہاتھ رکھے بغیر ہی خیر و برکت کی دعا دے دی جائے۔

Jumuah 968 May 2026

(۲) سوال:کیا باپ کے طلاق دینے کے بعد عدت طلاق گزر جانے کے بعد سوتیلی ماں سے نکاح جائز ہے؟

جواب:جس عورت سے باپ نے نکاح کیا ہو اس سے اولاد کے لیے نکاح جائز نہیں، خواہ باپ نے طلاق دیدی ہو، باپ کی منکوحہ سے بنص قرآنی نکاح اولاد کے لیے حرام ہے.

وَلَا تَنکِحُوا مَا نَکَحَ آبَاؤُکُم مِّنَ النِّسَاءِ إِلَّا مَا قَدْ سَلَفَ  إِنَّہُ کَانَ فَاحِشَۃً وَمَقْتًا وَسَاءَ سَبِیلًا (الآیۃ، النساء 22)

Jumuah 9310 April 2026

(۲) سوال:میری بہن کا رشتہ نہیں آرہا ہے کوئی اچھا سا وظیفہ بتادیجئے۔

جواب:فجر كی سنت اور فرض كے درمیان "یا جامع" كی تسبیح پڑھیں ان شاء اللہ اللہ تعالی آسانی فرمائیں گے۔

Jumuah 797 November 2025

(۱) سوال:میں نے اپنی بیوی سے كہا كہ طلاق لیكر تم اپنے گھر چلی جاؤ۔ میں نے یہ جملہ دو مرتبہ كہا اور بیوی نے كچھ بھی جواب نہیں دیا تو كیا اس صورت میں طلاق واقع ہوگی یا نہیں؟

جواب:شوہر نے آپشن دیا تھا اپنی بیوی كو اگر اس نے قبول نہیں كیا تو كوئی طلاق واقع نہیں ہوگی۔

Jumuah 7824 October 2025

(۱) سوال:ایک عورت کسی شیخ سے بیعت ہونا چاہتی ہے، لیکن اس کا شوہر اجازت نہیں دیتا، کہتا ہے کہ ابھی نہیں۔ تو پوچھنا یہ ہے کہ بیعت کے لیے شوہر کی اجازت کا ہونا ضروری ہے یا بغیر اجازت کے بھی بیعت کرسکتی ہے؟

جواب:شوہر کی اجازت کے بغیر عورت کے لیے بیعت کرنا جائز نہیں ہے، اور اس کے لیے شوہر کی بات ماننے ہی میں بہتری ہے، تاکہ ان  کا تعلق قائم ودائم رہے اور لڑائی جھگڑے کی نوبت نہ آئے، اور جب کسی دینی مسئلے کے حوالے سے راہ نمائی کی ضرورت ہو، تو اپنے شوہر کے واسطے سے کسی اہلِ حق مستند عالم سے یا جن شیخ سے بیعت ہونا چاہتی ہے، ان سے راہ نمائی لے لے۔

Jumuah 7824 October 2025

(۵) سوال:میں شادی کرنا چاہتا ہوں اور حق مہر میں عمرہ کروانا چاہتا ہوں۔ ایک رشتہ دار نے کہا کہ نہیں سونا لکھواؤ، اب سوال یہ ہے کہ عمرہ کروانا حق مہر بن سکتا ہے؟

جواب:ایسی منفعت جس کے عوض اجرت لینا جائز ہو اس کو مہر بنانا جائز ہے، لہذا صورت مسؤلہ میں سائل اگر عمرہ کے اخراجات کو مہر بنانا چاہتا ہے تو شرعا ایسا کرنا جائز ہے کیونکہ عمرہ پر بھیجنا یعنی جہاز کا سفر، مکہ مدینہ میں قیام، ایسی منفعت ہے جس کے عوض اجرت وصول کرنا جائز ہے، لہذا اس کو مہر کے طور پر مقرر کرنا بھی جائز ہے۔نیز اگر عمرہ پر بھیجنے کو مہر مقرر کیا گیا تو پھر سائل پر اوسط قسم کا عمرہ کرانا واجب ہوگا یا اس کے برابر قیمت دینا واجب ہوگا۔ اور رشتہ دار کا کہنا کہ سونا ہی مقرر کرنا ضروری ہے، یہ بات درست نہیں ہے۔

