بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال:۔ ہماری آستین آدھی ہے اور ہم نے صرف نماز پڑھنے کے لئے کوئی دوسری آستین چڑھالی یا کوئی بڑا دو پٹہ اوڑھ لیا جس سے ہاتھ ڈھک جائیں تو کیا نماز ہوجائے گی؟ جواب سے نوازیں مہربانی ہوگی۔
جواب:آدھی آستین پہننے والی عورت اگر دبیز دوپٹہ وغیرہ سے اپنے ہاتھ کا کھلا ہوا حصہ چھپا لے تو شرعاً اس کی نماز درست ہوجائے گی؛ البتہ اگر دوپٹہ اتنا باریک ہو کہ اندر کا بدن صاف جھلکتا ہو تو اس کی نماز درست نہ ہوگی۔ (کتاب النوازل 412/3)
(۲) سوال:میری بہن کا رشتہ نہیں آرہا ہے کوئی اچھا سا وظیفہ بتادیجئے۔
جواب:فجر كی سنت اور فرض كے درمیان "یا جامع" كی تسبیح پڑھیں ان شاء اللہ اللہ تعالی آسانی فرمائیں گے۔
(۳) سوال:سجدہ سہو کی نیت کس طرح کریں؟
جواب:سجدہ سہو کے لئے الگ سے کوئی نیت نہیں ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ جب تم میں سے کوئی شخص نماز پڑھنے کھڑا ہوتا ہے تو شیطان اس کے پاس آکر اس کو شبہ میں ڈالتا ہے تا آں کہ اسے پتا نہیں رہتا کہ اس نے کتنی رکعت نماز پڑھی ہے، لہذا جب تم میں سے کوئی اس طرح بات محسوس کرے تو اسے چاہئے کہ بیٹھے بیٹھے دو سجدے اور کرلے۔ (مسلم شریف 210/1، کتاب المسائل 327)
(۴) سوال:عورتوں میں یہ بات مشہور ہے کہ کہ رات کے وقت جھاڑو دینے، ٹوٹی کنگھی استعمال کرنے، ٹوٹی یا بال پڑی ہوئی برتن استعمال کرنے، ٹوٹا ہوا آئینہ دیکھنے سے گھر میں غربت آتی ہے۔ براہ کرم، رہنمائی فرمائیں۔
جواب:یہ باتیں صرف مشہور ہیں کسی معتبر ومستند کتاب میں ان کی صراحت نہیں ہے؛ البتہ ٹوٹے ہوئے برتن کے استعمال کی (اس میں پانی وغیرہ پینے کی) حدیث میں ممانعت آئی ہے۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
