Namaz — chapter 25 of 27
نمازِجمعہ
Jumu'ah
Its conditions, and the sunnah method of the khutbah.
جمعہ کی نماز آزاد، بالغ، عاقل، تندرست، مقیم مرد پرفرض ہے۔ نابالغ، دیوانہ، اندھا، اپاہج، معذور، مسافر اور عورت پرجمعہ کی نماز فرض نہیں ہے، لیکن مسافر، اندھا، اپاہج، عورت اور بیمار اگر نماز جمعہ میں شریک ہوجائیں گے تو ان کی نماز درست ہوجائے گی اور ظہر کا فرض ان کے ذمہ سے ساقط ہوجائے گا۔ جن لوگوں پر نمازِجمعہ فرض ہے ان کو اس کا خاص اہتمام کرنا چاہیے۔ نمازِ ظہر سے بھی زیادہ نماز جمعہ کی تاکید ہے، جمعہ ظہر کے قائم مقام ہے۔ جمعہ کی دو رکعت ہیں، چاہے شروع سے نماز میں شریک ہویا قعدہ میں شریک ہو دورکعت پوری کرلے۔
نماز جمعہ کی شرائط:
نماز جمعہ جیسے ہر آدمی پر فرض نہیں ایسے ہی ہر جگہ بھی نماز جمعہ صحیح نہیں ہوتی۔ اس کی چند شرطیںہیں: اول شہر یا قصبہ یا بڑا گاؤں ہونا شرط ہے۔ چھوٹے گاؤں میں جمعہ درست نہیں۔ شہر،قصبہ یا بڑے گاؤںکی ایسی آبادی ہو جو ان کی ضروریات کے لیے کافی ہو وہ بھی شہر اور قصبہ اور بڑے گاؤں کے حکم میں شمار ہوگی، مثلا قبرستان، چھاؤنی ، عیدگاہ،فرودگاہ وغیرہ۔ دوسری شرط ظہر کا وقت ہونا۔ تیسری شرط نماز سے پہلے خطبہ پڑھنا۔ چوتھی شرط جماعت یعنی امام کے علاوہ کم ازکم تین آدمی ہونے ضروری ہیں، اگر تین آدمی امام کے سوا نہ ہوں گے تو جمعہ کی نماز صحیح نہ ہوگی۔پانچویں شرط اِذْنِ عام یعنی اس جگہ نماز جمعہ کے لیے ہر شخص کو آنے کی اجازت ہو۔جہاں یہ پانچوں شرطیں پائی جائیں وہاں جمعہ کی نماز درست ہوگی۔
خطبہ پڑھنے کا مسنون طریقہ:
نماز سے پہلے امام منبر پر بیٹھے اور اس کے سامنے مؤذن اذان کہے۔ جب اذان ہوچکے تو امام نمازیوں کی طرف منہ کرکے کھڑا ہو اور خطبہ پڑھے۔ ایک خطبہ پڑھ کر ذراسی دیر بیٹھے پھر کھڑا ہوکر دوسرا خطبہ پڑھے۔ جب خطبہ ختم ہوجائے تو امام منبر سے اتر کر محراب کے سامنے آئے اور مؤذن تکبیر کہے۔ پھر سب کھڑے ہوکر امام کے ساتھ نماز پڑھیں۔
خطبہ کے فرائض:
خطبہ میں دو فرض ہیں: ایک وقت، دوسرا اللہ کا ذکر۔
خطبہ کی سنتیں:
- ۱۔ طہارت یعنی بے وضو یا جنبی نہ ہونا۔
- ۲۔ کھڑا ہوکر خطبہ پڑھنا۔
- ۳۔ لوگوں کی طرف منہ کرنا۔
- ۴۔ خطبہ سے پہلے جی جی میں اعوذ پڑھنا۔
- ۵۔ لوگوں کو خطبہ سنانا۔
- ۶۔ خطبہ کا زیادہ لمبا نہ ہونا۔
- ۷۔ خطبہ کو اللہ کی حمد سے شروع کرنا۔
- ۸۔ خدا کی تعریف کرنا۔
- ۹۔ کلمۂ شہادت کاہونا۔
- ۱۰۔ نبی ﷺ پردرود پڑھنا۔
- ۱۱۔ وعظ و نصیحت کرنا۔
- ۱۲۔ قرآن مجید کی کوئی آیت خطبہ میں پڑھنا۔
- ۱۳۔ دونوں خطبوں کے درمیان بیٹھنا۔
- ۱۴۔ دوسرے خطبہ کو حمدوثنا اور درود سے شروع کرنا۔
- ۱۵۔ دونوں خطبوں کا طوال مفصل یعنی سورئہ حجرات سے سورئہ بروج تک سورتوں میں سے کسی سورت کے برابر ہونا۔
مکروہاتِ خطبہ:
- ۱۔ خطبہ کا طویل ہونا۔
- ۲۔ خطبہ کے وقت بات چیت کرنا۔
- ۳۔ خطبہ میں اشعار پڑھنا۔
- ۴۔ سنت یا نفل پڑھنا۔
- ۵۔ کھانا اورپینا۔
- ۶۔ کسی کی بات کاجواب دینا۔
- ۷۔عربی کے علاوہ کسی اور زبان میں خطبہ پڑھنا۔
- ۸۔ قرآن مجید پڑھنا ۔اور جوکام خطبہ سننے میں نقصان دے، یہ سب باتیں جب امام خطبہ کے ارادہ سے اپنی جگہ سے کھڑا ہوکر چل دے مکروہ ہیں۔