Jumuah 7710 October 2025

(۳)سوال:کچھ لوگ کہتے ہی کہ چونکہ سالی سے نکاح بیوی کی زندگی میں نہیں ہو سکتا اس لئے وہ بیوی کی حیات میں محرم اور بیوی کی وفات کے بعد نا محرم ہے لہذا بیوی کی حیات میں اس سے وہ تمام روابط رکھے جائیں جو دیگر محارم سے رکھے جاتے ہیں، جواب عطا فرما کر ممنون فرمائیں؟

جواب:واضح ہو کہ شرعاً محرم وہ عورت ہے جس سے نکاح کرنا ہمیشہ کیلئے حرام ہو جبکہ سالی ایسی نہیں ہے لہذا سالی اور بہنوئی غیر محرم ہیں، ان کا باہم پردہ کرنا لازم ہے۔

Jumuah 7710 October 2025

(۶)سوال:حضرت ایک مسئلہ پوچھنا ہے کہ میری ایک مہینہ پہلے منگنی ہوئی ہے، تو کیا ہم میسیج کے ذریعہ لڑکی سے بات کرسکتے ہیں؟ بعض لوگ کہہ رہے ہیں کال پر جائز نہیں ہے۔ میسیج کے ذریعہ کر سکتے ہیں؟

جواب:سائل کے لیے اپنی منگیتر سے میسج پر بھی غیر ضروری بات کرنا درست نہیں،بلکہ سائل کو چاہیے کہ نکاح ہوجانے سے قبل اپنی منگیتر کے ساتھ غیر ضروری بات کرنے سے اجتناب کرے۔

Jumuah 7626 September 2025

(۴)سوال:ہمارا ایک عزیز ایک عیسائی کیتھولک لڑکی کے ساتھ رہ رہا ہے اور اس کی والدہ چاہتی ہے کہ ان کا نکاح ہو جائے، کیا اس سے نکاح جائز ہے اگر وہ لڑکی اسلام قبول نہ کرے؟

جواب:عیسائی لڑکی (یعنی کتابیہ) سے نکاح اگرچہ ناجائز نہیں ہے لیکن موجودہ زمانے کے عیسائی اپنے صحیح عقیدے پر قائم نہیں، اس بات کا قوی امکان ہے کہ مسلم لڑکا بھی اپنے دین ومذہب سے برگشتہ ہوجائے، بنا بریں احتیاط وسلامتی اسی میں ہے کہ عیسائی لڑکی سے شادی نہ کی جائے۔ الا یہ کہ وہ اسلام قبول کرلے۔

Jumuah 748 August 2025

(۱) سوال :ڈیٹنگ ایپس (Dating Apps) کا کیا حکم ہے؟

جواب:نامحرم مردو عورت کا بلا ضرورت، بے پردگی یا بے تکلفی سے بات چیت ناجائز اور گناہ ہے، کیونکہ یہ فتنہ اور زنا کے اسباب میں سے ہے۔ اگر پلیٹ فارم ایسا ہو جو بنیادی طور پر آزاد تعلقات بخش بات چیت یا ملاقات کے لیے بنایا گیا ہو (جیسا کہ عام ڈیٹنگ ایپس)، تو اس کا استعمال حرام ہے، چاہے نیت نکاح ہی کی کیوں نہ ہو، کیونکہ اس میں بے حیائی، غیر شرعی تصاویر ، اور غیر محرم سے غیر ضروری تعلق شامل ہوتا ہے۔ البتہ شرعی میرج پلیٹ فارم اگر فتنہ سے بچاؤ اور نکاح کی نیت سے ہو تو مشروط جواز کی گنجائش ہے، مگر یہ بھی محفوظ طریقہ نہیں ، بہتر ہے کہ روایتی و معتبر ذرائع اپنائے جائیں ۔ (وَلَا تَقْرَبُوا الزِّنَا إِنَّهُ كَانَ فَاحِشَةً وَسَاءَ سَبِيلاً ) (الاسراء: ۳۲)

Jumuah 7118 July 2025

(۴) سوال:ایک عورت نے اپنے شوہر کے انتقال کے بعد دوسرا نکاح کیا اور اس عورت کو پہلے والے شوہر سے ایک لڑکا بھی ہے اب اس عورت کو اسکے والد نے جو پراپرٹی دی تھی وہ اس عورت کی اور اسکے سگے بیٹے کے لئے دی تھی تو دوسرا شوہر اس پر پراپرٹی کے لئے دباؤ ڈال رہا ہے کہ اس میں میرا ابھی حصہ ہے تو کیا یہ درست ہے؟

جواب:بیوی کی جائداد میں دوسرے شوہر کا حصہ اسی وقت ہوگا ، جب عورت انتقال کر جائے ، اور دوسرے شوہر کی پہلی بیوی کی اولاد کو بھی اس عورت کی جائداد سے نہیں ملیگا۔

Jumuah 6920 June 2025

(۳) سوال:حضرت یہ بات کہ آدمی اپنی پسند کی شادی کرے۔یہ بات قرآن میں ہے لیکن لڑکی اپنی پسند سے شادی کرے یہ بات قرآن حدیث میں کہیں ہے یا نہیں؟

جواب:شریعت نے نکاح کے معاملہ میں والدین اور اولاد دونوں کو حکم دیا ہے کہ ایک دوسرے کی پسند کی رعایت کریں، والدین اپنے بچوں کا کسی ایسی جگہ نکاح نہ کروائیں جہاں وہ بالکل راضی نہ ہوں، اس سلسلے میں والدین کی طرف سے دباؤ، اعتراض اورناراضی کا اظہار کرنا درست نہیں، تاہم خاندانی کفائت اور برابری نہ ہونے کی صورت میں والدین کو اعتراض اور ناراضی کا حق شریعت کی طرف سے حاصل ہے۔

Jumuah 6813 June 2025

سوال:میرا شوہر شراب نہیں چھوڑتا اور برے لڑکوں کے ساتھ دوستی ہے وہ بھی نہیں چھوڑتا اس کے لیے کچھ بتائیں کہ یہ ان چیزوں سے رک جائے؟

جواب:مذکورہ صورت میں سورۃ قریش کثرت سے پڑھیں، اور  اللہ کے ناموں میں سے "المبين" اور "الحميد" جتنا ممکن ہوسکے پڑھ کر اپنے شوہر پر دم کرلیں،  ان شاء اللہ اس سے فائدہ ہوگا۔

Jumuah 6523 May 2025

(۴) سوال:میرا یہ سوال ہے کہ شادی کے موقع پر ہمارے علاقے میں ایجاب و قبول کراتے وقت قبول کرنے والے یعنی شوہر یہ کہتے ہیں کہ الحمدللہ میں نے قبول کیا -اسی لفظ پر ہمارے علاقے کے ایک صاحب نے کہا کہ الحمدللہ پہلے نہیں؛بلکہ بعد میں کہو۔ تو ہمارا سوال یہ ہے کہ ایجاب و قبول کے وقت الحمدللہ کہنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟نیز الحمدللہ کیا آگے کہا جائے گا،تو ایجاب کے بعد میں کہنا ہے،یا اس سے پہلے؟

جواب:الحمد کہنے کی ضرورت نہیں۔ شریعت میں قبول کرتے وقت الحمد للہ کہنے کا حکم نہیں ہے۔ البتہ قبول کرنے کے بعد دوسرے حضرات ماشاء اللہ کہیں یا بارکم اللہ کہیں یہ درست ہے۔

Jumuah 5814 March 2025

(۳) سوال :کیا چچا زاد بھانجی سے شادی کی جاسکتی ہے؟

جواب:جی ہو سکتی ہے کیونکہ نکاح کے باب میں عدم جواز کی شکل صرف ان رشتوں میں ہے جو حقیقی ہوتے ہیں حقیقی کے علاوہ باقی تمام میں اگر رضاعت کا رشتہ نہیں ہے تو نکاح جائز ہوتا ہے۔

