Skip to content

   

All masail

Ask Mufti Arbab · Jumah 25

15 March 2024

5 questions answered

بسم اللّه الرحمن الرحيم

(۱) سوال:جماعت کے ساتھ وتر کی نماز میں مقتدی کی دعاء قنوت پوری نہیں ہوئی اور امام صاحب رکوع میں چلے گئے ، تو مقتدی اس صورت میں کیا کرے؟

جواب:اگر وتر کی نماز میں امام مقتدی کی دعائے قنوت مکمل ہونے سے پہلے رکوع میں چلا جائے تو مقتدی کے لیے امام کی اقتدا کرتے ہوئے فوراً رکوع میں جانا ضروری ہے، مقتدی جس قدر بھی دعائے قنوت پڑھ لے واجب ادا ہوجائے گا۔

(۲) سوال:رمضان میں اگر کوئی شخص تنہا تراویح پڑھے تو کیا وہ وتر جہراً پڑھ سکتا ہے؟

جواب:منفرد کے ذمے جہری نمازوں میں چوں کہ مقتدیوں کو قراء ت سنانا مطلوب نہیں ہوتا، لہذا امام کی طرح بلند قراء ت کرنے کی شرعًا ضرورت نہیں، البتہ قدرے جہر کرسکتا ہے، جس سے دوسرے کے آرام یا معمول میں خلل نہ ہو۔

(۳) سوال:مفتی صاحب میں حافظ قرآن ہوں اور میرے دوست وغیرہ مجھ سے مسائل معلوم کرتے ہیں، اور میں انہیں فتاویٰ محمودیہ کتاب المسائل اور مسائل رفعت قاسمی اور دارالعلوم دیوبند کی ویب سائٹ سے مسائل دیکھ کر بتا دیتا ہوں کیا میرا یہ کرنا صحیح ہے؟

جواب:فتاویٰ کی کتابوں میں بسااوقات ایک جگہ مسئلہ مطلق ذکر کیا جاتا ہے جب کہ دوسری جگہ اس کے قیود و شرائط ذکر کیے جاتے ہیں اس لئے غیر عالم کے لئے محض اردو فتاویٰ دیکھ کر مسئلہ بتانا خلاف احتیاط ہے، بلکہ وہ پوچھنے والے کو معتبر عالم کے پاس بھیج دے یا خود کسی معتبر عالم سے مسئلہ معلوم کرکے بتادے۔

(۴) سوال:لیٹ کر قرآن مجید سننا یا موبائل فون کی اسکرین پر سے لیٹ کر پڑھنا درست ہے یا نہیں؟

جواب:لیٹ کر قرآنِ کریم کی تلاوت سننے اسی طرح لیٹ کر قرآنِ کریم پڑھنے کی گنجائش ہے خواہ اصل قرآن (مصحف) سے دیکھ کر پڑھے، خواہ موبائل کی اسکرین سے؛ البتہ اس وقت ادباً اپنے دونوں پاؤں کو سمیٹ لینا چاہئے۔

(۵) سوال:عورت کا ایام مخصوصہ میں ذکر و اذکار اور تلاوت کا کیا حکم ہے ؟

جواب:عورت کے لئے ایام مخصوصہ میں قرآن پاک کی تلاوت اور بلاحائل (بغیر کسی موٹے کپڑے وغیرہ کے ) اسے چھونا بھی جائز نہیں ہے۔ ہاں اس حالت میں عورت کے لیے ذکر واذکار کرناجائزہے،مثلاً درود پاک،استغفار، کلمہ طیبہ،یا کوئی اور وظیفہ پڑھنا یا قرآن مجید میں جو دعائیں آئی ہیں ان کو دعاء کی نیت سے پڑھنا درست ہے۔

فقط واللّہ اعلم

Does this apply to your situation?

A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.

Ask Mufti Arbab