Skip to content

   

Sawm — chapter 3 of 6

روزے کی قسمیں، نیت اور احکام

The Types and Rulings of Fasting

Fard, wajib and sunnah fasts, the five days on which fasting is forbidden, the seven recognised exemptions from the Ramadan fast, when the niyyah must be made, what breaks a fast, and the kaffarah when a Ramadan fast is broken deliberately.

ماخذ: اركان اسلام (روزوں کا بیان) — مولانا محمد عمران اشرف عثمانی، رمضان کی عظمت، حرمت اور فضیلت، رمضان کی قدر کیسے کریں؟

روزے کی قسمیں

  • فرض معین: رمضان کے روزے، جو ہر سال صرف رمضان ہی میں ادا کیے جاتے ہیں۔
  • فرض غیر معین: رمضان کے قضا روزے، جو عیدین اور ایام تشریق کے سوا سال میں کبھی بھی رکھے جا سکتے ہیں۔
  • واجب: نذر یا منت کے روزے۔
  • سنت و مستحب: وہ ایام جن میں نبی کریم ﷺ سے روزہ رکھنا اور اس کی ترغیب دینا ثابت ہے — مثلاً عاشورا کا روزہ، یوم عرفہ (نویں ذوالحجہ) کا روزہ، ایام بیض (ہر مہینے کی تیرہ، چودہ اور پندرہ تاریخ) کے روزے، شوال کے چھ روزے، شعبان کی پندرہویں تاریخ کا روزہ، اور پیر، جمعرات کے روزے۔
  • حرام روزے: سال میں پانچ دن ایسے ہیں جن میں روزہ رکھنا حرام ہے — عید الفطر، عید الاضحی، اور ایام تشریق (گیارہ، بارہ اور تیرہ ذوالحجہ)۔

رمضان کے روزے کس پر فرض ہیں

ہر بالغ مسلمان مرد و عورت پر رمضان کے روزے فرض ہیں۔ اس کی فرضیت کا انکار کرنے والا کافر، اور بلا عذرِ شرعی چھوڑنے والا فاسق و گناہ گار ہے، اور اس پر قضا لازم ہے۔ اس کی سنگینی کا اندازہ اس حدیث سے ہوتا ہے: «مَنْ أَفْطَرَ يَوْمًا مِنْ رَمَضَانَ مِنْ غَيْرِ رُخْصَةٍ وَلَا مَرَضٍ، لَمْ يَقْضِ عَنْهُ صَوْمُ الدَّهْرِ كُلِّهِ وَإِنْ صَامَهُ» — جو شخص سفر یا بیماری جیسے کسی شرعی عذر کے بغیر رمضان کا ایک روزہ بھی چھوڑ دے، پھر اگر وہ اس کی تلافی کے طور پر عمر بھر بھی روزے رکھتا رہے تو رمضان کے چھوٹے ہوئے اس روزے کا حق ادا نہیں ہوسکتا۔ (ترمذی: ۷۲۳)

رخصت کی صورتیں

استطاعت کے باوجود سات مخصوص عذر ایسے ہیں جن کی بنا پر رمضان کا روزہ چھوڑا جا سکتا ہے:

  • ۱۔ کم از کم اڑتالیس میل کا سفر — البتہ اگر سفر میں روزہ رکھنا دشوار نہ ہو تو رکھنا افضل ہے۔
  • ۲۔ ایسی بیماری جس میں روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہو، یا جس کے بڑھ جانے کا اندیشہ ہو۔ کوئی بیہوش ہو جائے تو جس دن رات بیہوش رہا اس کی قضا نہیں، مگر پورا رمضان بیہوش رہا تو پورے رمضان کی قضا کرے۔ پاگل پن کی حالت صحیح ہونے کے بعد قضا سے مستثنیٰ ہے۔
  • ۳۔ ایسا بوڑھا ہو جانا کہ روزہ رکھنے کی بالکل طاقت نہ رہے — ایسی صورت میں ایک روزے کے بدلے پونے دو سیر گندم یا اس کی قیمت کا فدیہ دینا واجب ہے۔
  • ۴۔ حمل، جب عورت یا حمل کو روزے سے نقصان کا خوف ہو۔
  • ۵۔ دودھ پلانا، جب دودھ پلانے والی یا بچے کو نقصان کا امکان ہو۔
  • ۶۔ روزے سے اس قدر بھوک یا پیاس کا غلبہ ہو کہ جان جانے کا اندیشہ ہو۔
  • ۷۔ حیض و نفاس کی حالت میں روزہ رکھنا جائز نہیں۔

نمبر ۴ سے ۷ تک کسی بھی عذر کی وجہ سے روزہ چھوڑا جائے تو عذر ختم ہونے کے بعد ان کی قضا لازم ہے۔ اگر عذر دن کے درمیان ختم ہو جائے — مثلاً عورت صبح یا دوپہر کو حیض سے پاک ہو جائے — تو باقی دن روزہ داروں کی طرح کچھ نہ کھائے پیئے، اور پھر اس دن کی قضا بھی کرے۔ اور اگر اچانک ایسی سخت بیماری پیش آ جائے کہ بھوک پیاس یا دوا نہ لینے سے ہلاک ہونے کا خوف ہو تو روزہ توڑنا جائز ہے، بعد میں صرف قضا کرے، کفارہ واجب نہیں۔