Jumuah 577 March 2025

(۱) سوال :حضرت شوہر اور بیوی کو مہر کی رقم کی مقدار یاد نہیں ہے تو اب مہر کیسے ادا کرے؟

جواب:اگر مہر کی رقم بھول جائے تو  بیوی سے پوچھ لے کہ کیا طے ہوا تھا، یا نکاح نامے پر دیکھ لے، اگر کہیں بھی نہ ملے تو جو یاد ہو اور بیوی کا مطالبہ بھی اس سے زیادہ کا نہ ہو اتنا ادا کردے، اور باقی کے بارے میں بیوی سے معاف کروالے۔

Jumuah 577 March 2025

(۲) سوال :ہم نے اپنے بھائی کی منگنی (Engagement) پر ایک انگوٹی بھیجی تھی، ایک سال ہوگیا منگنی کو، اس انگوٹھی کا مالک کون ہوا؟ اور زکوۃ کون دیگا؟

جواب:اگر زیورات دیتے وقت سسرال والوں نے اس بات کی صراحت کی تھی کہ یہ بطورِ عاریت یعنی صرف استعمال کرنے کے لیے ہیں تو پھر یہ زیورات لڑکے والوں کی ملکیت ہوں گے، اور اگرسسرال والوں نے ہبہ، گفٹ اور مالک بناکر دینے کی صراحت کردی تھی تو پھر ان زیورات کی مالک لڑکی ہوگی، اور اگر زیورات دیتے وقت کسی قسم کی صراحت نہیں کی تھی تو پھر لڑکے کے خاندان کے عرف کا اعتبار ہوگا، اگر ان کا عرف و رواج بطورِ ملک دینے کا ہے یا ان کا کوئی رواج نہیں ہے تو ان دونوں صورتوں میں زیورات کی مالک لڑکی ہوگی، اور اگر بطورِ عاریت دینے کا رواج ہے تو پھر سسرال والے ہی مالک ہوں گے۔لڑکی کے مالک بن جانے کی صورت میں بھی اگر آپ واپس لینا چاہیں تو یہ بری بات ہے کہ ہدیہ کسی کو دے کر واپس لیا جائے، لیکن اگر آپ نے لے لیا یا انہوں نے ازخود واپس کردیا تو وہ آپ کی ملکیت میں واپس آجائے گی۔ اسی اعتبار سے زکوۃ کو سمجھ لیجئے کہ جو مالک ہوگا اسی پر زکوۃ واجب ہوگی۔

Jumuah 5424 January 2025

(۴) سوال :لڑکی کی رخصتی  کے اگلے روز دولہے کے گھر دلہن کے گھر کے چند افراد دلہن کو لینے جاتے ہیں جسی عرف میں چوتھی کہتے ہیں کیا یہ بھی رسم میں شامل اور واجب الترک ہے ؟اس سلسلے میں لڑکی کو گھر لانے کا شرعی طریقہ کیا ہے برائے مہربانی رہنمائی فرمائیں ۔

جواب:شادی سادی ہونی چاہئے مسجد میں نکاح ہو جائے اور لڑکا ایک دو آدمی کے ساتھ جاکر لڑکی کو رخصت کرا لائے شب عروسی کے بعد اگلے دن ولیمہ کر دیا جائے جوکہ سنت ہے جس میں لڑکے کے دوست احباب اور اعزا کو حسب حیثیت و گنجائش مدعو کرلیا جائے۔

باقی وہ بیجا قسم کی پابندیاں اور رسوم جو شادی سے آگے پیچھے لڑکے سے متعلق لڑکی سے متعلق کہیں بارات و منگی سے جوڑ کر کہیں رخصتی چوتھی وغیرہ سے جوڑ کر شادی کا جز بنادی گئی ہیں اس میں بہت ساری رسمیں تو ہندووٴں کے یہاں سے منتقل ہوئی ہیں جیسے سہرا مکنا ، منڈھا ، بارات وغیرہ اور بہت ساری رسموں میں منکرات اور گناہ کے کام پائے جاتے ہیں جیسے منہ دکھائی ، جوتا چرائی وغیرہ کی رسمیں کہ نامحرم لڑکے لڑکیوں کا بالمشافہہ آمنے سامنے ہوکر ہنسی مذاق کرنا وغیرہ اور بہت سی رسمیں ریا نمود تفاخر پر مبنی ہوتی ہیں جو کہ نا جائز اور حرام ہیں اور ان کے علاوہ بیشمار رسمیں اسراف و فضول خرچی کو متضمن ہوتی ہیں یہ سب رسوم قبیحہ ہیں۔

