Namaz — chapter 10 of 27
نماز میں جو چیزیں پڑھی جاتی ہیں
What Is Read in Salah
Every word said inside the prayer, in order, with its translation — and the five short suras.
1 نماز کی نیت:
نیت کا مطلب دل سے یہ سوچنا ہے کہ کون سی نماز پڑھنی ہے۔ زبان سے کہنا ضروری نہیں ہے، اگر کہہ لے تو کچھ حرج نہیں مثلاً فجر کی نماز دو رکعت فرض اللہ کے واسطے پڑھتاہوں۔
2 تکبیر تحریمہ:
اَللّٰہ أَکْبَرُ (تحریمہ فرض ہے) نیت کے بعد دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھاؤ اور ہاتھوں کی ہتھیلیاں اور انگلیاں قبلہ رخ رکھو، انگوٹھے کانوں کی لَو کے برابر رکھو اور انگلیاں سیدھی رکھو اورپھر کہو: اَللّٰہ أَکْبَرُ اور دونوں ہاتھ ناف سے نیچے باندھو ۔اور عورتوں کو تکبیر تحریمہ کے وقت دونوں ہاتھ مونڈھوں تک اٹھانے چاہئیں اور سینہ پر باندھنے چاہئیں۔
3 ثنا:
سُبْحٰنَکَ اللّٰہُمَّ وَبِحَمْدِکَ وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ وَلَا إِلٰہَ غَیْرُکَ۔
(یہ سنت ہے)
اے اللہ! ہم تیری پاکی بیان کرتے ہیں، اور تیری تعریف بیان کرتے ہیں ،اور تیرانام بہت برکت والاہے، اور تیری شان اونچی ہے ،اور تیرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں۔
4 تعوّذ:
أَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ۔( سنت ہے)
میں شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگتاہوں۔
5 تسمیہ:
بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۔( سنت ہے)
اللہ کے نام سے شروع کرتاہوں جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔
اس کے بعد سورئہ فاتحہ (واجب ہے) اور سورئہ اخلاص یا اور کوئی سورت (واجب ہے)۔
سورۃ الفاتحہ
الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ . الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ . مَالِكِ يَوْمِ الدِّينِ . إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ . اِهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ . صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ آمِينَ۔
ہر قسم کی تعریفیں اللہ ہی کیلئے ہیں جو تمام جہانوں کا پالنے والا ہے بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے روز جزا کا مالک ہے (اے اللہ) ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں۔ ہم کو سیدھے راستے پر چلا ایسے لوگوں کے راستے پر جن پر تو نے انعام فرمایا ہے نہ ان کے راستے پر جن پر تیرا غصہ ہوا اور نہ گمراہوں کے راستے پر چلا!
سورۃ کوثر
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ۔
إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ (۱) فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ (۲) إِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْأَبْتَرُ (۳)
اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔
(اے نبی) ہم نے آپ کو کوثر عطا کی ہے پس آپ ﷺ اپنے رب کیلئے نماز پڑھیے اور قربانی کیجئے۔ بیشک آپ ﷺ کا دشمن ہی بے نام و نشان ہو جانے والا ہے۔
سورۃ الاخلاص
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ۔
قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ (۱) اللَّهُ الصَّمَدُ (۲) لَمْ يَلِدْ وَلَمْ يُولَدْ (۳) وَلَمْ يَكُن لَّهُ كُفُوًا أَحَدٌ (۴)
اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔
(اے نبی) کہدو کہ وہ (یعنی) اللہ یگانہ ہے اللہ بے نیاز ہے اس سے کوئی پیدا نہیں ہوا اور نہ وہ کسی سے پیدا ہوا اور کوئی اس کا برابر نہیں۔
سورۃ الفلق
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ۔
قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ الْفَلَقِ (۱) مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ (۲) وَمِنْ شَرِّ غَاسِقٍ إِذَا وَقَبَ (۳) وَمِن شَرِّ النَّفَّاثَاتِ فِي الْعُقَدِ (۴) وَمِن شَرِّ حَاسِدٍ إِذَا حَسَدَ (۵)
اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔
(اے نبی دعا میں یوں) کہو کہ میں صبح کے رب کی پناہ لیتا ہوں تمام مخلوق کے شر سے اور اندھیری رات کے شر سے جب وہ آجائے اور دم کرنے والیوں کے شر سے گرہوں پر اور حسد کرنے والے کے شر سے جب وہ حسد کرنے پر آجائے۔
سورۃ الناس
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ۔
قُلْ أَعُوذُ بِرَبِّ النَّاسِ (۱) مَلِكِ النَّاسِ (۲) إِلٰهِ النَّاسِ (۳) مِنْ شَرِّ الْوَسْوَاسِ الْخَنَّاسِ (۴) الَّذِي يُوَسْوِسُ فِي صُدُورِ النَّاسِ (۵) مِنَ الْجِنَّةِ وَالنَّاسِ (۶)
اللہ کے نام سے شروع کرتا ہوں جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے۔
