Namaz — chapter 21 of 27
سجدہ سہو
Sajdah Sahw
The prostration of forgetfulness: how it is made, and what makes it wajib.
سہو کے معنی بھول جانا۔ کبھی کبھی نماز میں کمی یا زیادتی ہوکر نقصان آجاتاہے۔ بعضے نقصان ایسے ہیں کہ ان کو پورا کرنے کے لیے نماز کے آخری قعدہ میں دو سجدے کیے جاتے ہیں ان کو سجدئہ سہو کہتے ہیں۔
سجدہ سہو کا طریقہ:
اخیر قعدہ میں التحیات پڑھنے کے بعد ایک طرف سلام پھیر کر تکبیر کہہ کر سجدہ کرے اور اس میں تین مرتبہ سجدہ کی تسبیح پڑھے، پھر تکبیر کہہ کر سجدہ سے سراٹھائے اور سیدھا بیٹھ کر پھر تکبیر کہہ کر دوسرا سجدہ اسی طرح کرے اورپھر التحیات اوردرود شریف اوردعا پڑھ کر دونوں طرف سلام پھیردے۔
سجدہ سہو کن چیزوں سے واجب ہوتا ہے؟
کسی واجب کے چھوٹ جانے سے یاواجب میں دیر کردینے سے یاکسی فرض میں دیر کرنے سے یاکسی فرض کواپنی جگہ سے بدل دینے سے یاکسی فرض کو دوبارہ کرنے سے مثلا دو رکوع کرنے ،یاکسی واجب کی کیفیت بدل دینے سے سجدہ سہو واجب ہوتاہے۔ یہ چیزیں اگر بھول کر کرے تو سجدئہ سہو واجب ہوتاہے، اگر قصدا کرے تو سجدہ سہو سے وہ نقصان دور نہیں ہوتا ، اورقصدا کرنے کی صورت میں سجدہ سہو نہیں ہوتا۔ اگرکئی چیزیں ایسی ہوگئیں جن سے سجدہ سہو واجب ہوتاہے توسب کے لیے ایک ہی مرتبہ دو سجدے سہو کے کافی ہیں۔
سجدہ سہو واجب کرنے والی چیزیں:
سجدہ سہو کی بہت سی صورتیں ہیں، سب کو اس مختصر جگہ میں بیان نہیں کیاجاسکتا۔ چند چیزیں جو اکثر ہوتی رہتی ہیں وہ بیان کی جاتی ہیں:
- ۱۔ فرض نماز کی پہلی رکعت یا دوسری رکعت یا دونوں میں اور واجب یا سنت یا نفل نمازوں کی کسی ایک یا زیادہ رکعت میں سورئہ فاتحہ چھوڑدینا۔
- ۲۔ ان ہی رکعات میں سورئہ فاتحہ کو یا اس کے اکثر حصہ کو پے درپے مکرر پڑھنا۔
- ۳۔سورہ فاتحہ سے پہلے سورت پڑھنا۔
- ۴۔ تعدیل ارکان بھول جانا۔
- ۵۔ پہلا قعدہ بھول جانا۔
- ۶۔ دو رکوع کرنا۔
- ۷۔ تین سجدے کرنا۔
- ۸۔ قعدہ اولیٰ یا قاعده اخیرہ میں التحیات چھوٹ جانا۔
- ۹۔ قعدہ اولیٰ میں التحیات کے بعد درود اللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ تک پڑھ جانا یا اتنی دیرخاموش بیٹھا رہنا۔
- ۱۰۔ جہری نماز میں امام کا آہستہ قراء ت کرنا۔
- ۱۱۔ سرّی نماز میںامام کاجہر کرنا۔
- ۱۲۔ التحیات کی جگہ الحمد یا اور کوئی چیز پڑھنا۔

