Skip to content

   

Namaz — chapter 4 of 27

وضو کابیان

Wudu

The method, the dua at each limb, the fard and sunan, and what breaks it.

نماز پڑھنے سے پہلے ہاتھ منہ اور پاؤں دھونے اور سر کے مسح کرنے کا نام وضو ہے۔

نماز کے لیے وضو شرط ہے:

نماز کے لیے وضو شرط ہے بلاوضوکے نماز نہیں ہوتی ۔بے وضو نماز پڑھنا سخت گناہ ہے۔بعض عُلَمَا نے ایسے شخص کو جو بے وضو نماز پڑھے کافرکہاہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے:

مِفْتَاحُ الصَّلوٰۃِ الطَّہُوْرُ

یعنی پاکی نماز کی کنجی (شرط ) ہے۔

وضو کرنے کاطریقہ:

کسی اونچی جگہ قبلہ کی طرف منہ کرکے بیٹھو اور لوٹا ایسی جگہ رکھو کہ اس میں تمہارے وضو کاپانی ہاتھوں پر سے نہ گرے۔ اول وضو کی نیت کرو، پھر بسم اللہ پڑھ کر دونوں ہاتھ پہنچوں تک دھوؤ۔ پھر تین مرتبہ کلی کرو۔ مسواک کرو، اس کے بعد تین مرتبہ ناک میں پانی دو، اور بائیں ہاتھ سے ناک صاف کرو۔ پھر سارا چہرہ تین مرتبہ دھو ؤ اور ڈاڑھی اور انگلیوں میں خلال کرو ۔ اس کے بعد دونوں باہیں کہنیوں سمیت تین مرتبہ دھوؤ۔پھر سَر اور دونوں کان اور گردن کا مسح کرو۔ پھر دونوں پاؤں ٹخنوں تک تین مرتبہ دھوؤ۔ پھر کلمۂ شہادت پڑھو اور وضو کابچا ہوا پانی تھوڑا سا پی لو۔

جو چیزیں نیچے بیان کی گئی ہیں ان کوخوب یاد کرلو اور وضو میں ان کا خیال رکھو اور ہر عضو کے دھوتے وقت وہ دعا پڑھو جو نیچے لکھی ہے ۔ ان دعاؤں کا پڑھنا مستحب ہے۔

وضو کی دعائیں

وضو کی بسم اللہ:

  • ۱۔ بِسْمِ اﷲِ الْعَلِيِّ الْعَظِیْمِ وَالْحَمْدُ ﷲِ عَلٰي دِیْنِ الْإِسْلَامِ۔

شروع کرتاہوں اللہ کے نام کے ساتھ جو بڑائی اور بزرگی والا ہے، اور خدا کے لیے سب تعریفیں ہیں دینِ اسلام پر۔

  • ۲۔ بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔

شروع کرتاہوں اللہ کے نام کے ساتھ جو بڑا مہربان اور رحم کرنے والا ہے۔

کلی کے وقت کی دعا:

اَللّٰہُمَّ أَعِنِّيْ عَلٰی تِلاَوَۃِ الْقُرْاٰنِ وَذِکْرِکَ وَشُکْرِکَ وَحُسْنِ عِبَادَتِکَ۔

اے اللہ! قرآن کی تلاوت اور اپنے ذکروشکر اور اچھی عبادت پر میری مددکیجیے۔

ناک میں پانی دیتے ہوئے یہ دعا پڑھے:

اَللّٰہُمَّ أَرِحْنِي رَائِحَۃَ الْجَنَّۃِ وَلاَ تُرِحْنِي رَائِحَۃَ النَّارِ۔

اے اللہ! مجھے جنت کی ہوا دیجیے اور دوزخ کی ہوا نہ دیجیے۔

منہ دھوتے ہوئے یہ دعا پڑھے:

اَللّٰہُمَّ بَیِّضْ وَجْہِيْ یَوْمَ تَبْیَضُّ وُجُوْہٌ وَّتَسْوَدُّ وُجُوْہٌ۔

اے اللہ! میرے چہرے کو سفید کردیجیے جس روز چہرے سیاہ اور سفید ہوں۔

داہنا ہاتھ دھوتے وقت کی دعا:

