بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:میرا سفر پر نكلنے كا ارادہ ہے لیكن میرا ٹكٹ رات كا ہے جو میرے شہر كے علاوہ دوسرے شہر سے ہے اور میرا اپنے شہر سے صبح ہی نكلنے كا ارادہ ہے تو مجھ پر قصر كب سے لازم ہوگا؟
جواب:جوشخص مسافتِ سفریعنی48میل یا77٫24 یعنی تقریباً سواستترکلومیٹر کی مسافت تک سفرکے ارادے سے نکلا ہو اور کسی ایک شہر یا بستی میں پندرہ دن یا اس سے زیادہ ٹھہرنے کا ارادہ نہ ہو تو ایساشخص اپنے شہرکی آبادی اورحدودختم ہونے کے بعد یعنی اپنے شہرسے نکلتے ہی قصرنمازاداکرے گا۔اورجب سفرسے واپسی پراپنے شہرکی حدودمیں داخل ہوگیاتواب مکمل نمازاداکرے گا۔
لہذا جب آپ اپنے گھر سے مذکورہ مسافت سفر کی نیت سے نکلیں تو گھر سے نکلنے کے بعد قصر نہیں کریں گے، بلکہ شہر کی آبادی سے نکلتے ہی نماز قصر اداکریں گے،اور واپسی میں جیسے ہی آبادی میں داخل ہوجائیں اگرچہ گھر نہیں پہنچے تو قصر کا حکم ختم ہوجائے گااور مکمل ادا کریں گے۔
حاصل یہ ہے کہ شرعی مسافتِ سفرکی نیت سے شہریابستی سے نکلتے ہی قصرکاحکم شروع ہوجاتاہےاورجہاں سے قصر کاحکم شروع ہوتا ہے وہاں واپس پہنچ کرقصرکاحکم ختم ہوجاتا ہے۔
(۲) سوال:اگر بندر سوئمنگ پل میں گرجائے یا نہالے تو پانی پاك رہتا ہے یا نہیں؟
جواب:سوئمنگ پل (حوضِ کبیر) دہ در دہ ہے تو وہ اس وقت ناپاک ہوتا ہے جبکہ نجاست کی وجہ سے اس کے اوصاف ثلثہ (رنگ، بو ، مزہ) میں سے کوئی وصف بدل جائے اس لیے اگر اس حوض میں بندر گر جائے یا نہالے تو اس کی وجہ سے وہ حوض ناپاک نہ ہوگا اور اس حوض سے وضو کرنا درست ہوگا۔ وبتغیر أحد أوصافہ من لونٍ أوطعمٍ أو ریحٍ ینجس الکثیر ولو جاریاً إجماعاً․ (شامی: ۱/۳۳۲)
(۳) سوال:كیا حالت حیض میں نكاح ہوسكتا ہے؟
جواب:اگر عورت حالت حیض میں ہو اور اس کے ساتھ نکاح کے لئے ایجاب و قبول ہو گیا اور کوئی سبب مانع نکاح نہ تھا تو نکاح منعقد اور درست و لازم ہوگیا نکاح صحیح ہونے میں عورت کی پاکی شرط نہیں ہے۔
(۴) سوال:یا سلام كا ورد بغیر وضوء كے كر سكتے ہیں؟
جواب:كر سكتے ہیں۔
(۵) سوال:اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ عِلْمًا نَافِعًا، وَرِزْقًا طَيِّبًا، وَعَمَلًا مُتَقَبَّلًا۔ كیا یہ دعاء پانی پر دم كر سكتے ہیں اس كا ترجمہ بھی بتا دیجئے؟
جواب:ہاں یہ دعاء پانی پر دم كرسكتے ہیں۔ اور اس كا ترجمہ ہے : اے اللہ! میں تجھ سے نفع بخش علم، پاکیزہ روزی اور مقبول عمل کا سوال کرتا ہوں ۔
فقط واللہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