Jumuah 5317 January 2025

(۱) سوال :اگر بیوی نے ایک روپیہ چھوڑ کر پورا مہر معاف کر دیا ہے تو اس کا کیا حکم ہوگا؟

جواب:مہر عورت کا حق ہے، عورت اپنی خوش دلی سے اپنا پورا مہر یا مہر کا کچھ حصہ معاف کر دے تو معاف ہو جاتا ہے، طلب کرنا،مؤخر کرنا یا معاف کرنا اس کے دائرہ اختیار میں ہے، لہٰذا اگر عورت کسی جبر و اکراہ کے بغیر خود معاف کردے تو مہر معاف ہوجائے گا اورشوہر پر مہر ادا کرنا لازم نہیں ہوگا۔ البتہ مہر معاف کرنے کیلئے شوہر کی طرف سے بیوی پر کسی بھی قسم کی زبردستی یا جبر و اکراہ کرنا جائز نہیں،بلکہ یہ سراسر ظلم ہوگا ۔

Jumuah 5210 January 2025

(۲) سوال :کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ آج کل سوشل میڈیا اور ریلس (Reels) میں یہ بات بہت مشہور ہو رہی ہے کہ حدیث میں آیا ہے کہ اگر بیوی شوہر کے پاؤں دبائے تو اسے ۷۰؍ تولہ سونا صدقہ کرنے کا ثواب ملتا ہے۔ کیا یہ بات درست ہے؟

جواب:مذکورہ بات جو سوشل میڈیا کے حوالہ سے آپ نے ذکر کی ہے اس طرح کی کوئی بات کافی تلاش کے بعد بھی نہیں مل پائی ہے۔ یہ بات غلط ہے۔ ہاں اخلاقاً و دیانتاً بیوی پر شوہر کی خدمت ضروری ہے، لیکن شوہر کو چاہئے کہ وہ بیوی کو ایک رفیق حیات کی حیثیت دے۔ اس کے ساتھ خادمہ اور نوکرانی جیسا سلوک نہ کرے۔

Jumuah 4829 November 2024

(۱) سوال:لڑکی کا ولیمہ سنت ہے یا نہیں؟

جواب:نکاح کے موقع پر لڑکی والوں کی طرف سے کھانے کا انتظام کرنا ولیمہ کی طرح سنت نہیں ہے، بلکہ شب عروسی کے بعد ولیمہ کرنا لڑکے کے لئے سنت ہے۔ ہاں اگر لڑکی والے نمود ونمائش سے بچتے ہوئے، کسی قسم کے زبردستی اور خاندانی دباؤ کے بغیر اپنی خوشی ورضا سے اپنے اعزاء اور مہمانوں کوکھانا کھلائے تو یہ مہمانوں کا اکرام ہے، اور اس طرح کی دعوت کا کھانا\- کھانا بارات والوں کے لیے جائز ہے، اور اگر لڑکی والے خوشی سے نہ کھلائیں تو زبردستی کرکے کھانا کھانا جائز نہیں ہوگا۔

Jumuah 4722 November 2024

(۳) سوال:کیا نکاح میں ایک مرتبہ ’’قبول ہے‘‘ بولنے سے نکاح مکمل ہو جاتا ہے یا تین مرتبہ ہی قبول ہے بولنا لازم ہے؟

جواب:ملحوظ رہے کہ گواہوں کی موجودگی میں ایک بار ایجاب و قبول کرنا انعقادِ نکاح کے لیے کافی ہے تین بار ایجاب و قبول کرنا ضروری نہیں۔

