Skip to content

   

Namaz — chapter 11 of 27

نماز کی پوری ترکیب

The Prayer, Step by Step

The whole prayer performed, from the opening takbir to the salam.

جب نمازپڑھنے کا ارادہ کرو تو پہلے اپنا بدن حدثِ اکبر اور حدثِ اصغر اور ظاہری ناپاکی سے پاک کرلو ،اور پاک کپڑے پہن کر پاک جگہ پر قبلہ کی طرف منہ کرکے اس طرح کھڑے ہو کہ دونوں قدموں کے درمیان چار انگل یا اس کے قریب قریب فاصلہ رہے ،پھر جو نماز پڑھنی ہے اس کی نیت دل سے کرو مثلاً یہ کہ فجر کی نماز خداکے واسطے پڑھتاہوں اور زبان سے بھی کہہ لو تو اچھا ہے ۔پھر دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھاؤ ہاتھوں کی ہتھیلیاں اور اُنگلیاں قبلہ رخ رہیں اور انگوٹھے کانوں کی لَو کے مقابل ہوں اور انگلیاں اپنے حال پر کھلی رہیں۔

تکبیرِ تحریمہ

یعنی اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہہ کر دونوں ہاتھ ناف کے نیچے باندھ لو، دائیں ہاتھ کی ہتھیلی بائیں ہاتھ کی ہتھیلی کی پُشت پر رہے اور انگوٹھے اور چھنگلیوں سے حلقے کے طور پر گٹے کو پکڑ لو اور باقی تین انگلیاں کلائی پر رہیں اور نظر سجدہ کی جگہ رہے۔ ہاتھ باندھ کر آہستہ آہستہ ثناپڑھو۔ پھر تعوّذ پھر تسمیہ پڑھ کر سورئہ فاتحہ پڑھو۔ جب سورئہ فاتحہ ختم کرلو تو آہستہ سے آمین کہو، پھر کوئی سورت یا بڑی آیت یا چھوٹی تین آیتیں پڑھو، لیکن اگر تم امام کے پیچھے نماز پڑھ رہے ہو تو خاموش کھڑے رہو، تعوذاور تسمیہ اور سورئہ فاتحہ اور سورت کچھ نہ پڑھو۔ قراء ت صاف اور صحیح صحیح پڑھو، جلدی نہ کرو۔ پھر اَللّٰہُ أَکْبَرُ کہتے ہوئے رکوع کرو انگلیوںکو کھول کر ان سے گھٹنوں کو پکڑلو، پیٹھ کو ایسا سیدھا کرلو کہ اگر اس پر پانی کاپیالہ بھر کر رکھ دیاجائے تو پانی نہ گرے۔ سر کو پیٹھ کی سیدھ میں رکھو، نہ اونچا کرو نہ نیچا رکھو۔ کہنیاں پسلیوں سے علیحدہ رہیں اور پنڈلیاں سیدھی کھڑی رہیں۔ پھر رکوع کی تسبیح تین یا پانچ مرتبہ پڑھو، پھر تسمیع کہتے ہوئے سیدھے کھڑے ہوجاؤ، تحمید بھی پڑھ لو۔ امام صرف تسمیع پڑھے اور مقتدی صرف تحمید پڑھے اور منفرد تسمیع وتحمید دونوں پڑھے۔ پھر تکبیر کہتے ہوئے سجدے میں جاؤ، پہلے دونوں گھٹنے پھر دونوں ہاتھ پھر ناک پھر پیشانی رکھو، چہرہ دونوں ہتھیلیوں کے درمیان اور انگوٹھے کانوں کے مقابل رہیں، ہاتھوں کی انگلیاں ملی رکھو تاکہ سب کے سر قبلہ کی طرف رہیں، کہنیاں پسلیوں سے اور پیٹ رانوں سے علیحدہ رہے۔ کہنیاں زمین پر مت بچھاؤ۔سجدہ میں تین یا پانچ مرتبہ سجدہ کی تسبیح کہو۔ پھر پہلے پیشانی پھر ناک پھر ہاتھ پھر گھٹنے اٹھاکر پنجوں کے بل سیدھے کھڑے ہوجاؤ اور کھڑے ہوکر ہاتھ باندھ لو اور بسم اللہ اور سورئہ فاتحہ اورکوئی سورت پڑھ لو۔

