Skip to content

   

Namaz — chapter 5 of 27

غسل

Ghusl

When the bath is fard, sunnah or mustahab, and how it is performed.

غسل کے معنی نہانا،مگرنہانے کا شریعت میں خاص طریقہ ہے۔ وہ یہ کہ اول دونوں ہاتھ گٹوں تک دھوؤ، پھر استنجا کرو اور جو ناپاکی بدن پر لگی ہو اس کو دور کرو۔ پھر وضو کرو، پھر تمام بدن کو تھوڑا پانی ڈال کر ہاتھ سے مَلو۔ پھر سارے بدن پر تین مرتبہ پانی بہاؤ کوئی جگہ باقی نہ رہ جائے، اگر ایک بال کے برابر بھی خشک جگہ رہ جائے گی تو غسل نہ ہوگا۔

غسل کے اقسام: غسل کی تین قسمیں ہیں: ۱۔ فرض ۲۔ سنت ۳۔ مستحب

غسل فرض:

غسل فرض اس وقت ہوتاہے جب عورت سے صحبت کرے، یا سوتے ہوئے احتلام ہوجائے، یا جاگتے ہوئے منی شہوت سے کُود کر نکل جائے، یا عورت کو حیض آئے، یا بچہ پیدا ہونے کے بعد خون آئے۔

غسل سنت:

  • ۱۔ جمعہ کی نماز کے لیے۔
  • ۲۔ دونوں عیدین کے لیے۔
  • ۳۔ حج کا احرام باندھنے کے وقت۔
  • ۴۔ عرفات میں۔

غسل مُسْتَحب:

غسل مستحب بہت ہیں چند اُن میں سے یہ ہیں:

شبِ براء ت غسل کرنا، عرفہ کی رات یعنی ذی الحجہ کی آٹھویں تاریخ کے بعد آنے والی رات میںغسل کرنا، چاند گرہن اور سورج گرہن کے لیے غسل کرنا، نمازِ اسْتسْقا کے لیے، اور مکّہ معظمہ یا مدینہ منوّرہ میں داخل ہونے کے لیے غسل کرنا، میّت کو غسل دینے کے بعد غسل کرنا، کافر کو مسلمان ہونے کے بعد غسل کرنا۔

فرائضِ غسل:

غسل میں تین فرض ہیں:

  • ۱۔ اس طرح کلّی کرنا کہ پانی سارے منہ میں پہنچ جائے۔
  • ۲۔ ناک میں پانی دینا جہاں تک ناک نرم ہے۔
  • ۳۔ تمام بدن پر پانی بہانا کہ کوئی جگہ باقی نہ رہے۔

سننِ غسل:

غسل میں بارہ چیزیں مسنون ہیں:

  • ۱۔ شروع میں بسم اللہ پڑھنا۔
  • ۲۔نیت کرنا۔
  • ۳۔دونوں ہاتھوں کو پہنچوں تک دھونا۔
  • ۴۔بدن سے نجاست کو دھونا۔
  • ۵۔پیشاب گاہ کو دھونا۔
  • ۶۔نماز کے وضو کی طرح پہلے وضو کرنا۔
  • ۷۔سارے بدن پر تین مرتبہ پانی بہانا۔
  • ۸۔پانی ڈالنے میں سر سے ابتدا کرنا۔
  • ۹۔سرکے بعد داہنے مونڈھے پر پانی ڈالنا۔
  • ۱۰۔اس کے بعد بائیں مونڈھے پر پانی ڈالنا۔
  • ۱۱۔بدن کو ملنا۔
  • ۱۲۔پے درپے اعضا کو دھونا۔

مستحباتِ غسل:

جو وضو کے مستحبات ہیں وہی غسل کے ہیں ، صرف اتنا فرق ہے کہ غسل میں قبلہ رُو نہ ہونا چاہیے۔

مکروہاتِ غسل:

جوچیزیں وضو میں مکروہ ہیں وہ غسل میں بھی مکروہ ہیں۔ اوران کے علاوہ غسل میں دعا پڑھنا، غسل میں قبلہ کی طرف منہ کرنا، زیادہ پانی بہانا، ننگا ہونے کی حالت میں کلام کرنا، اور سنت کے خلاف غسل کرنا بھی مکروہ ہے۔