Namaz — chapter 26 of 27
نمازِعیدین
The Two Eids
The sunnahs of the day, the method of the prayer, and takbir al-tashriq.
دونوں عیدوں کی نماز واجب ہے اور جن لوگوں پر جمعہ کی نماز فرض ہے ان ہی پر عید کی نماز واجب ہے۔ اور جو شرطیں جمعہ کی نماز کی ہیں وہی عید کی نماز کی ہیں، مگر عید کی نماز کے لیے خطبہ شرط نہیں ہے اور نہ نماز سے پہلے ہوتاہے بلکہ عید کی نماز کے بعد خطبہ پڑھنا مسنون ہے۔
عید کے دن کی سنتیں:
- ۱۔ غسل کرنا۔
- ۲۔ مسواک کرنا۔
- ۳۔ اچھے کپڑے پہننا۔
- ۴۔ خوشبو لگانا۔
- ۵۔ عیدالفطر میں عیدگاہ جانے سے پہلے کھجور یا کوئی میٹھی چیز کھانا۔
- ۶۔ صدقۂ فطر نماز سے پہلے ادا کرنا۔
- ۷۔ عیدالاضحی میں نماز کے بعد اپنی قربانی کاگوشت کھانا۔
- ۸۔ عید گاہ میں عید کی نمازپڑھنا۔
- ۹۔ پیدل چلنا۔
- ۱۰۔ ایک راستے سے جانا دوسرے سے واپس آنا۔
- ۱۱۔ عید کی نماز سے پہلے گھر میںیا عیدگاہ میں نفل نماز نہ پڑھنا ،اور عید کی نماز کے بعد عیدگاہ میں نہ پڑھنا۔
- ۱۲۔ راستے میں تکبیر کہتے ہوئے جانالیکن عیدالفطر میں آہستہ اور عیدالاضحی میں آواز سے۔
عیدین کی نماز کی ترکیب:
عیدین کی نماز دو رکعت ہے۔ ان دونوں نمازوں کے لیے اذان وتکبیر نہیں کہی جاتی۔ جب نمازِ عید پڑھو تو اول نیت کرو کہ میں عیدالفطر یاعیدالاضحی کی واجب نماز معہ چھ زائد تکبیروں کے اس امام کے پیچھے پڑھتاہوں ، پھر تکبیر تحریمہ کہہ کر ہاتھ باندھ لو پھر سُبْحَانَکَ اللّٰہُمَّ پڑھو، پھر دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھاتے ہوئے اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہو اور دونوں ہاتھ چھوڑدو۔ پھر دوسری بار اسی طرح ہاتھ اٹھاکر اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہو اور دونوں ہاتھ چھوڑدو۔ پھر تیسری بار اسی طرح ہاتھ اٹھاکر اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہو اور پھر ہاتھ باندھ لو ۔ پھر امام اعوذباللہ، بسم اللہ، سورئہ فاتحہ اور سورت پڑھ کر رکوع کرے پھر دو سجدے کرے۔ پھر دوسری رکعت کے لیے کھڑا ہوکر امام پہلے قراء ت کرے، اس کے بعد تین تکبیریں کانوں تک دونوں ہاتھ اٹھاکر کہو اورہاتھ چھوڑدو ، تیسری تکبیر کے بعد بلاہاتھ اٹھائے چوتھی تکبیر کہہ کر رکوع میں چلے جاؤ اور باقی نماز قاعدہ کے موافق پوری کرلو، سلام پھیر کر دعا مانگ لو۔
نماز کے بعد امام دوخطبے کھڑا ہوکر پڑھے اور تمام لوگ خاموش بیٹھ کر سنیں۔ عیدین میں بھی دو خطبے پڑھنا اور ان کے درمیان بیٹھنا مسنون ہے۔ عیدین کے پہلے خطبے کی ابتدا میں نو مرتبہ اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہے اور دوسرے خطبہ کی ابتدا میں سات مرتبہ اور منبر سے اترنے سے پیشتر چودہ مرتبہ۔
تکبیرِ تشریق:
ذی الحجہ کی نویں تاریخ کی فجر سے تیرہویں تاریخ کی عصر تک شہر اور گاؤں والوںپر مردہوںیا عورت ، مسافرہوں یا مقیم، ہرفرض نماز کے بعد فوراً ایک مرتبہ تکبیر تشریق کہنا واجب ہے، مردوں کو بلند آواز سے کہنا واجب ہے ۔اور عورتوں کو آہستہ۔اگر امام بھول جائے تو مقتدی فوراً تکبیر کہے امام کا انتظار نہ کرے۔ عیدالاضحی کی نماز کے بعد بھی تکبیر تشریق کہنا بعض عُلَمَا کے نزدیک واجب ہے۔تکبیرِتشریق یہ ہے:
اَللّٰہُ أَکْبَرُ اَللّٰہُ أَکْبَرُ لاَ إِلٰہَ إِلاَّ اﷲُ وَاﷲُ أَکْبَرُ اَﷲُ أَکْبَرُ وَلِلّٰہِ الْحَمْدُ۔