(اے نبی دعا میں یوں) کہو کہ میں آدمیوں کے رب، آدمیوں کے بادشاہ، آدمیوں کے معبود کی پناہ لیتا ہوں اس وسوسہ ڈالنے والے پیچھے ہٹ جانے والے کے شر سے جو لوگوں کے دلوں میں وسوسہ ڈالتا ہے جنات میں سے ہو یا آدمیوں میں سے۔
6 تکبیر رکوع:
اَللّٰہ أَکْبَرُ ( سنت ہے)
اللہ بہت بڑا ہے۔
7 تسبیح رکوع:
سُبْحَانَ رَبِّيَ الْعَظِیْمِ۔(کم از کم تین بار پڑھی جائے) سنت ہے۔
پاکی بیان کرتاہوں میں اپنے رب کی جو بزرگی والا ہے۔
8 تسمیع وتحمید:
سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ۔( سنت ہے)
سنی اللہ نے بات اس کی جس نے تعریف کی ۔
رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ۔( سنت ہے)
اے ہمارے پروردگار تیرے ہی لیے سب تعریفیں ہیں۔
9 تکبیرِ سجدہ:
اَللّٰہ أَکْبَرُ ( سنت ہے)
اللہ بہت بڑا ہے۔
10 تسبیحِ سجدہ:
سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلٰی۔
پاک ہے میرا ربّ بہت بڑا ۔
کم از کم تین مرتبہ سنت ہے۔
11 تکبیرِ جلسہ:
اَللّٰہُ أَکْبَرُ ( سنت ہے)
اللہ بہت بڑا ہے۔
اس کے بعد اَللّٰہ أَکْبَرُ کہہ کر اسی طرح دوسرا سجدہ کرو، پھر اَللّٰہ أَکْبَرُ کہہ کر اٹھو یہاں تک ایک رکعت پوری ہوگئی۔اس کے بعد کھڑے ہوکر بسم اللہپڑھ کر دوسری رکعت شروع کی جائے، سُبْحَانَکَ اللّٰہُمَّ اور تعوّذ نہ پڑھاجائے، اور پھر پہلی رکعت کی طرح تمام چیزیں اداکی جائیں دوسری رکعت کا دوسراسجدہ کرکے بیٹھ کر التحیّات پڑھو، اور اگر تین یا چار رکعت پڑھنی ہو تو التحیّات پڑھ کر کھڑے ہوجاؤ ورنہ التحیّات کے بعد درود شریف وغیرہ پڑھو۔
12 تشہّد یعنی التحیّات:
اَلتَّحِیَّاتُ لِلّٰہِ وَالصَّلَوَاتُ وَالطَّیِّبَاتُ اَلسَّلَامُ عَلَیْکَ أَیُّھَا النَّبِيُّ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ اَلسَّلَامُ عَلَیْنَا وَعَلٰی عِبَادِ اللّٰہِ الصّٰلِحِیْنَ۔ أَشْھَدُ أَنْ لَّا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَأَشْھَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُولُہٗ۔ (واجب ہے)
سب زبانی اور بدنی اور مالی عبادتیں اللہ کے لیے ہیں۔ سلام تم پر اے نبی ! اور اللہ کی رحمت اور اس کی برکتیں تم پر نازل ہوں سلام ہم پر اور خدا کے نیک بندوں پر۔ میں گواہی دیتاہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں گواہی دیتاہوں کہ محمدﷺ اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں۔
13 درودشریف:
اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَعَلٰٓی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَاصَلَّیْتَ عَلٰی إِبْرَاہِیْمَ وَعَلٰی اٰلِ إِبْرَاھِیْمَ إِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ۔ اَللّٰہُمَّ بَارِکْ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی اٰلِ مُحَمَّدٍ کَمَا بَارَکْتَ عَلٰٓی إِبْرَاھِیْمَ وَعَلٰٓی اٰلِ إِبْرَاھِیْمَ إِنَّکَ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ۔
اے اللہ! محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اورمحمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آل پر رحمت نازل فرما جیسا کہ تونے ابراہیم علیہ السلام پر اور ان کی آل پر رحمت نازل کی۔ بے شک تو تعریف کے لائق بڑی بزرگی والا ہے۔
اے اللہ! تومحمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اور ان کی آل پر برکت نازل فرما جیسی کہ برکت نازل کی تو نے ابراہیم علیہ السلام پر اور ان کی آل پر۔ بے شک تو خوبیوں والا بزرگی والاہے۔
درودشریف کے بعد یہ دعا پڑھو:
اَللّٰہُمَّ إِنِّيْ ظَلَمْتُ نَفْسِيْ ظُلْماً کَثِیْرًا وَّلَا یَغْفِرُ الذُّنُوْبَ إِلَّا أَنْتَ فَاغْفِرْ لِيْ مَغْفِرَۃً مِّنْ عِنْدِکَ وَارْحَمْنِيْ إِنَّکَ أَنْتَ الْغَفُوْرُ الرَّحِیْمُ۔
اے اللہ! میں نے اپنے نفس پر بہت ظلم کیا ہے اور تیرے سوا کوئی گناہوں کا بخشنے والا نہیں ہے، پس اپنی خاص بخشش سے مجھے بخش اور مجھ پر رحم فرما۔ بے شک تو بخشنے والا مہربان ہے۔
اس کے بعد دائیں جانب کو منہ پھیر کر کہو:
السَّلاَمُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ۔
سلام ہو تم پر اور رحمت اللہ کی۔
اس کے بعد بائیں جانب کو بھی منہ پھیر کر اسی طرح کہو۔ (لفظِ سلام واجب ہے)
نماز کے بعد کی دعا:
اَللّٰہُمَّ أَنْتَ السَّلَامُ وَمِنْکَ السَّلَامُ تَبَارَکْتَ یَا ذَا الْجَلَالِ وَالْإِکْرَامِ۔
اے اللہ تو سلامتی دینے والا ہے، اور تجھ ہی سے سلامتی مل سکتی ہے ، تو برکت والا ہے اے بزرگی اور بڑائی والے۔
ہاتھ اٹھا کر دعا مانگو مگر مونڈھوں سے اونچے نہ کرو۔ دعا سے فارغ ہوکر دونوں ہاتھ منہ پر پھیر لو۔ (اس دعا کاپڑھنا مستحب ہے)