Jumuah 4615 November 2024

(۱) سوال:میں نكاح میں ایك مرتبہ قبول كہوں یا تین مرتبہ؟ جیسا كہ بعض جگہ قاضی صاحب تین مرتبہ قبول كرواتے ہیں؟

جواب:شرعاً فقط دو گواہوں کے سامنے ایک مرتبہ ایجاب وقبول کرنے کا نام،نکاح ہے۔ تین مرتبہ ایجاب وقبول کرانے کی ضرورت نہیں، لہٰذا نکاح خواں کو چاہیئے کہ شرعی طریقہ کار کو مقدم رکھتے ہوئے ایک مرتبہ ایجاب وقبول کرانے پر اکتفاء کرے اور نکاح کے وقت مروج ان زائد رسومات سے اجتناب کرے۔

Jumuah 458 November 2024

(۲) سوال:اگر كسی شخص كا مثلاً نكاح منگل میں ہوا اور اس كے بعد اس كا ولیمہ جمعہ میں كیا گیا یا جمعہ كی رات میں كیا گیا تو كیا اسے سنت كا ثواب مل جائے گا ؟

جواب:''ولیمہ'' اس کھانے کو کہا جاتا ہے جو میاں بیوی کے  اکٹھا ہونے یعنی شبِ زفاف  کے بعد  کھلایا جاتا ہے، شبِ زفاف کے تیسرے دن تک حدیث شریف سے ولیمہ کا ثبوت ہے، اگر شبِ زفاف کے بعد پہلے دن انتظام ہوسکتا ہو تو سب سے بہتر پہلا دن ہے، تیسرے دن کے بعد ولیمہ کرنا فقط ضیافت شمار ہوگی۔

Jumuah 441 November 2024

(۵)سوال:کیا ماموں اپنی لڑکی کی شادی اپنی بھانجی کے لڑکے سے کر سکتا ہے؟

جواب:اگر حرمت نکاح کی کوئی وجہ مثلاً رضاعت وغیرہ موجود نہیں تو بھانجی کے بیٹے سے شادی کرسکتے ہیں : لقولہ تعالیٰ: وَاُحِلَّ لَکُمْ مَّا وَرَآئَ ذٰلِکُمْ (الآیۃ)

Jumuah 4220 September 2024

(۲) سوال:میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا نکاح میں ایک مرد گواہ سے کام ہو جائے گا یا نہیں؟

جواب:دو مسلمان عاقل بالغ مردگواہوں یا ایک مسلمان مرد اور دو مسلمان عورتوں کی موجودگی کے بغیر مسلمان کا نکاح قطعاً درست نہیں ہوگا؛ لہٰذا گواہوں کے بغیر نکاح کیا گیا تو نکاح منعقد نہیں ہوتا۔

Jumuah 4030 August 2024

(۳) سوال:بیوی سے حالت حیض میں ہمبستری کر لی تو کیا حکم ہے؟

جواب:حالتِ حیض میں بیوی سے جماع کرنا شرعاً ناجائز و حرام ہے،جس پر سچے دل سے توبہ و استغفار ضروری ہے،نیز یہ طبی اعتبار سے بھی انتہائی نقصان دہ ہے ،لہذا اس سے اجتناب لازم ہے۔ نیز مذکورہ گناہ کے ازالے کے لیے بہتر یہ ہے کہ اپنی استطاعت کے مطابق کچھ صدقہ بھی کردے، تاکہ نیکی سے گناہ دُھل جائے۔ اور آئندہ ایسی غلطی نہ ہو۔

Jumuah 379 August 2024

(۳) سوال:كیا حالت حیض میں نكاح ہوسكتا ہے؟

جواب:اگر عورت حالت حیض میں ہو اور اس کے ساتھ نکاح کے لئے ایجاب و قبول ہو گیا اور کوئی سبب مانع نکاح نہ تھا تو نکاح منعقد اور درست و لازم ہوگیا نکاح صحیح ہونے میں عورت کی پاکی شرط نہیں ہے۔