اَللّٰہُمَّ أَعْطِنِيْ کِتَابِيْ بِیَمِیْنِيْ وَحَاسِبْنِيْ حِسَابًا یَّسِیْرًا۔

اے اللہ! میرا نامۂ اعمال میرے داہنے ہاتھ میں دیجیے اور میراحساب آسان لیجیے۔

بایاں ہاتھ دھوتے وقت کی دعا:

اَللّٰہُمَّ لاَ تُعْطِنِيْ کِتَابِيْ بِشِمَالِيْ وَلاَ مِنْ وَّرَائِ ظَہْرِيْ۔

اے اللہ! میرا نامۂ اعمال میرے بائیں ہاتھ میں نہ دیجیے اور نہ پشت کی طرف سے دیجیے۔

مسح کے وقت کی دعا:

اَللّٰہُمَّ أَظِلَّنِيْ تَحْتَ ظِلِّ عَرْ شِکَ یَوْمَ لَا ظِلَّ إِلَّا ظِلُّ عَرْشِکَ۔

اے اللہ! مجھے اپنے عرش کے نیچے سایہ دیجیے جس روز آپ کے عرش کے سوا کہیں سایہ نہ ہوگا۔

کانوں کے مسح کے وقت کی دعا:

اَللّٰہُمَّ اجْعِلْنِيْ مِنَ الَّذِیْنَ یَسْتَمِعُوْنَ الْقَوْلَ فَیَتَّبِعُوْنَ أَحْسَنَہٗ۔

اے اللہ! مجھے ان لوگوں میں سے کردیجیے جو بات سنتے ہیں، اور اچھی بات مانتے ہیں۔

گردن کے مسح کے وقت کی دعا:

اَللّٰہُمَّ أَعْتِقْ رَقَبَتِيْ مِنَ النَّارِ۔

اے اللہ! میری گردن کو دوزخ سے آزاد کردیجیے۔

دایاں پیر دھوتے وقت کی دعا:

اَللّٰہُمَّ ثَبِّتْ قَدَمِيْ عَلَی الصِّرَاطِ یَوْمَ تَزِلُّ الْأَقْدَامُ۔

اے اللہ! میرے قدم کو صراط پر ثابت رکھیے جس روز قدم پھسلتے ہوں گے۔

بایاں پیر دھوتے وقت کی دعا:

اَللّٰہُمَّ اجْعَلْ ذَنْبِيْ مَغْفُوْرًا وَّسَعْیِيْ مَشْکُوْرًا وَّتِجَارَتِيْ لَنْ تَبُوْرَ۔

اے اللہ! میرے گناہ بخش دیجیے اور میری کوشش کو کامیاب کردیجیے اور میری تجارت کو باقی رہنے والی کہ ہلاک نہ ہو۔

وضو کے بعد کی دعا:

أَشْہَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَأَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ۔

میں گواہی دیتاہوں کہ نہیں کوئی معبود خدا کے سوا اورمحمدﷺ اس کے بندے اور رسول ہیں۔

ہردعا کے بعد درود شریف بھی پڑھنا بہتر ہے۔

وضو کے فرائض اورسنن وغیرہ

فرائضِ وضوـ:

وضو میں چار فرض ہیں:

  • ۱۔ ایک مرتبہ سارا چہرہ دھونا۔
  • ۲۔ ایک دفعہ دونوں ہاتھ کہنیوں سمیت دھونا۔
  • ۳۔ ایک بار چوتھائی سر کا مسح کرنا۔
  • ۴۔ دونوں پاؤں معہ ٹخنوں کے ایک بار دھونا۔

فرض کے چھوٹنے سے وضو نہ ہوگا۔

سننِ وضو:

وضو میں اٹھارہ سنتیں ہیں:

  • ۱۔ شروع میں بسم اللہ پڑھنا۔
  • ۲۔ نیت کرنا۔
  • ۳۔ مسواک کرنا۔
  • ۴۔ دونوں ہاتھ پہنچوں تک دھونا۔
  • ۵۔ تین مرتبہ کلّی کرنا۔
  • ۶۔ تین مرتبہ ناک میں پانی ڈالنا۔
  • ۷۔ کلّی اور ناک میںپانی خوب اچھی طرح پہنچانا بشرطیکہ روزہ نہ ہو۔
  • ۸۔ گھنی ڈاڑھی میں خلال کرنا۔
  • ۹۔ انگلیوں میں خلال کرنا۔
  • ۱۰۔ ہرعضو کو تین مرتبہ دھونا۔
  • ۱۱۔ ایک مرتبہ سارے سر کا مسح کرنا۔
  • ۱۲۔ دونوں کانوں کا مسح کرنا۔
  • ۱۳۔ اعضا کو ملنا۔
  • ۱۴۔ ترتیب سے وضو کرنا، داہنے ہاتھ اور داہنے پاؤں کو ہاتھ پاؤں دھوتے ہوئے پہلے دھونا۔
  • ۱۵۔ مسح کی ابتدا پیشانی کی طرف سے کرنا۔
  • ۱۶۔ ہاتھ پاؤں کو انگلیوں کی طرف سے دھونا شروع کرنا۔
  • ۱۷۔ گردن کا مسح کرنا۔
  • ۱۸۔ پے درپے اعضا کا دھونا۔

