Skip to content

   

Namaz — chapter 23 of 27

بیمار کی نماز

The Prayer of the Sick

Praying seated, and praying lying down.

صحت ہو یا بیماری،نمازکو کسی حالت میں چھوڑنا جائز نہیں۔ جب تک کھڑا ہوکر نماز پڑھ سکتا ہو کھڑا ہوکرپڑھے اورجب کھڑا ہوکر نہ پڑھ سکے تو بیٹھ کر پڑھے۔ بیٹھے بیٹھے رکوع کرکے دونوں سجدے کرے۔ رکوع کے لیے اتنا جھکے کہ پیشانی گھٹنوں کے مقابل ہوجائے ۔اگر رکوع سجدہ کرنے کی بھی قدرت نہ ہو تو لیٹ کر نماز پڑھے اور سجدہ رکوع سر کے اشارہ سے اداکرے، اور سجدہ کے لیے رکوع سے زیادہ سرجھکائے۔ اگر سر سے بھی اشارہ نہ کرسکتاہو تو اگر ایک دن رات سے زیادہ یہی حالت رہے تو نماز معاف ہے، اچھا ہونے کے بعد اس کی قضا واجب نہیں۔ اور اگر ایک دن رات یا اس سے کم ایسی حالت رہی تو اس کی قضا واجب ہے۔

لیٹ کر نماز پڑھنے کاطریقہـ:

لیٹ کر نماز پڑھنے کی صورت یہ ہے کہ چت لیٹے اور پاؤں قبلہ کی طرف کرے، پاؤں پھیلائے نہیں بلکہ گھٹنے کھڑے کرلے اور سر کے نیچے تکیہ وغیرہ رکھ کر سر کو ذرا اونچا کرلے اور رکوع سجدہ کے لیے اشارہ کرے، یہ صورت افضل ہے۔ اوریہ بھی جائز ہے کہ داہنی کروٹ یا بائیں کروٹ پر لیٹ کر قبلہ کی طرف منہ کرکے اشارہ سے نماز پڑھ لے۔