Jumuah 3619 July 2024

(۲) سوال:رخصتی کے چار یا پانچ دن بعد دلہن رشتہ دار کے یہاں جاتی ہے، اس دلہن کی گود بھرائی کی رسم کی جاتی ہے شرعا ایسا کرنا کیسا ہے؟

جواب:صورت مسئولہ میں گود بھرائی کی رسم کا شریعت مطہرہ میں کوئی ثبوت نہیں، بلکہ یہ غیروں کی رسم اور نا جائز ہے، لہذا اجتناب لازم ہے۔

Jumuah 293 May 2024

(۱) سوال:عورت کی عدت کی مدت پوری ہونے کے بعد دعوت کرنی ضروری ہے یا نہیں؟

جواب:عدت کی تکمیل پر کوئی خاص عمل دعوت کرنا یا معتدہ کو تحائف دینا از روئے شرع لازم نہیں، بلکہ مباح عمل ہے، پس اگر  کوئی خوشی سے تحفہ دے یا دعوت کرے تو حرج نہیں، تاہم اگر اس عمل کو لازمی سمجھا جائے یا اس کا رواج ہو تو ایسا رواج واجب الترک ہوگا۔

Jumuah 23Jumuah Session 23

(۱) سوال:لڑكی اور لڑكا ایك جگہ رہ رہے تھے اور زنا كی وجہ سے حمل ٹھہر گیا ہے كیا اس لڑكی اور لڑكے كا نكاح آپس میں ہوسكتا ہے؟ اور اگر كسی نے انجانے میں پڑھا دیا تو كیا حكم ہے؟

جواب:یہ اچھا ہوا دونوں کا آپس میں نکاح ہوگیا، یہ دونوں نکاح کے بعد لڑکی کے حاملہ ہونے کے باوجود بھی آپس میں ہمبستری کرسکتے ہیں، کسی جانور کے ساتھ اپنی خواہش پوری کرنے کی لڑکے کو ضرورت نہیں یہ تو حرام کام ہے، نکاح ہوجانے کے بعد دونوں آپس میں مل سکتے ہیں، البتہ وہ حمل جو کہ زنا کا ہے لہٰذا جو بچہ (نکاح کے بعد ۶ماہ سے پہلے(ن))پیدا ہوگا وہ ناجائز بچہ کہلائے گا، اس کے بعد جو بچہ پیدا ہوگا وہ جائز ہوگا، زنا کا نہ ہوگا۔

’’بس‘‘ کے بارے میں ذرا تفصیل ہے کہ اگر شہر سے باہر لمبا سفر ہو اور بس ڈرائیور کہنے کے باوجود بس نہ روکے اور نماز کا وقت نکل رہا ہو، تو دیکھا جائے گا کہ اگر بس کے اندر قبلہ رُخ ہوکر قیام، رکوع اور سجدے کے ساتھ نماز ادا کی جاسکتی ہے تو اس طرح نماز ادا کرے۔ چنانچہ اگر بس قبلہ رخ چل رہی ہو یا مخالف سمت جارہی ہو اور سیٹوں کے درمیان فاصلہ ہو تو قیام، رکوع اور سجود کے ساتھ نماز ادا کی جاسکتی ہے، اس صورت میں اگرقیام(کھڑے ہونے) کے لیے سہارا لینا پڑے تو اس کی اجازت ہوگی، اگرپورے قیام کے دوران سہارا لینا پڑے اور ہاتھ نہ باندھ سکے تب بھی قیام نہ چھوڑے، سہارا لے کرقیام، رکوع اورسجدے کے ساتھ نماز ادا کرے۔ اگر بس کے زیادہ حرکت کرنے یاچکرآنے کی وجہ سے قیام نہ کرسکے تواسی راہ داری میں بیٹھ کربس کے فرش(زمین) پرسجدہ کرتے ہوئے نماز اداکرے۔

