بسم اللّه الرحمن الرحيم
(۱) سوال :ایک مسئلہ یہ ہے کہ کسی عالم یا مفتی کا ہم ملاقات کرتے وقت ہاتھ چوم سکتے ہیں؟
جواب:جی ہاں! مستحقِ تعظیم شخص (جیسے والدین، اساتذہ، مرشد اور دیگر قابلِ احترام لوگوں) کے ہاتھ کو تعظیماً چومنا جائز ہے، البتہ دنیوی غرض کے لیے یا بطورِ عبادت کسی کا بھی ہاتھ چومنا جائز نہیں ہے۔
(۲) سوال:بعض لوگ اپنے استاد یا بزرگ یا کسی كو بھی سلام کرتے ہوئے تھوڑا جھک جاتے ہیں،تو اس طرح جھک كر سلام کرنا کیسا ہے؟
جواب:استاد، بزرگ یا کسی بھی صاحبِ عظمت شخص کو احتراماً جھک کر سلام کرنا مکروہ ہے، اس سے اجتناب کیا جائے۔
(۳) سوال:بڑے بڑے شہروں میں سڑکوں پر ٹریفک سگنلز کے قریب جب بھی گاڑی روکو تو گاڑی پر فقیروں کی یلغار ہو جاتی ہے، اور وہ جو چند سیکنڈ کے لئے گاڑی رکتی ہے تو وہ فقیر جینا حرام کر دیتے ہیں، اور ان میں سے اکثر ہٹے کٹے ہوتے ہیں، اس بارے میں رہنمائی فرما دیں،کیا اس طرح کے فقیروں کو دینا جائز ہے؟
جواب:ایسے لوگ جو حقیقت میں ضرورت مند اور محتاج نہ ہوں بلکہ بھیک مانگنا ان کا پیشہ بن گیا ہو، ان کے لیے بھیک مانگنا حرام اور ان کو دینا ناجائز ہے، لہٰذا صورت مسؤلہ میں شہروں میں سڑکوں پر ٹریفک سگنلز کے قریب جو لوگ بھیک مانگتے ہیں اور ان کے بارے میں کوئی جانتا ہو کہ یہ فقیر نہیں، بلکہ پیشہ ور ہیں، تو ان کو بھیک نہیں دینا چاہئے۔
(۴) سوال:میرا سوال یہ ہے کہ حدیث کے مطابق صدقہ بلاؤں کو ٹالتا ہے تو کیا زکوۃ کے ذریعہ بھی بلائیں ٹل سکتی ہیں جو کہ فرض صدقہ ہے؟
جواب:زکوۃ سے بھی بلاؤں کے ٹلنے کی امید رکھنی چاہیے بعض علماء نے صدقہ کو عام رکھا ہے خواہ واجبہ ہو یا نافلہ۔
(۵) سوال:ایمان سیکھنا کتنا لازم ہے؟
جواب:اللہ پر اس کی وحدانیت پر ایمان لانا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی رسالت پر ایمان لانا، اللہ کی بھیجی ہوئی تمام آسمانی کتابوں پر ایمان لانا، اس کے بھیجے ہوئے تمام رسولوں اور نبیوں پر ایمان لانا، اللہ کے تمام فرشتوں پر ایمان لانا، تقدیر پر ایمان لانا، بھلا ہو یا برا سب اللہ ہی کی طرف سے ہے، مرنے کے بعد دوبارہ اٹھائے جانے پر ایمان لانا، اور نماز پڑھنا، زکوٰۃ دینا، روزہ رمضان رکھنا، حج کرنا۔ یہ سب موٹی موٹی بنیادی چیزیں ہیں جو فرض کا درجہ رکھتی ہیں۔ پھر ان کے مسائل سے واقفیت رکھنا جو واجب کا درجہ رکھتے ہیں۔ پھر ان کی تفصیلات کا علم حاصل کرنا یہ مستحب کا درجہ ہے۔
فقط واللّہ اعلم
Does this apply to your situation?
A general answer cannot account for every circumstance. If your case differs, send the details and ask directly.
Ask Mufti Arbab