نیت کا وقت

رمضان، نذر معین، سنت اور نفل روزوں کی نیت رات سے لے کر روزے کے نصف دن تک کی جا سکتی ہے — یعنی صبح صادق سے مغرب تک کے وقت کو دو حصوں میں تقسیم کر لیا جائے تو پہلے حصے کے ختم ہونے سے پہلے نیت کرنا ضروری ہے۔ البتہ قضا اور نذر غیر معین کے روزے کی نیت صبح صادق سے پہلے ہی کرنا ضروری ہے۔ نیت دل سے روزے کے ارادے کا نام ہے، تاہم زبان سے بھی کہہ دینا بہتر ہے۔

روزہ توڑنے والے امور

روزے کی حالت میں جان بوجھ کر کھانے پینے یا ازدواجی تعلق سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے، البتہ بھولے سے کھا پی لینے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ منہ میں دانتوں کے درمیان چنے کے دانہ سے چھوٹا غذا کا کوئی حصہ نگل لیا جائے تو بھی روزہ نہیں ٹوٹتا۔ رمضان کے مہینے میں جان بوجھ کر روزہ توڑنے سے کفارہ اور قضا دونوں واجب ہوتی ہیں، جبکہ رمضان کے علاوہ کسی اور مہینے میں روزہ توڑنے سے صرف قضا واجب ہے، کفارہ نہیں۔

روزے کا کفارہ

رمضان کا روزہ جان بوجھ کر توڑنے کا کفارہ یہ ہے کہ دو مہینے لگاتار روزے رکھے جائیں — اگر بیچ میں چھوٹ گئے تو از سرِ نو رکھے جائیں۔ البتہ اگر کسی شخص میں بیماری یا بڑھاپے کی وجہ سے یہ طاقت بالکل نہ ہو تو کفارہ یہ ہے کہ ساٹھ مسکینوں کو ایک دفعہ، یا ایک مسکین کو ساٹھ دن تک دونوں وقت پیٹ بھر کر کھانا کھلائے، یا پونے دو سیر گندم یا اس کی قیمت دے دے۔ اگر زندگی میں یہ ادا نہ کر سکے تو وصیت کرے کہ اس کے ترکے سے کفارہ ادا کر دیا جائے، تاکہ ورثاء اس کے مال وراثت سے فدیہ ادا کر دیں۔ ایسی وصیت کی صورت میں اگر ترکے کے ایک تہائی سے کفارہ ادا ہو سکتا ہے تو ورثاء پر فدیہ ادا کرنا واجب ہوگا، اور اگر ایک تہائی کافی نہ ہو تو اس سے زائد ادا کرنا ورثاء پر واجب نہیں — البتہ کوئی وارث باقی ماندہ کفارہ از خود ادا کر دے تو جائز بلکہ اچھا ہے۔

روزے کے مستحبات

  • سحری کھانا — نبی کریم ﷺ نے فرمایا: سحری کھایا کرو، کیونکہ سحری کھانے میں برکت ہے، اور ہمارے اور اہل کتاب کے روزے کے درمیان یہی فرق ہے۔
  • رمضان اور نفل روزے کی صبح صادق سے پہلے نیت کرنا۔
  • افطار میں جلدی کرنا — آپ ﷺ نے فرمایا: لوگ ہمیشہ خیر پر رہیں گے جب تک کہ افطار میں جلدی کرتے رہیں گے۔
  • کھجور یا پانی سے افطار کرنا۔

روزے کے مکروہات

  • غیبت وغیرہ ہر ناجائز کام سے روزے میں خاص طور پر پرہیز کرنا چاہیے، ورنہ روزہ صرف فاقہ بن جاتا ہے اور اس کی روح حاصل نہیں ہوتی۔
  • گوند وغیرہ چبانا۔
  • کوئی چیز صرف زبان سے چکھنا۔
  • کلی یا ناک میں ضرورت سے زائد پانی ڈالنا۔
  • منجن یا ٹوتھ پیسٹ کرنا۔

افطار کی دعائیں

«اللَّهُمَّ لَكَ صُمْتُ وَبِكَ آمَنْتُ وَعَلَيْكَ تَوَكَّلْتُ وَعَلَى رِزْقِكَ أَفْطَرْتُ» — اے اللہ میں نے آپ کے لئے روزہ رکھا، اور آپ پر ایمان لایا اور آپ پر بھروسہ کیا اور آپ کے رزق پر افطار کیا۔

یہ دعائیں بھی منقول ہیں: «ذَهَبَ الظَّمَأُ وَابْتَلَّتِ الْعُرُوقُ وَثَبَتَ الْأَجْرُ إِنْ شَاءَ اللَّهُ» — پیاس جاتی رہی، انتڑیاں تربتر ہوگئیں اور اجر ان شاء اللہ ثابت ہوگیا۔ اور: «اَللّٰهُمَّ لَكَ صُمْتُ وَعَلٰى رِزْقِكَ أَفْطَرْتُ» — اے اللہ! میں نے تیرے لیے روزہ رکھا اور تیرے رزق سے افطار کیا۔