امام کے پیچھے ہو تو کچھ نہ پڑھو خاموش کھڑے رہو۔ پھر اسی قاعدے سے رکوع، قومہ، سجدہ ، جلسہ ،دوسرا سجدہ کرو دوسرے سجدے سے اٹھ کر بایاں پاؤں بچھاکر اس پر بیٹھ جاؤ، دائیں پاؤں کو کھڑا رکھو۔ دونوںپاؤںکی انگلیوں کے سر قبلہ کی طرف رہیں اور دونوں ہاتھ رانوں پر رکھو اور التحیات پڑھو۔ جب أَشْہَدُ أَنْ لَا إِلٰہَ پر پہنچو تو دائیں ہاتھ کے انگوٹھے اور بیچ کی انگلی سے حلقہ باندھ لو اورچھنگلیاں اور اس کے پاس والی انگلی کو بند کرلو۔ کلمہ کی انگلی اٹھاکر اشارہ کرو لَا إِلٰہَ پر انگلی اٹھاؤ اور إِلاَّ اللّٰہُ پر جھکا دو، اخیر تک اسی طرح حلقہ باندھے رکھو۔

تشہّد ختم کرکے اگر دو رکعت والی نماز ہے تو درود شریف پڑھو، اس کے بعد دعا پڑھو ،پھر پہلے داہنے طرف پھر بائیںطرف سلام پھیردو۔ داہنی طرف سلام پھیرتے وقت داہنی طرف منہ پھیرو اور بائیںطرف سلام میں بائیں طرف منہ پھیرو۔ داہنے سلام میں داہنی طرف کے فرشتوں اور نمازیوں کی نیت کرلو اور بائیں سلام میں بائیں طرف کے فرشتوں اور نمازیوں کی نیت کرلو۔ اور جس طرف امام ہو اس طرف کے سلام میں امام کی بھی نیت کرلو۔ اور امام دونوں سلاموں میںمقتدیوں کی نیت کرے۔ اور اگر تین یا چار رکعت والی نماز ہے تو تشہد کے بعددرود نہ پڑھو، بلکہ تکبیر کہتے ہوئے کھڑے ہوجاؤ اور تیسری اور چوتھی رکعت اگر نماز فرض ہے تو اس کے قاعدے سے واجب یا سنت یا نفل ہے تو اس کے قاعدے پوری کرکے سلام پھیر دو۔ سلام کے بعد تین مرتبہ أَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ اور اَللّٰہُمَّ أَنْتَ السَّلاَمُ وَمِنْکَ السَّلاَمُ تَبَارَکْتَ یَا ذَا الْجَلاَلِ وَا ْلإِکْرَامِ۔ اور اَللّٰہُمَّ أَعِنِّيْ عَلَی ذِکْرِکَ وَشُکْرِکَ وَحُسْنِ عِبَادَتِکَ پڑھو۔ اور یہ دعا بھی مسنون ہے:لاَ إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَحْدَہٗ لاَ شَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہٗ الْحَمْدُ وَہُوَ عَلٰی کُلِّ شَيْئٍ قَدِیْرٌ۔ اَللّٰہُمَّ لاَ مَانِعَ لِمَا أَعْطَیْتَ وَلاَ مُعْطِيَ لِمَا مَنَعْتَ وَلاَ یَنْفَعُ ذَا الْجَدِّ مِنْکَ الْجَدُّ۔ اور جو دعا چاہو مانگو۔

تنبیہ:

نماز میں بعض چیزیں فرض ہیں اور بعض واجب اور بعض سنت اور بعض مستحب، ان سب کو نقشہ میں دیکھ کر یاد کرلو اور اس کے موافق نماز میں خیال رکھو۔