مستحباتِ وضو:

وضو میں چودہ چیزیںمستحب ہیں:

  • ۱۔ اونچی جگہ بیٹھنا۔
  • ۲۔قبلہ کی طرف منہ کرنا۔
  • ۳۔کسی سے مددنہ لینا۔
  • ۴۔ دنیا کی بات نہ کرنا۔
  • ۵۔ زبان اور دل سے نیت کرنا۔
  • ۶۔دعائے ماثورہ پڑھنا۔
  • ۷۔ہر عضو کے دھونے پر بسم اللہ پڑھنا۔
  • ۸۔ ڈھیلی انگوٹھی کو ہلانا۔
  • ۹۔ کن انگلی کو دونوں کانوں کے سوراخ میں داخل کرنا۔
  • ۱۰۔ ناک میں پانی داہنے ہاتھ سے دینا اور بائیں ہاتھ سے ناک صاف کرنا۔
  • ۱۱۔ کلّی داہنے ہاتھ سے کرنا۔
  • ۱۲۔ اگر معذور نہ ہو تو وقت سے پہلے وضو کرنا۔
  • ۱۳۔ وضو کے بعد کلمۂ شہادت پڑھنا۔
  • ۱۴۔ وضو کا بچا ہوا پانی تھوڑا سا پینا اور کلمۂ شہادت اوریہ دعا پڑھنا۔ دعا یہ ہے: اَللّٰہُمَّ اجْعَلْنِيْ مِنَ التَّوَّابِیْنَ وَاجْعَلْنِيْ مِنَ الْمُتَطَہِّرِیْنَ۔

مکروہاتِ وضو:

وضو کرنے والے کے لیے چھ چیزیں مکروہ ہیں:

  • ۱۔ پانی ضرورت سے زیادہ خرچ کرنا۔
  • ۲۔ بلاضرورت پانی کم استعمال کرنا۔
  • ۳۔ پانی چہرہ پر مارنا۔
  • ۴۔ دنیا کی بات کرنا۔
  • ۵۔ بلا عذر دوسرے سے مدد لینا۔
  • ۶۔ تین دفعہ پانی لے کر تین بار مسح کرنا۔

نواقضِ وضو:

وضو کو توڑنے والی بارہ چیزیں ہیں:

  • ۱۔ پیشاب ،پاخانہ کے راستے سے کسی چیز کا نکلنا (لیکن اگر ہوا پیشاب گاہ سے نکلے تو اس سے وضو نہیں ٹوٹتا)۔
  • ۲۔ بچہ پیدا ہونا اگرچہ خون نہ آیا ہو۔
  • ۳۔ کھانے یا پانی یاخون یا پت کی قے منہ بھر کر کرنا۔
  • ۴۔ بدن سے کسی جگہ بہنے والی نجاست کا نکلنا جیسے خون یا پیپ وغیرہ۔
  • ۵۔ منہ سے اتنا خون نکلنا کہ تھوک کے برابر یا اس سے زیادہ ہو۔
  • ۶۔ اس طرح سونا کہ زمین پر اچھی طرح چوتڑ رکھے ہوئے نہ ہوں۔
  • ۷۔ بیٹھ کر سونے والے کا گرجانا اور فورًا نہ جاگنا۔
  • ۸۔ بیہوش ہوجانا۔
  • ۹۔ پاگل ہوجانا۔
  • ۱۰۔ کسی چیز سے نشہ ہوجانا۔
  • ۱۱۔ بالغ کا رکوع سجدے والی نماز میں زور سے ہنسنا۔
  • ۱۲۔ مرد کی پیشاب گاہ کا عورت کی پیشاب گاہ سے بلاپردہ شہوت کے ساتھ ملنا۔