بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال :حضرت میرا سوال یہ ہے جماعت کی نماز کے لیے مکبر کیسا ہونا چاہیے کیا غیر مشرع شخص تکبیر کہہ سکتا ہے، باشرع افراد کی موجودگی میں تکبیر کس کو پڑھنی چاہیے؟
جواب:داڑھی رکھنا واجب اور اس کو منڈوانا یا کترواکر ایک مشت سے کم کرنا ناجائز اور کبیرہ گناہ ہے۔اور اس کا مرتکب فاسق اور گناہ گار ہے، ایسے شخص کا اذان اور اقامت کہنا مکروہِ تحریمی ہے، لہذا داڑھی والے لوگوں کی موجودگی میں یہ شخص اذان و اقامت نہ کہے، البتہ اگر غیر مشرع نے اذان یا اقامت دے دی ہو تو اس کو دوبارہ لوٹانا واجب نہیں ہے۔
(۲) سوال:حدیث میں آتا ہے کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: سورۂ فاتحہ میں شفا ہے۔ سورۂ فاتحہ ہر بیماری کی لئے شفا ہے اس کا کیا مطلب ہے؟
جواب:بیشک سورۂ فاتحہ میں اللہ نے شفاء رکھی ہے، اس سے علاج کرنے میں شفاء ہوتی ہے۔ حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ کا ایک قوم کے سردار کو سانپ بچھو ڈسنے پر علاج کرنا اور اس سے شفاء یاب ہونا ثابت ہے۔ جب حدیث میں شفاء فرمایا گیا ہے تو پورے یقین کے ساتھ کیا جائے تو اس یقین کی بدولت ان شا ء اللہ شفاء بھی نصیب ہوگی اور شفاء ہو یا نہ ہو ہمیں علاج کرنا چاہئے۔ علاج کرنا ہمارے بس میں ہے شفاء ہمارے بس میں نہیں ہے شفاء دینا اللہ کا کام ہے۔
(۳) سوال:فرش پر بچھی ہوئی قالین جو فرش کے ساتھ کیمیکل کے ذریعہ چپکا دی جاتی ہے، جس کا اکھاڑ نا دشوار ہوتا ہے، اگر کسی نے اس پر پیشاب کر دیا تو اس کے پاک کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
جواب:اگر قالین کو ہٹانا ممکن نہ ہو تو ناپاک جگہ کو اچھی طرح دھویا جائے اور پھر اس پر پانی ڈال کر پاک کیا جائے۔ یہ عمل اس وقت تک دہرایا جائے جب تک کہ ناپاکی دور نہ ہو جائے اور ناپاکی دور ہونے کا پختہ یقین نہ ہو جائے ۔
(۴) سوال:كیا غریبوں كے علاج میں زكوة كی رقم استعمال كی جاسكتی ہے؟
جواب:جی ہاں! غریب كے علاج میں زكوة كی رقم استعمال كی جا سكتی ہے مگر اس كا طریقہ یہ ہے كہ غریب كو زكوة كی رقم دے كر اس كو زكوة كی رقم كا مالك و مختار بنادیا جائے، پھر وہ اپنے علاج میں خرچ كرے۔ یا زكوة كی رقم سے دوا خرید كر غریب كو دے دی جائے۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
