بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال :حضرت مفتی صاحب فوم کے گدے سائز میں بارہ ایم ایم موٹے ہیں ان پر نماز کے لیے بعضوں کا کہنا ہے کہ سجدہ میں سر ٹکتا ہے اور سختی محسوس ہوتی بعض اس کے بر عکس کہتے ہیں کیا ان پر نماز ادا ہوگی یا نہیں؟
جواب:ایسے فوم وغیرہ پر نماز پڑھنا جائز ہے، جس پر سجدہ کرنے کی صورت میں سر زمین پر ٹک جائے خواہ تھوڑا دباؤ کے ذریعے ٹکے اور زمین کی سختی محسوس ہو، البتہ اگرفوم اتنا دبیز ہو کہ سجدہ کرنے کی صورت میں دھنستا ہی چلاجائے اور ایک جگہ پر ٹکے نہیں تو ایسے فوم پر سجدہ ادا نہیں ہوگا۔
(۲) سوال :کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ آج کل سوشل میڈیا اور ریلس (Reels) میں یہ بات بہت مشہور ہو رہی ہے کہ حدیث میں آیا ہے کہ اگر بیوی شوہر کے پاؤں دبائے تو اسے ۷۰؍ تولہ سونا صدقہ کرنے کا ثواب ملتا ہے۔ کیا یہ بات درست ہے؟
جواب:مذکورہ بات جو سوشل میڈیا کے حوالہ سے آپ نے ذکر کی ہے اس طرح کی کوئی بات کافی تلاش کے بعد بھی نہیں مل پائی ہے۔ یہ بات غلط ہے۔ ہاں اخلاقاً و دیانتاً بیوی پر شوہر کی خدمت ضروری ہے، لیکن شوہر کو چاہئے کہ وہ بیوی کو ایک رفیق حیات کی حیثیت دے۔ اس کے ساتھ خادمہ اور نوکرانی جیسا سلوک نہ کرے۔
(۳) سوال :نماز میں آنکھیں بند رکھنے سے کیا جنت میں حوریں اندھی ہو جائیں گی؟
جواب:یہ بات من گھڑت ہے،جسکی کوئی حقیقت نہیں ہے، البتہ نماز میں بلا وجہ آنکھیں بند رکھنا مکروہ ہے۔
(۴) سوال :کیا غیر شادی شدہ لڑکی پردے میں رہ کر نامحرم لڑکے کو دیکھ سکتی ہے؟ کیونکہ لڑکی کا کہنا ہے کہ بغیر دیکھے نکاح کر لیا جائے تو بعد میں ناپسندیدہ کی وجہ سے تنازعات ہوتے ہیں۔
جواب:پہلے رشتہ کی بات کریں۔پھر بعد میں دیکھیں ورنہ تو ہر کوئی ہر کسی کو اسی طرح سے دیکھنے کی شکل نکال لیگا۔پردہ کا حکم مرد اور عورت دونوں کو ہے نا کہ صرف ایک کو۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
