Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 65

23 May 2025

6 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال :کیا ذی الحجہ کے مکمل دس روزے رکھنا ضروری ہیں یا ایک، دو روزے بھی رکھ سکتے ہیں؟

جواب:احادیثِ مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ذوالحجہ کے ابتدائی ایام میں ہردن کا روزہ ایک سال کے روزوں کے برابر اجر رکھتا ہے، اور بطورِ خاص یومِ عرفہ (۹؍ ذوالحجہ)کے روزے کی یہ فضیلت بیان کی گئی ہے کہ اس دن کا روزہ ایک سال قبل اور ایک سال بعد کے گناہوں کا کفارہ ہے۔ ذوالحجہ کے شروع کے نو دن روزے رکھنے کی فضیلت ہے، مکمل نو روزے رکھنا ضروری نہیں ہے، مسلسل نو روزے بھی رکھ سکتے ہیں اور اس سے کم بھی رکھنا دررست ہے۔البتہ نو ذو الحجہ کے روزے کی فضیلت بہت زیادہ ہے؛ اس لیے اس کا اہتمام کرلینا چاہیے۔

(۲) سوال:ایامِ بیض کے روزوں کی اہمیت کیا ہے؟ ان روزوں کی زیادہ فضیلت ہے؟

جواب:ایامِ بیض  (قمری مہینہ کی تیرہ، چودہ اور پندرہ تاریخ) کے روزے مستحب ہیں، ان کا رکھنا فضیلت کا باعث ہے، اور نہ رکھنے میں گناہ نہیں ہے، اگر کسی شخص کا مستقل یہ روزے رکھنے کا معمول ہے تو یہ انتہائی سعادت کی بات ہے، البتہ اگر کبھی اس سے یہ روزے رہ جائیں تو قضا یا گناہ نہیں ہوگا،  نیز قمری مہینے کے کسی بھی حصے (اول، درمیان، آخر یا متفرق) میں تین روزے رکھ لینے سے حدیث شریف کے مطابق یہ فضیلت حاصل ہوجاتی ہے کہ جس شخص کا معمول (رمضان المبارک کے علاوہ) ہر مہینے تین روزے رکھنے کا ہو تو گویا اس نے ساری زندگی روزے رکھے۔

(۳) سوال:بوجہ دعوت ایام بیض کا روزہ ترک کرنا کیسا ہے؟

جواب:دعوت دینے والا اگر کوئی خاص آدمی ہے جس کی دعوت قبول کرنا اور کھانا ضروری ہو ورنہ ضرر کااندیشہ ہویا دل شکنی ہوسکتی ہومثلا کوئی قریبی رشتہ دار یادوست دعوت ہوتو اس جیسے مواقع میں دعوت کھالے اور روزہ نہ رکھے۔ورنہ روزہ رکھے۔ اور ایام بیض کے روزے صرف مستحب ہیں۔

(۴) سوال:میرا یہ سوال ہے کہ شادی کے موقع پر ہمارے علاقے میں ایجاب و قبول کراتے وقت قبول کرنے والے یعنی شوہر یہ کہتے ہیں کہ الحمدللہ میں نے قبول کیا -اسی لفظ پر ہمارے علاقے کے ایک صاحب نے کہا کہ الحمدللہ پہلے نہیں؛بلکہ بعد میں کہو۔ تو ہمارا سوال یہ ہے کہ ایجاب و قبول کے وقت الحمدللہ کہنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟نیز الحمدللہ کیا آگے کہا جائے گا،تو ایجاب کے بعد میں کہنا ہے،یا اس سے پہلے؟

جواب:الحمد کہنے کی ضرورت نہیں۔ شریعت میں قبول کرتے وقت الحمد للہ کہنے کا حکم نہیں ہے۔ البتہ قبول کرنے کے بعد دوسرے حضرات ماشاء اللہ کہیں یا بارکم اللہ کہیں یہ درست ہے۔

(۵) سوال:بیوی نے اپنی شوہر کی بیمار کے وقت بکری قربانی کی نیت کی اور خود شوہر نے بھینس قربانی کی نیت کی تو اگر اب شوہر اور بیوی ایک ساتھ شریک ہو کر ایک بھینس کی قربانی کریں توکیا حکم ہے؟

جواب:محض نیت سے تو کچھ واجب نہیں ہوا البتہ الفاظ نذر کے ذریعے منت مانی ہے تو ہر ایک پر علیحدہ علیحدہ واجب ہے۔

(۶) سوال:ایک جانور کا کان کنارے سے ایک انچ یا اس سے کم کٹا ہوا ہے تو اس کی قربانی کرسکتے ہیں یا نہیں؟

جواب:تہائی یا اس سے زائد کٹا ہوا ہو تو قربانی درست نہیں ہے ۔ اس سے کم ہے تو درست ہے۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab