Namaz — chapter 15 of 27
فرض، واجب، سنت اور مستحب کی تعریفیں
The Definitions
What fard, wajib, sunnah and nafl each mean.
فرض:
جو حکم دلیلِ قطعی سے ثابت ہو یعنی اس کے ثبوت میں کوئی شبہ نہ ہو۔ فرض کا مُنکر کافر اور بلاعذر چھوڑنے والا فاسق اور عذاب کا مستحق ہوتاہے۔ اس کی دو قسمیں ہیں: فرضِ عین اور فرضِ کفایہ۔
فرض عین وہ فرض ہے جس کا کرنا ہر شخص پرضروری ہو اور بلاعذر چھوڑنے والا فاسق اور گنہگار ہو۔ فرض کفایہ وہ فرض ہے جو ایک دو آدمیوں کے ادا کرنے سے سب کے ذمہ سے اتر جائے اور کوئی نہ کرے تو سب گنہگار ہوں ۔
واجب:
جو دلیل ظنی سے ثابت ہو اس کا انکار کرنے والا کافر نہیں ہوتا،البتہ بلاعذر چھوڑنے والا فاسق اور عذاب کا مستحق ہوتاہے۔
سنت:
جس چیز کو رسول اللہ ﷺ نے یا صحابہ رضی اللہ عنہم نے کیا یا کرنے کاحکم دیا ہو۔ پھر سُنّت کی دو قسمیں ہیں:سُنّتِ مؤکدہ اور غیر مؤکدہ۔
سُنّتِ مؤکدہ وہ ہے جس کو رسول اللہ ﷺ نے ہمیشہ کیا ہویا کرنے کے لیے فرمایا ہو اور بغیر عذر کبھی نہ چھوڑا ہو، اس کا چھوڑدینا گناہ ہے ۔اور سُنّتِ غیر مؤکدہ وہ ہے کہ حضور ﷺ نے اکثر کیا ہو لیکن کبھی کبھی بلاعذر چھوڑبھی دیا ہو، ایسی سُنّت کے ترک سے گناہ نہیں ہوتا۔
نفل:
جس چیز کی فضیلت آئی ہو اور کرنے میں ثواب ہو اور چھوڑنے میں عذاب نہ ہو، اس کو مُستحب، مندوب، تطوّع بھی کہتے ہیں۔

