Namaz — chapter 16 of 27
جماعت اور امامت
Congregation & Imamah
Praying behind an imam — its worth, its excuses, and who should lead.
جماعت مل کر نماز پڑھنے کو کہتے ہیں۔ آگے ایک شخص کھڑا ہوتاہے اس کو امام کہتے ہیں اور جولوگ اس کے پیچھے نماز پڑھتے ہیں ان کو مقتدی۔اور جو شخص تنہا نماز پڑھتاہے اس کو منفرد کہتے ہیں۔ جماعت سُنّتِ مؤکدہ ہے یعنی اس کی بہت تاکید ہے۔ بعض عُلَما اسے فرض اور بعض واجب بھی کہتے ہیں۔ جماعت کے لیے جمعہ کے علاوہ کم ازکم دو آدمی کافی ہیں، ایک امام دوسرا مقتدی۔ جماعت میں مل کر کھڑا ہونا چاہیے۔ بچوںکو پیچھے کھڑا کرنا چاہیے۔ہاں ایک بچہ ہو تو بڑوں کی جماعت میں کھڑا کرلیاجائے۔
امام، مقتدی اور منفرد کی نماز میں کیا فرق ہے؟
امام اور منفردپہلی رکعت میں ثناء کے بعد أَعُوْذُ بِاللّٰہِ اور بِسْمِ اللّٰہِ پڑھ کر الحمد شریف اور سورت پڑھتاہے، اور دوسری رکعت میں بسم اللہ اور الحمد شریف اور سورت،اور مقتدی صرف پہلی رکعت میں ثنا پڑھ کر خاموش کھڑا رہتاہے اس کے لیے امام کی قراء ت کافی ہے وہ اعوذ، بسم اللہ اور الحمد وغیرہ کچھ نہیں پڑھتا،باقی تکبیرات وتسبیحات اور سب چیزیں امام اور منفرد کی طرح سے پڑھتاہے۔البتہ رکوع سے اٹھتے وقت امام اور منفرد سمع اللہ لمن حمدہ کہتے ہیں اور منفرد سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہُ کے ساتھ رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ بھی کہہ سکتاہے مگر مقتدی کو صرف رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ ہی کہنا چاہیے۔
جماعت کے فائدے:
جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے میں بہت سے فائدے ہیں۔ ہم چند فائدے بیان کرتے ہیں:
- ۱۔ ایک نماز پر ستائیس نمازوں کاثواب ملتاہے۔
- ۲۔ پانچوں وقت مسلمانوں کو آپس میں ملنا ہوتاہے۔
- ۳۔ اس کی وجہ سے آپس میں اتفاق اورمحبت ہونا۔
- ۴۔ دوسروں کو نماز پڑھتے دیکھ کر عبادت کا شوق ہونا۔
- ۵۔ نماز میں دل لگنا۔
- ۶۔ بزرگوں کی برکت سے گنہگاروں کی نماز قبول ہوجانا۔
- ۷۔ بیماروں اور غریبوں کاحال معلوم ہوتا رہنا۔ مل کر نماز پڑھنے سے ایک خاص شان کاظاہرہونا۔
جماعت میں نہ شریک ہونا کن لوگوں کے لیے جائز ہے؟
عورتوں کو اس زمانہ میں مسجد میں آنا اور جماعت سے نماز پڑھنا منع ہے ، نابالغ بچے، بیمار، بیمار کی خدمت کرنے والا، لولا، لنگڑا، اپاہج جس کے ہاتھ پاؤں کٹے ہوئے ہوں، بہت بوڑھا اندھا۔ ان سب پر جماعت میں حاضر ہونا لازم نہیں ہے۔
جماعت میں شریک نہ ہونے کے عذر:
سخت بارش، راستہ میں کیچڑ زیادہ ہونا، سخت جاڑا، رات میں آندھی کاآنا، سفر، کسی آدمی یا جانور کاخوف، قید ہونا، اندھاہونا، اپاہج ہونا، ہاتھ اور پاؤں کا کٹا ہوا ہونا، بیمار ہونا، چلنے سے مجبور ہونا، بہت زیادہ بوڑھا ہونا، علم دین کے ضروری سبق اور تکرار کا فوت ہوجانا کہ جوپھر نہ ہوسکتا ہو۔
کون سی نمازوں میں جماعت سُنَّتِ مؤکدہ ہے؟
تمام فرض نمازوں میں جماعت سُنَّتِ مؤکدہ ہے۔ نماز تراویح میں سُنَّتِ کفایہ ہے۔ تمام رمضان شریف میں وتر کی جماعت مُسْتَحب ہے۔
امام کس کو بنانا چاہیے؟
جوشخص عاقل ،بالغ ہو اور نماز کے مسائل سے واقف ہو، قرآن مجید اچھا پڑھتا ہو، نیک ہو اس کو امام بنانا چاہیے۔ نابالغ کے پیچھے نماز نہیں ہوتی۔ بدعتی، فاسق، جاہل ،گنوار اورجواندھا احتیاط نہ کرتاہو، اِدھر اُدھر پھرتاہو اورحرامی کو امام بنانا مکروہ ہے۔ عورت کے پیچھے مرد کی نماز نہیں ہوتی۔

