Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 53

17 January 2025

5 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال :اگر بیوی نے ایک روپیہ چھوڑ کر پورا مہر معاف کر دیا ہے تو اس کا کیا حکم ہوگا؟

جواب:مہر عورت کا حق ہے، عورت اپنی خوش دلی سے اپنا پورا مہر یا مہر کا کچھ حصہ معاف کر دے تو معاف ہو جاتا ہے، طلب کرنا،مؤخر کرنا یا معاف کرنا اس کے دائرہ اختیار میں ہے، لہٰذا اگر عورت کسی جبر و اکراہ کے بغیر خود معاف کردے تو مہر معاف ہوجائے گا اورشوہر پر مہر ادا کرنا لازم نہیں ہوگا۔ البتہ مہر معاف کرنے کیلئے شوہر کی طرف سے بیوی پر کسی بھی قسم کی زبردستی یا جبر و اکراہ کرنا جائز نہیں،بلکہ یہ سراسر ظلم ہوگا ۔

(۲) سوال :قضاء عمری زیادہ ہونے کی وجہ سے اداء کے وقت رکوع اور سجدے کی تسبیح میں تخفیف کی جاسکتی ہے؟ کیا ایک مرتبہ تسبیح سے نماز ادا ہو جائے گی؟ جن میں ایک مرتبہ تسبیح پڑھی ہے ان کو لوٹانا تو نہیں پڑے گا؟

جواب:راجح قول کے مطابق حنفیہ کے یہاں رکوع اور سجدہ کی تسبیح سنت ہے۔ اور تین مرتبہ پڑھنا بھی سنت ہے، حنفیہ کا راجح قول یہی ہے، دوسرا قول حنفیہ کے یہاں ایک مرتبہ کہنے کے وجوب کا بھی ہے، کہ ایک مرتبہ کہنا واجب ہے۔ لہٰذا جتنی آپ نے پڑھ لی ہیں ان کا لوٹانا تو ضروری نہیں لیکن آئندہ خیال رکھیں کہ کم سے کم تین مرتبہ تسبیح پڑھ لیں۔

(۳) سوال :ایک مسلمان ہے جنکا ختنہ نہیں ہوا ہے جبکہ وہ عمر دراز ہیں۔ تو کیا ایسے شخص کا ختنہ ضروری ہے؟ کیا ایسے مسلمان سے نکاح کیا جاسکتا ہے یا نہیں؟

جواب:ختنہ بالغ ہونے سے پہلے پہلے کرالینا چاہئے، اب اگر سہولت سے ختنہ کرانا ممکن ہو تو ختنہ چھوڑنا درست نہیں، بلکہ اس کے لیے اگر ستر کھولنا پڑے تو بھی جائز ہے۔ البتہ اگر ناقابل برداشت تکلیف کا اندیشہ ہو، اور ماہر، دین دار ڈاکٹر اس کی تصدیق کرے تو نہ کروایا جائے۔ تاہم ختنہ نہ ہونے کے باوجود اس شخص سے نکاح کیا جاسکتا ہے۔ کوئی حرج نہیں ہے۔

(۴) سوال :جمعہ کے خطبہ میں مقتدیوں کو کس طرح بیٹھنا چاہئے؟

جواب:خطبہ جمعہ کے درمیان دو زانوں بیٹھنا افضل ہے جیسا کہ قاعدے میں بیٹھتے ہیں اور ہاتھوں کو بھی اسی حالت پر رکھا جائے گا۔

(۵) سوال :حضرت مردہ کو سفید رنگ کا کفن ہی کیوں پہنایا جاتا ہے اس کی کیا وجہ ہے کیا مردہ کو کسی اور کلر کے کپڑوں میں بھی دفنایا جا سکتا ہے؟

جواب:سفید کپڑے میں کفن دینا مستحب ہے اگر سفید کپڑا دستیاب نہ ہو تو دوسرے کپڑوں میں بھی کفن دیا جاسکتا ہے بس یہ خیال رکھا جائے کہ کپڑا پاک وصاف ہو۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab