Namaz — chapter 22 of 27
سجدہ تلاوت
Sajdah Tilawah
The prostration of recitation.
تلاوت کے معنی پڑھنے کے ہیں۔ قرآن شریف میں چودہ آیات ایسی ہیں کہ ان کو پڑھنے یا کسی کو پڑھتے ہوئے سننے سے سجدہ کرنا واجب ہوتاہے۔ ان آیتوں پر قرآن شریف کے حاشیہ پر السجدہ لکھا ہوتاہے۔ اگر نماز میں سجدہ کی آیت پڑھی جائے تو نماز ہی میں سجدہ کرے، جس طرح نماز کا سجدہ ہوتاہے اسی طرح سجدئہ تلاوت ہوتاہے۔ اور نماز سے باہر سجدہ کرنے کابہتر طریقہ یہ ہے کہ کھڑا ہوکر تکبیر کہہ کر سجدہ کرے اورپھر تکبیر کہتاہوا کھڑا ہوجائے۔ جو شرائط نماز کی ہیں وہی سجدہ تلاوت کی ہیں یعنی بدن، کپڑا اور جگہ کاپاک ہونا، ستر ڈھانکنا، قبلہ کی طرف منہ کرنا، سجده تلاوت کی نیت کرنا۔
اور جن چیزوں سے نماز فاسد ہوتی ہے ان سے سجدئہ تلاوت بھی فاسد ہوجاتاہے۔ اگر سجدہ کی ایک ہی آیت ایک جگہ میں کئی مرتبہ پڑھی جائے توصرف ایک ہی سجدہ واجب ہوگا۔ اگرسجدہ کی مختلف آیتیں ایک جگہ پڑھی جائیں گی تو جتنی آیتیں پڑھی جائیں گی اتنے ہی سجدے واجب ہوں گے۔ اگر کسی کوسجدہ کی آیت پڑھنے کے وقت وضو نہ ہو تو پھر جس وقت وضو ہو اس وقت سجدہ کرلے۔