Jumuah 18Jumuah Session 18

سوال:اگر کوئی شخص اپنے بیوی کا مہر ادا نہیں کیا پر اسکی نیت تھی کہ ادا کر دوں گا لیکن بیوی کا انتقال ہو گیا اب وہ شخص مہر کی رقم انکی بیٹی کو دینا چاہتے ہیں تو کیا انکی بیٹی کو دینے سے مہر ادا ہو جائے گا یا پھر ادا کرنے کی کیا صورت ہو سکتی ہے شوہر کو زندگی میں مہر ادا نہیں کرنے پر کچھ گناہ بھی ہوگا ؟

جواب:اس مہر کی رقم بیوی کی مالیت میں شمار ہوگی اور وارثوں میں تقسیم ہوگی۔ عورت کے مرنے کے بعد وارثوں کی رضا مندی کے بغیر کسی ایک کو اس کا مالک بنانا صیح نہیں ہے، اگر مہر ادا کرنے میں کسی عذر کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے اور اس میں عورت کی رضا مندی بھی شامل تھی تو کوئی گناہ نہیں ہے۔

Jumuah 15Jumuah Session 15

سوال:کسی بندہ کو شک ہوا کہ اس نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی ہے تو اس نے اپنے آپ سے سوال کیا کہ کیا میں نے یہ کہا تھا کہ میری بیوی کا طلاق ہے۔ کیا اس سے طلاق ہو جاتی ہے؟

جواب:محض شک سے طلاق واقع نہیں ہوتی ، اس طرح اپنے آپ سے مخاطب ہوکر یہ کہنا کہ میں نے یہ کہا تھا کہ میری بیوی کو طلاق ہے؟ ان الفاظ سے بھی طلاق واقع نہیں ہوتی ، باقی اس قسم کے شک و وہم کی طرف دھیان نہیں دینا چاہئے۔

Jumuah 12Jumuah Session 12

(۴) سوال:حضرت کیا ماموں اپنی بھانجی سے دوران عدت ملاقات کرسکتا ہے؟

جواب:جی ہاں۔ مامو بھانجی کے لئے محرم ہے۔

Jumuah 10Jumuah Session 10

(۱) سوال:کیا اولاد کے نکاح کے فیصلے والدین کے علاوہ رشتہ داروں کو لینے کا بھی حق حاصل ہے شریعت میں؟

جواب:اولاد کے بارے میں والدین کوہی اختیار ہوتا ہے ، بلکہ والدین کے فرائض میں یہ بات داخل ہے۔ جیسا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:  ’’جس کے ہاں بچہ پیدا ہو تو اسے چاہیے کہ وہ اس کا اچھا نام رکھے، اسے ادب سکھائے اور جب وہ بالغ ہو جائے تو اس کی شادی کر دے، اگر وہ بالغ ہو جائے اور وہ (والد) اس کی شادی نہ کرے اور وہ کسی گناہ (زنا وغیرہ) کا ارتکاب کر لے تو اس کا گناہ اس کے والد پر ہے۔ (مشکوۃ)۔‘‘ ہاں اگر بڑے لوگ مشورے کے طور پر مصلحتاً کسی وجہ سے منع کریں اور اس میں خیر ہو تو الگ بات ہے۔

Jumuah 4Jumuah Session 4

(۲) سوال:معلوم یہ کرنا ہے کہ ایک شخص نے بیوی کا مہر ادا نہیں کیا تھا اور اس کا انتقال ہوگیا تو اب ادا کرنے کی صورت کیا ہوگی؟

جواب :بیوی کا مہر شوہر کے ذمہ قرض ہے جس کا اداکرنا واجب ہے۔ اگر ادا نہیں کیا اور مرگیا تو شوہر نے جو کچھ ترکہ چھوڑا ہے اس میں سے پہلے بیوی کا پورا مہر ادا کرنا واجب ہے۔ اس کے بعد ترکہ میں چوتھائی یا آٹھواں حصہ جو کچھ بھی حصہ بیوی کا بنتا ہو وہ حصہ بھی دینا واجب ہے۔

Jumuah 2Jumuah Session 2

سوال:۔ عدت میں اندر اپنے گھر کے کام کاج کر سکتی ہے یا نہیں؟

جواب:۔ جی ہاں عدت کی حالت میں عورت اپنے گھر کے اندر کے تمام کام کر سکتی ہے۔

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab